• Wed, 21 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امسال آئی پی ایل کے بعد دہلی پرووالی بال لیگ کا جلوہ بکھرےگا

Updated: January 21, 2026, 3:48 PM IST | Agency | New Delhi

دو سابق والی بال کھلاڑیوں، نیتی راوت اور جسودا گلیا نے اس لیگ کی بنیاد رکھی ہے جس کا مقصد ملک میں والی بال کے ٹیلنٹ کو نکھارنا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
دارالحکومت دہلی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے امسال پہلی بار دہلی پرو والی بال لیگ (ڈی پی وی ایل)کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا  ہے ۔ ہندوستان کی دو سابق والی بال کھلاڑیوں، نیتی راوت اور جسودا گلیا نے اس لیگ کی بنیاد رکھی ہے، جس کا مقصد ملک میں والی بال کے ٹیلنٹ کو نکھارنا ہے۔ منگل کو نئی دہلی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں نامور سابق و موجودہ کھلاڑیوں ، کوچز اور عہدیداروں کی موجودگی میں اس لیگ کا لوگو اور منصوبہ پیش کیا گیا۔ دہلی اولمپک اسوسی ایشن کے صدر اور والی بال کے ستون سمجھے جانے والے کلدیپ وتس نے نیتی اور جسودا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ’’دہلی پرو والی بال لیگ ایک منفرد پہل ہے۔ نیتی اور جسودا دہلی والی بال کے لیے ایک سنہرا خواب لے کر آئی ہیں اور دہلی والی بال ایسوسی ایشن اسے کامیاب بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔ اس لیگ سے نئی صلاحیتیں سامنے آئیں گی اور بچوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔‘‘لیگ کا فارمیٹ اور مقام لیگ کی بانی نیتی راوت نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ  لیگ کی تاریخ  کا آغاز کرکٹ کے آئی پی ایل کے اختتام کے بعد کیا جائے گا ۔ پہلے ایڈیشن میں کل ۶؍ ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ ہر ٹیم میں ۵۰؍فیصد کھلاڑی دہلی سے اور باقی۵۰؍ فیصد پورے  ہندوستان سے منتخب کیے جائیں گے۔ فاتح اور رنر اَپ ٹیموں کے لیے خطیر نقد انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ لیگ کے مقابلے آئی جی  اسٹیڈیم یا  تیاگ راج اسٹیڈیم میں منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
اس دوران و الی فیڈریشن آف انڈیا (وی ایف آئی) کے جوائنٹ سیکریٹری کلدیپ وتس نے ٹال کٹورا اسٹیڈیم کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے این ڈی ایم سی(این ڈی ایم سی) اور مرکزی وزیر  داخلہ سے اپیل کی کہ اسٹیڈیم میں والی بال پولز لگانے کا انتظام دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ بڑے پیمانے پر ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر پلانی میں منعقدہ نیشنل جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں رنر اپ رہنے والی دہلی کی بوائز ٹیم کے ہر کھلاڑی کو۵؍ہزار روپے نقد انعام دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔ اس کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی دہلی کی گرلز ٹیم کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔دہلی والی بال اسوسی ایشن کے صدر سدھیر وتس نے بھی یقین دلایا کہ کلدیپ وتس کے طویل تجربے کی بدولت یہ لیگ ایک بہترین اور یادگار ایونٹ ثابت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK