یانک سنر کے بعد جوکووچ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، برازیل کے ۱۹؍ سالہ فونسیکا نے تقریباً ۵؍ گھنٹے جاری رہنے والے میچ میں ہرا دیا۔
EPAPER
Updated: May 31, 2026, 4:11 PM IST | Paris
یانک سنر کے بعد جوکووچ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، برازیل کے ۱۹؍ سالہ فونسیکا نے تقریباً ۵؍ گھنٹے جاری رہنے والے میچ میں ہرا دیا۔
سربیا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ فرینچ اوپن سے باہر ہونے والے ایک اور بڑے نام بن گئے۔ انہیں برازیل کے ۱۹؍سالہ نوجوان ژاؤ فونسیکا نے تیسرے راؤنڈ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔فونسیکا نے ۲؍ سیٹ کے نقصان کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے ۲۴؍مرتبہ کے گرینڈ سلیم چمپئن جوکووچ کو کورٹ فلپ شاتریے پر ۴؍ گھنٹے ۵۳؍ منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں۶۔۴،۶۔۴ ، ۳۔۶، ۷۔۵،۷۔۵؍ سے شکست دی۔اس کامیابی کے ساتھ فونسیکا گرینڈ سلیم مقابلے میں جوکووچ کو شکست دینے والے پہلے ٹین ایجر بن گئے جبکہ وہ پہلی بار کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں بھی پہنچ گئے۔
میچ کے بعد فونسیکا نے کہا’’میں صرف گیند کو زیادہ سے زیادہ طاقت سے مارنے کی کوشش کر رہا تھا۔ جوکووچ غلطیاں نہیں کرتے اور مجھے اب بھی لگتا ہے کہ وہ ۲۰؍ سال کے نوجوان ہیں۔ان کے خلاف کامیابی حاصل کرنا قابل فخر ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ساتوک۔ چراغ سنگاپور اوپن کے سیمی فائنل میں داخل
ریکارڈ ۲۵؍ویں گرینڈ سلیم سنگلز خطاب کی تلاش میں جوکووچ نے شکست کے باوجود اپنے نوجوان حریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا’’اس فتح کا اصل حق دار فونسیکا ہے۔ اہم مواقع پر وہ مجھ سے بہتر کھلاڑی ثابت ہوئے۔‘‘واضح رہے کہ الکاراز کی غیر موجودگی اور یانک سنر کے ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے کے بعد امید کی جا رہی تھی کہ ۳۹؍سالہ نوواک جوکووچ خطاب جیت کر ۲۵؍ واں گرینڈ سلیم حاصل کر لیںگے لیکن ان کا خواب ادھورا رہ گیا۔یاد رہے کہ نوواک جوکووچ کی رخصتی سے ایک دن قبل عالمی نمبر ایک یانک سِینر کو ارجنٹائنا کے خوان مانوئل سرونڈولو کے ہاتھوں دوسرے راؤنڈ میں حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دفاعی چمپئن کارلوس الکاراز پہلے ہی کلائی کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ الکاراز، سِینر اور جوکووچ کے باہر ہونے کے بعد مردوں کے ڈرا کی صورتحال یکسر بدل گئی ہے اور اب یہ طے ہو گیا ہے کہ رولاں گیروں کو اس سال نیا مرد گرینڈ سلیم چمپئن ملے گا۔
وہیں الیگزینڈر زویریو نے فرانس کے کوینٹن ہالیس کو شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی اور اپنے خطاب کی امیدیں برقرار رکھیں۔ گزشتہ سال کے رنر اپ زویریو اب خطاب کے مضبوط دعویداروں میں شمار کئے جا رہے ہیں۔