• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گولڈ میڈل کیلئے آج ہندوستان اور سری لنکا میں ٹکر

Updated: September 22, 2026, 1:27 PM IST | Agency | Nisshin

ایشین گیمز کے کرکٹ کے فائنل میں ہندوستان کی خاتون ٹیم کا پلڑا بھاری رہنے کی امید،ہرمن اینڈ کمپنی کو اٹاپٹو سے محتاط رہنے کی ضرورت۔

Indian players will have to deliver an all-round performance against Sri Lanka to win the gold medal. Photo: PTI
ہندوستانی کھلاڑیوں کو گولڈ میڈل جیتنے کے لئے سری لنکا کے خلاف آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تصویر: پی ٹی آئی
ہندوستان کا ایشیائی کھیلوں میں خواتین کی کرکٹ پر غلبہ برقرار رہنے کی امید ہے، لیکن منگل کو ہونے والے فائنل میں دفاعی چمپئن کو سخت ٹکر دینے کے ارادے سے سری لنکا کی ٹیم میدان میں اترے گی۔ہندوستان کی خواتین اور مردوں دونوں ٹیموں کے ایک بار پھر پوڈیم کے ٹاپ پر پہنچنے کی توقع ہے اور صرف انتہائی خراب کارکردگی ہی انہیں گولڈ میڈل سے محروم کر سکتی ہے۔
ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے جاپان اور بنگلہ دیش کے خلاف شاندار فتوحات درج کر کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔منگل کو گولڈ میڈل جیتنے سے خطے میں  ہندوستان کی بالادستی مزید مستحکم ہوگی۔  ٹیم انڈیا نے اس ماہ کے شروع میں ایشیا کپ کے فائنل میں بھی سری لنکا کو شکست دی تھی۔سری لنکا ماضی میں ہندوستان کو ہرا چکا ہے لیکن حالیہ برسوں میں  ہندوستان اور دیگر ایشیائی ٹیموں کے درمیان فرق بڑھ گیا ہے۔
کپتان چامری اٹاپٹو کی ۵۰؍ گیندوں پر ۸۳؍رنوں کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ایک مشکل ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا تھا۔ہندوستان جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دینے کے لئے سری لنکا کو اسی طرح کی کچھ بہترین کارکردگی کی ضرورت ہوگی۔ سری لنکا کی امیدیں کافی حد تک کپتان چامری اٹاپٹو  پر ٹکی ہیں، جو۲؍میچوں میں ۱۴۶؍ رن بنا کر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والی کھلاڑی ہیں۔ وہ ۳؍ وکٹ لے کر اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹ لینے والی گیند باز بھی ہیں۔
 
 
ٹیم انڈیا  تمام شعبوں میں شاندار فارم میں ہے۔اوپننگ بلے باز، خاص طور پر  شیفالی ورما زبردست فارم میں ہیں، جبکہ ٹیم مینجمنٹ تیسرے نمبر کے بیٹنگ آرڈر کے ساتھ مسلسل تجربات کر رہا ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل میں جی کمالنی کو تیسرے نمبر پر اتارا گیا تھا جبکہ جاپان کے خلاف اسی مقام پر بھارتی پھولمالی کو آزمایا گیا تھا۔ ٹورنامنٹ میں اب تک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہنے والی کمالنی نے کوارٹر فائنل میں شیفالی کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا۔کپتان ہرمن پریت کور ایشیا کپ میں اپنی بہترین فارم میں نہیں تھیں اور ان کے پرستاروں کو امید ہوگی کہ اس اہم فائنل میں وہ اپنا پرانا فارم حاصل کر لیں گی۔پہلے ۲؍ مقابلوں کو دیکھتے ہوئے  ہندوستان کے لئے زیادہ تر وکٹیں اسپن گیند بازوں نے حاصل کی ہیں اور فائنل میں بھی اس سلسلے کے جاری رہنے کی توقع ہے۔دیپتی شرما شاندار فارم میں ہیں اور انہیں سری چرنی کا اچھا ساتھ مل رہا ہے۔ تیز گیند بازی کے شعبے میں نندنی شرما نے بھی متاثر کیا ہے۔
۱۰؍دنوں میں دوسرا فائنل!
ہندوستان اور سری لنکا اس ماہ کسی بڑے کانٹینینٹل خطاب کے لئے آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں ۱۰؍ دن سے بھی کم وقت پہلے دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل میں مدمقابل ہوئی تھیں۔ اس میچ میں اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے نصف سنچریاں بنائی تھیں اور ہرمن پریت کور کی ٹیم نے آسانی سے ۷۲؍  رنوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

لنکا کے خلاف ٹیم انڈیا کو برتری حاصل

ٹی۔۲۰؍ میں ہندوستان کا سری لنکا  کے خلاف پلڑا بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ۳۱؍میچوں میں سے  ٹیم انڈیا نے ۲۵؍ جیتے ہیں۔ سری لنکا نے ۵؍ میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ سری لنکا کے خلاف ہندوستان مسلسل ۷؍ میچ جیت چکا ہے اور اسے آخری شکست ۲۰۲۴ءمیں ملی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK