ہانگ کانگ سے شکست کے بعد سابق کھلاڑیوں نے برہمی کا اظہار کیا، بائیچنگ بھوٹیا نےکہا کہ کلیان چوبےفٹبال کو برباد کر رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: June 13, 2025, 12:56 PM IST | Agency | Kolkata
ہانگ کانگ سے شکست کے بعد سابق کھلاڑیوں نے برہمی کا اظہار کیا، بائیچنگ بھوٹیا نےکہا کہ کلیان چوبےفٹبال کو برباد کر رہے ہیں۔
فٹ بال کے میدان پر ہندوستان کی گرتی ہوئی کارکردگی سے ناراض، سابق کرشماتی کپتان بائچنگ بھوٹیا نے قومی فیڈریشن پر کھیل کو تباہ کرنے کا الزام لگایا ہے، جبکہ کچھ دیگر ماہرین نے موجودہ نظام کو سڑا گلا اور `تکبرسے پُرا قرار دیا ہے۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) اور اس کے صدر کلیان چوبے پر بھوٹیا نے شدید حملہ اے ایف سی ایشیائی کپ کوالیفائر کے تیسرے راؤنڈ میں نچلی رینکنگ والی ہانگ کانگ کے خلاف ایک صفرکی چونکا دینے والی شکست کے ایک دن بعد کیا ہے۔
بھوٹیا نے کہا’’یہ دیکھنا بہت صدمہ اور تکلیف کی بات ہے کہ ہم اب ایشیا کپ کیلئے بھی کوالیفائی کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کے لئے ہم باقاعدگی سے کوالیفائی کرتے رہے ہیں۔ ازبکستان، انڈونیشیا اور اردن جیسے ممالک ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے چوبے کے استعفے اور ہندوستانی فٹ بال میں ڈھانچہ جاتی تبدیلیوں کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے میدان پر خراب کارکردگی اور میدان سے باہر کی افراتفری کو گہرے تعفن کی علامت قرار دیا۔
موجودہ ہندوستانی ہیڈ کوچ منولو مارکیز انڈین سپر لیگ(آئی ایس ایل)ٹیم گوا کے بھی کوچ ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال جولائی میں کروشین لیجنڈ ایگور اسٹیمک کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ گواہاٹی میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں افغانستان سے شکست سمیت کئی مایوس کن نتائج کے بعد اسٹیمک کو برطرف کر دیا گیا تھا۔ بھوٹیا نے کہا’’کلیان چوبے نے ہندوستانی فٹ بال کو برباد کر دیا ہے۔ چوبے کو استعفیٰ دے کر چلے جانا چاہیے۔ ‘‘
انہوں نے چوبے پر تکنیکی کمیٹی کو نظرانداز کرتے ہوئے منولو کو مقرر کرنے کا الزام لگایا اور اسپین کے اس کوچ کو ایک ساتھ ایف سی گوا اور قومی ٹیم کا کوچ بنانے کے فیصلے پر تنقید کی۔ بھوٹیانے کہا کہ’’ ان کی تربیت میں ہم نے ایک انچ بھی ترقی نہیں کی ہے۔ اگر آپ کے پاس سنیل چھتری کا متبادل نہیں ہے تو کیا اس سے زیادہ بدقسمتی کچھ ہو سکتی ہے؟ بلاشبہ، فیڈریشن مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔ وہ مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔
ہندوستانی فٹبال ٹیم کے سابق دفاعی کھلاڑی اور کوچ سبرتو بھٹاچاریہ نے کہا کہ اس بات کی کوئی گیارنٹی نہیں ہے کہ غیر ملکی کوچ آپ کو کامیابی دلائیں گے۔ پی کے بنرجی اور امل دتہ جیسے گھریلو کوچوں نے ٹیم کو اچھی کامیابیاں دلائیں۔ صرف ہندوستانی کوچ ہی ہمارے کھلاڑیوں کو جانتے ہیں اور انہیں ترقی دے سکتے ہیں۔ دریں اثناء بنگلور ایس سی کے مالک پارتھ جندل نے کہا کہ یہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ کسی بھی حالت میں یہ کافی نہیں ہے۔ اے آئی ایف ایف کو تجزیہ کی ضرورت ہے۔ یہ وہ نہیں ہے جسے دیکھنے کے لئے فٹ بال سے محبت کرنے والوں اور حامیوں نے محنت کی کمائی اور کوشش خرچ کی ہے۔
ڈریسنگ روم میں ماتم : ہانگ کانگ سے غیر متوقع شکست کے بعد ٹیم کے ہیڈ کوچ منولو مارکیز نے کہا کہ ڈریسنگ روم کا ماحول جنازے کے مقام کی طرح تھا۔ شکست سے سبھی مایوس نظر آئے لیکن ہم اب بھی ایشیا کپ کیلئے کوالیفائی کر سکتے ہیں۔ منولو نے کہا’’ہم اچھے دور میں نہیں ہیں۔ ہمارے لئے گول کرنا مشکل ہو رہا ہے لیکن یہ سچ ہے کہ ٹیم نے دیگر میچ کے مقابلے اس میچ میں زیادہ منظم طریقے سے کھیلا۔ یہ سچ ہے، لیکن بدقسمتی ہے کہ ہم یہاں کوئی پوائنٹ نہیں لے پائے۔ ‘‘