Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈیوڈ ملر نے وریندر سہواگ کا ۲۳؍سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

Updated: March 07, 2025, 12:11 PM IST | Agency | Lahore

جنوبی افریقہ کے بلے باز نے چمپئن ٹرافی کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

South African batsman David Miller completed his century off 67 balls. Photo: INN
جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر نے ۶۷؍گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ تصویر: آئی این این

جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر نے چمپئن ٹرافی میں ہندوستان کے سابق جارح بلے باز وریندر سہواگ کا ۲۳؍سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ ڈیوڈ ملر نے گزشتہ روز پاکستان کے قدافی اسٹیڈیم میں چمپئن ٹرافی کے سیمی فائنل مقابلےمیں نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی چمپئن ٹرافی کی تاریخ میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر نے نیوزی لینڈ کے ۳۶۳؍ رنوں کے تعاقب میں میچ کی آخری گیند پر ۲؍ رن لے کر ۶۷؍گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی حالانکہ ان کی یہ کوشش ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام ثابت ہوئی۔ 
  جنوبی افریقہ بھلے ہی نیوزی لینڈ کے خلاف یہ مقابلہ ہار گئی لیکن ڈیوڈ ملر نے چمپئن ٹرافی کی تاریخ میں تیز ترین سنچری اسکور کرنے والے بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے اپنی ۶۷؍ گیندوں پر ۱۰۰؍ رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز میں ۱۰؍چوکے اور ۴؍چھکے مارے۔ 
 واضح رہے کہ چمپئن ٹرافی میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ ہندوستان کے سابق افتتاحی بلے باز وریندر سہواگ کے نام تھا جنہوں نے ۲۰۰۲ءمیں انگلینڈ کے خلاف کولمبو میں ۷۷؍گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ اس کے بعدموجودہ چمپئن ٹرافی میں ہی گزشتہ ماہ ۲۲؍فروری کو لاہور میں آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس نے بھی انگلینڈ کے خلاف ۷۷؍گیندوں پر سنچری بنا کر سہواگ کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے شکھر دھون نے جنوبی افریقہ کے خلاف ۲۰۱۳ء میں ۸۰؍گیندوں پر سنچری بنائی تھی جبکہ ۲۰۰۹ء میں سری لنکا کے تلک رتنے دلشان نے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف۸۷؍گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی تھی۔ 
 اپنی اننگز پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے بلے باز نے کہا کہ سنچری بنانا ہر بلے باز کو اچھا لگتا ہے لیکن اگر میری یہ کوشش ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرتی تو خوشی اور بڑھ جاتی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK