• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈی کاک کی طوفانی بلے بازی ،جنوبی افریقہ نے ۲۱۳؍رن بنائے

Updated: December 12, 2025, 1:15 PM IST | Agency | Milanpur

ٹی۔۲۰؍سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ٹیم کے بلے بازوں نے ہندوستانی گیندبازی کی دھنائی کرتے ہوئے ۱۵؍چھکے اور ۱۰؍چوکے لگائے۔

Quinton de Kock gave South Africa a brilliant start by scoring 90 runs off 46 balls. Picture: PTI
کوئنٹن ڈی کاک نے ۴۶؍گیندوں پر ۹۰؍رن بناکر جنوبی افریقہ کو شاندار شروعات فراہم کی۔ تصویر:پی ٹی آئی
 جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک نے دوسرے ٹی ۲۰؍بین الاقوامی میچ میں ہندوستان کے خلاف محض ۴۶؍ گیندوں پر ۹۰؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی، جس کی بدولت مہمان ٹیم نے مقررہ ۲۰؍ اوور میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۱۳؍رنوں کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کر دیا۔ڈی کاک، جو اپنے بہترین فارم میں دنیا کے سب سے پُرکشش بلے بازوں میں سے ایک ہیں، نے ایک ہموار پچ پر اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے زیادہ تر چھکوں میں ڈیل کیا اور ان کے ۷؍ چھکوں میں سے بیشتر ڈیپ اسکوائر لیگ کے علاقے میں لگے۔
ٹاس جیت کر ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ سیریز کے پہلے میچ میں ڈی کاک کو آؤٹ کرنے والے عرشد یپ سنگھ کو جمعرات کو ڈی کاک کے غصے کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈی کاک نے عرشد یپ کو پِک اَپ شاٹ سے چھکا لگایا، اس کے بعد اسی اوور میں لیفٹ آرم تیز گیند باز کو ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر سے ایک اور چھکا لگایا۔جسپریت بمراہ نے بھی اپنے دوسرے اوور میں ۱۶؍ رن دیئے جب ریزا ہینڈرکس نے ان کی گیندکو  جارحانہ انداز میں چھکے کے لئے پُل کر دیا ۔ اگرچہ ہینڈرکس اگلے ہی اوور میں ورون چکرورتی کی گیند پر آؤٹ ہو کر ٹیم انڈیا کو پہلی کامیابی دلائی، لیکن کوئنٹن ڈی کاک نے گیند بازوں پر دباؤ برقرار رکھا اور ٹیم کو پاور پلے میں ایک وکٹ پر۵۳؍رنوںتک پہنچا دیا۔
گیارہویں اوور میں دوبارہ گیندبازی کے لئے   لائے گئے عرشد یپ سنگھ دباؤ میں اپنا توازن کھو بیٹھے جب ڈی کاک نے انہیں چھکا لگایا۔ اس کے بعد ہندوستانی تیز گیند باز نے وائڈ یارکر پھینکنے کی کوشش کی لیکن بری طرح ناکام رہے اور ایک ہی اوور میں ۷؍ وائڈ کے ساتھ مجموعی طور پر ۱۸؍ رن لٹا دئیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوںنے ایک اوور میں ۷؍وائڈ ڈالنے کا ریکارڈ بربار کر لیا۔جنوبی افریقی اوپنر یقینی طور پر اپنے ٹی ۔۲۰؍ کریئر میں دوسری بار ۱۰۰؍ کا ہندسہ عبور کرتے نظر آ رہے تھے لیکن ایک غیر معمولی انداز میں رن آؤٹ ہو گئے۔ سنگل لینے کی کوشش میں وکٹ کیپر جتیش شرما نے انہیں رن آؤٹ کر دیا اور وہ ۹۰؍ رنوں پر پویلین لوٹ گئے۔ڈی کاک کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی بڑے ہِٹس کا سلسلہ جاری رہا۔ ڈونووان فیریرا( ۳۰؍ناٹ آؤٹ، ۱۶؍گیند) اور تجربہ کار ڈیوڈ ملر (۱۲؍گیندوں پر ۲۰؍رن)نے ڈیتھ اوورز میں ہندوستان کو مزید نقصان پہنچایا۔ عرشد یپ کے نئے گیند کے ساتھی جسپریت بمراہ کا بھی دن اچھا نہیں رہا، جنہوں نے ۲۰؍ ویں اوور میں فیریرا کے ہاتھوں ۲؍ چھکے لگنے کے بعد مزید ۱۸؍ رن دیئے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے آخری ۱۰؍ اوور میں مجموعی طور پر ۱۲۳؍رن لٹائے۔جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کے دوران ۱۵؍چھکے اور ۱۰؍چوکے لگائے۔ٹیم انڈیا کے گیند باز عرشدیپ سنگھ نے اپنے ۴؍اوور میں ۵۴؍رن دئیے  جبکہ  بمراہ نے بھی ۴؍اوور کی گیندبازی میں ۴۵؍رن لٹا دئیے۔سب سے کفایتی گیندبازی ورون چکرورتی نے کی جنہوںنے ۲۹؍رن دے کر ۲؍وکٹیں حاصل کیں۔اکشر پٹیل نے ۳؍اوور میں ۲۷؍رن دے کر ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ ہاردک پانڈیا نے ۳؍اوور میں ۳۴؍جبکہ شیوم دوبے نے ۲؍ اوور میں ۱۸؍رن دئیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK