Inquilab Logo

ڈنمارک اوپن: سندھو گلمور کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں داخل

Updated: October 17, 2023, 8:37 PM IST | New Delhi

ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو منگل کو ڈنمارک اوپن۲۰۲۳ء خواتین کے سنگلز کے راؤنڈ آف۳۲؍ میں اسکاٹ لینڈ کی کرسٹی گلمور کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں

P V Sindhu. Photo:PTI
پی وی سندھو۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو منگل کو ڈنمارک اوپن۲۰۲۳ء خواتین کے سنگلز کے راؤنڈ آف۳۲؍ میں اسکاٹ لینڈ کی کرسٹی گلمور کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ اوڈینس کے جیسکے بینک ایرینا میں کھیلے جانےوالے میچ میں ۱۲؍ویں رینک کی پی وی سندھو نے دنیا کی۲۸؍ویں نمبر کی اسکاٹش شٹلر کو۱۴۔۲۱، ۲۱۔۱۸، ۱۰۔۲۱؍ سے  شکست دی۔دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی اور سابق عالمی چمپئن پی وی سندھو نے تیسرے گیم پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کیا اور گلمور پر اپنی دوسری جیت حاصل کی۔
 ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی بدھ کو بی ڈبلیو ایف سپر ۷۵۰؍ ٹورنامنٹ کے راؤنڈ آف۱۶؍ میں انڈونیشیا کی ساتویں سیڈ گریگوریہ ماریسکا تنجنگ سے مقابلہ کریں گی۔ تونجنگ نے اس سال کے شروع میں اسپین ماسٹرس کے فائنل میں سندھو کو شکست دی تھی۔ گزشتہ ہفتے آرکٹک اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی سندھو نے اچھی شروعات کرتے ہوئے ابتدائی گیم میں برتری حاصل کی  تاہم گلمور نے دوسرے گیم میں واپسی کی اور ہندوستانی شٹلر کی کوششوں کے باوجود میچ کو تیسرے اور فیصلہ کن گیم میں لے جانے میں کامیاب رہیں۔
ٹورنامنٹ میں دیر سے داخل ہونے والی آکرشی کشیپ نے بھی خواتین کے سنگلز مقابلے میں اگلے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا۔ عالمی نمبر۳۸؍ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے جرمنی کی یوون لی کو۲۱۔۱۰، ۲۰۔۲۲، ۱۰۔۲۱؍ سے شکست دی۔ مردوں کے سنگلز میں کدامبی سری کانت عوامی جمہوریہ چین کے وینگ ہانگ یانگ سے ۱۹۔۲۱،۲۱۔۱۰،۱۶۔۲۱؍   سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ اس سال کھیلے جانےوالے۱۵؍بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور ٹورنامنٹس میں یہ سابق عالمی نمبر وَن کی ۸؍ویں ابتدائی راؤنڈ میں شکست تھی۔   موجودہ مردوں کی ڈبلز بیڈمنٹن رینکنگ میں عالمی نمبر  وَن ساتوک سائیراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کو اپنے پہلے راؤنڈ کے میچ میں ملائیشیا کے اونگ یو سن اور ٹیو ای یی سے کھیلنے کیلئے رکھا گیا تھا  تاہم ہندوستانی جوڑی نے آخری لمحات میں اپنے حریف کو واک اوور دیتے ہوئے دستبرداری اختیار کرلی۔ہندوستانی خواتین کی ڈبلز جوڑی ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چند اور مردوں کی ڈبلز جوڑی ایم آر ارجن اور دھرو کپیلا بھی ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے ہی اپنا نام واپس لے لیا۔ڈنمارک اوپن کے نتائج پیرس۲۰۲۴ء اولمپکس کیلئے کھلاڑیوں کی کوالیفائنگ رینکنگ میں شامل کئے جائیں گے۔ بیڈمنٹن کیلئے کوالیفکیشن ونڈو اس سال یکم مئی سے شروع ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK