• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نشانہ بازی: ہمانشو ڈھلوں کا ڈبل دھماکہ، ۲؍سلور میڈل جیتے

Updated: September 22, 2026, 1:43 PM IST | Agency | Nagoya

ہندوستانی شوٹر نے ۱۰؍میٹر ایئر رائفل کے انفرادی اور ٹیم مقابلے میںچاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

From right: Indian shooters Parth Rakesh Mane, Himanshu Dhillon, and Rudrankksh Patil displaying their medals. Photo: PTI
دائیں سے: ہندوستانی نشانہ بازپارتھ راکیش مانے، ہمانشو ڈھلوں اور رُدراکش پاٹل اپنے میڈل دکھاتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستان کے ہمانشو ڈھلوں نے پیر کو ایشیائی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے ۱۰؍ میٹر ایئر رائفل مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ رُدراکش پاٹل نے کانسے کا تمغہ جیت کر ان کے ساتھ پوڈیم پر جگہ بنائی۔اس سے پہلے ہمانشو اور رُدراکش نے پارتھ مانے کے ساتھ مل کر آئیچی پری فیکچرل جنرل شوٹنگ گیلری میں مردوں کے ۱۰؍ میٹر ایئر رائفل ٹیم مقابلے میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ پیر کوملنے والے ان ۳؍تمغوں کے ساتھ ایشیائی کھیل ۲۰۲۶ءمیں نشانہ بازی میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد بڑھ کر ۵؍ ہو گئی۔ نشانے بازی کے مقابلے کے پہلے دن ایلاوینل والاریوان اور ہندوستانی خواتین کی ۱۰؍ میٹر ایئر رائفل ٹیم نے چاندی کے تمغے جیتے تھے۔

مردوں کے ۱۰؍میٹر ایئر رائفل انفرادی فائنل میں ہمانشو نے سخت مقابلے میں رُدراکش کو ۱ء۰؍پوائنٹ سے پیچھے چھوڑ دیا۔ ہمانشو نے ۴ء۲۵۲؍کا اسکور کیا جبکہ موجودہ اولمپک چمپئن اور دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی چین کے شینگ لی ہاؤ نے طلائی تمغہ جیتا اور کامیابی کے ساتھ اپنا ایشیائی کھیلوں کا خطاب برقرار رکھا۔

یہ بھی پڑھئے: سوچیکا تریال نے کانسے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی

انفرادی فائنل میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملے۔ رُدراکشی شروع میں آگے چل رہے تھے اور ۱۴؍شاٹس کے بعد ۲ء۱۴۸؍کے اسکور کے ساتھ برتری بنائے ہوئے تھے جبکہ شینگ لی ہاؤ ۷ء۱۴۷؍ اور ہمانشو ۱۴۷ء۴؍کے اسکور کیساتھ ان کے بالکل پیچھے تھے۔ اس کے بعد ہمانشو ڈھلوں نے ۱۰ء۹؍کا اسکور کرکے ردراکش پاٹل سے فرق کو ۱ء۰؍پوائنٹ تک کم کردیا لیکن ۱۶؍ شاٹس کے بعد شینگ لی ہاؤ آگے نکل گئے۔

تینوں نشانے باز آہستہ آہستہ باقی حریفوں سے آگے نکل گئے اور ۲۰؍ شاٹس کے بعد شینگ لی ہاؤ ۶ء۲۱۱؍کے اسکور کے ساتھ سب سے آگے تھے۔ ردراکش پاٹل ۶ء۲۱۰؍کے اسکور کے ساتھ دوسرے مقام پر تھےجبکہ ہمانشو ڈھلوں ان سے ۶ء۰؍پوائنٹ پیچھے تھے۔رُدراکش کی ۲۱؍ویں کوشش میں ۷ء۹؍کا اسکور مہنگا ثابت ہوا اور اس سے درجہ بندی بدل گئی جس سے ہمانشو دوسرے مقام پر آگئے۔ آخرکار ردراکش۹ء۲۳۰؍کے اسکور کے ساتھ باہر ہو گئے، جو ان کے ساتھی کھلاڑی کے اسکور سے صرف ۰ء۱؍پوائنٹ کم تھا۔ اس کے بعد ہمانشو ڈھلوں نے آخری شاٹس میں شینگ لی ہاؤ کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کی لیکن چینی نشانے باز نے اپنی برتری برقرار رکھی اور ہندوستانی کھلاڑی کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان اور جاپان کے درمیان کرکٹ کا تاریخی مقابلہ

یہ نتیجہ ہمانشو کے لئے ایک شاندار سال کا اختتام تھا، جنہوں نے ۲۰۲۶ء کے آغاز میں نئی دہلی میں جونیئر مردوں کا ۱۰؍ میٹر ایئر رائفل ایشیائی خطاب جیتا تھا۔ وہیں ردراکش نے اسی چمپئن شپ میں سینئر کانٹینیٹل خطاب جیتا۔

رُدراکش سابق عالمی چمپئن بھی ہیں۔ انہوں نے قاہرہ میں ۲۰۲۲ء کی عالمی چمپئن شپ میں مردوں کا ۱۰؍ میٹر ایئر رائفل خطاب جیتا تھا۔ وہ ہانگژو ۲۰۲۳ء میں ہندوستان کی طلائی تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، جب اس ۳؍ رکنی ٹیم نے ۷ء۱۸۹۳؍کا اس وقت کا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

ٹیم ایونٹ میں چاندی

آج یہاں کھیلے گئے مقابلے میں رودراکشی پاٹل (۶۳۱ء۸)، ہمانشو ڈھلّوں (۶۳۰ء۰) اور پارتھ مانے (۶۲۸ء۳) کی سہ رکنی ٹیم نے مجموعی طور پر۱۸۹۰ء۱؍ پوائنٹ حاصل کئے، جس سے ہندوستان کو مردوں کے ۱۰؍میٹر ایئر رائفل ٹیم مقابلے میںچاندی کا تمغہ ملا۔ وہیں چین نے ۱۸۹۹؍پوائنٹ کے عالمی ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK