Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈنمارک کے بیڈمنٹن لیجنڈ وکٹر ایکسیلسن نے ۳۲؍ برس کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

Updated: April 15, 2026, 7:03 PM IST | Beijing

ڈنمارک کے مایہ ناز بیڈمنٹن کھلاڑی وکٹر ایکسیلسن نے کمر کی مسلسل تکلیف کے باعث ۳۲؍سال کی عمر میں پیشہ ورانہ بیڈمنٹن سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔

Viktor Axelson.Photo:INN
وکٹر ایکسیلسن- تصویر:آئی این این

ڈنمارک کے مایہ ناز بیڈمنٹن کھلاڑی وکٹر ایکسیلسن نے کمر کی مسلسل تکلیف کے باعث ۳۲؍سال کی عمر میں پیشہ ورانہ بیڈمنٹن سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔دو بار کے اولمپک چیمپئن نے سوشل میڈیا پر لکھا’’آج کا دن میرے لیے آسان نہیں ہے...‘‘ انہوں نے اپنی پرانی چوٹ سے نمٹنے کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ’’اینڈوسکوپک سرجری، متعدد انجیکشن، ٹریننگ کے نئے طریقے، علاج اور طویل عرصے تک درد سے چھٹکارا پانے کی ہر ممکن کوشش کرنے کے بعد، اب مجھے اپنی طویل مدتی صحت پر توجہ دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔‘‘
ایسیلسن کا کیریئر شاندار کامیابیوں سے بھرا رہا ہے، جس نے بیڈمنٹن کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ان کا نام مستحکم کر دیا۔ انہوں نے بی ڈبلیو ایف مینس سنگلز ورلڈ نمبر وَن کے طور پر مجموعی طور پر۱۸۳؍ ہفتے گزارے، جس میں انہوں نے دو اولمپک گولڈ میڈل، دو ورلڈ چیمپئن شپ ٹائٹلز اور تین یورپی چیمپئن شپ کے اعزازات جیتے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈنمارک کو تھامس کپ جیتنے میں بھی کلیدی مدد فراہم کی۔

یہ بھی پڑھئے:’’راجا شیواجی‘‘ سے رتیش دیشمکھ کا بڑا قدم، یہ فلم مراٹھی سنیما کا مستقبل بدل سکتی ہے


اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے سفر کا تذکرہ کرتے ہوئے، بیڈمنٹن اسٹار نے شکریہ اور فخر کا اظہار کیا۔ ’’جس دن میں نے پہلی بار ریکیٹ اٹھایا تھا، مجھے معلوم تھا کہ میرا خواب دنیا کا بہترین کھلاڑی بننا ہے۔ میں نے ہر دن، ہر سیشن اور ہر میچ میں اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اس کھیل کو اپنا سب کچھ دے دیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا’’یہ میرے لیے کبھی محض ایک کیریئر نہیں رہا، بلکہ یہ میری زندگی رہی ہے اور میں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:روہت نیٹس میں نہیں گئے، لیکن ہیمسٹرنگ میں کھنچاؤ کی کوئی تصدیق نہیں


ایسیلسن نے واضح کیا کہ پیشہ ورانہ بیڈمنٹن سے سبکدوش ہونے کا مطلب کھیل کو مکمل طور پر چھوڑنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا’’اگرچہ یہ بطور بیڈمنٹن کھلاڑی وکٹر ایکسیلسن کو الوداع ہے، لیکن میں اس کھیل کو ہمیشہ کے لیے الوداع نہیں کہہ رہا ہوں۔ میں کسی نہ کسی صورت ہمیشہ آپ کے ساتھ رہوں گا۔ میں نے بیڈمنٹن کو سب کچھ دیا اور بیڈمنٹن نے مجھے سب کچھ واپس دیا۔‘‘ اگرچہ ان کے مستقبل کے حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں ہوا، لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کوچنگ، پروموشن یا نوجوانوں کی تربیت جیسے شعبوں کے ذریعے کھیل سے وابستہ رہیں گے۔ ان کے ریٹائرمنٹ نے بیڈمنٹن کی دنیا میں ایک عہد کا خاتمہ کر دیا ہے، جہاں ایکسیلسن کی پہچان ہمیشہ ایک عظیم چیمپئن کے طور پر رہے گی، جن کی کارکردگی سے ہندوستان سمیت پوری دنیا کے کھلاڑی متاثر ہوتے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK