اس ہدایت کےمطابق اسکولوں کو اس بات کا سخت خیال رکھنا چاہئے کہ طلبہ کے بیگ کا وزن ان کے جسمانی وزن کے۱۰؍ فیصد سے زیادہ نہ ہو۔
EPAPER
Updated: September 07, 2026, 9:04 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
اس ہدایت کےمطابق اسکولوں کو اس بات کا سخت خیال رکھنا چاہئے کہ طلبہ کے بیگ کا وزن ان کے جسمانی وزن کے۱۰؍ فیصد سے زیادہ نہ ہو۔
ڈائریکٹر آف ایجوکیشن (پرائمری) شرد گوساوی نے ایک سرکیولر کے ذریعے مطلع کیا ہےکہ ڈائریکٹوریٹ آف پرائمری ایجوکیشن نے مرکزی حکومت کی ’اسکول بیگ پالیسی۲۰۲۰ء‘ کو تمام قسم کے اسکولوں میں مؤثر طریقے سےنافذ کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ریاست میں اسکولی طلبہ کی کمر پر اسکول بیگ کا بوجھ کم کیا جاسکے اور تعلیمی عمل کو مزید خوشگوار اور آسان بنایا جاسکے۔ اسکولوں کو اس بات کا سخت خیال رکھنا چاہئے کہ طلبہ کے بیگ کا وزن ان کے جسمانی وزن کے۱۰؍ فیصد سے زیادہ نہ ہو۔ یہ قدم طلبہ کی ریڑھ کی ہڈی، کندھوں اور جسمانی نشوونما پر بھاری بیگ کے منفی اثرات کو روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
قومی تعلیمی پالیسی۲۰۲۰ ءاور اسکول بیگ پالیسی کے مطابق، ایک سال میںچھٹی سے ۸؍ویں جماعت کے طلبہ کیلئے ۱۰؍ دن کے بیگ سے پاک پیریڈ کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔ اس عرصے کے دوران کارپینٹری، باغبانی، مٹی کے برتن سازی، دستکاری، زرعی اور مقامی پیشوں کی شناخت جیسی سرگرمیاں مقامی کاریگروں اور پیشہ ور افراد کی رہنمائی میں نافذ کی جائیں گی۔
یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ پورے سال کھیل کھیلنے، پڑھنے، کہانی سنانے، ماحولیاتی تحفظ اور فیلڈ وزٹ جیسے ایکشن پر مبنی ایام کا انعقاد کیا جائے۔
طلبہ کا وزن اور بیگ کے وزن کا جائزہ لیں
ڈائریکٹوریٹ آف پرائمری ایجوکیشن کی جانب سے کہا گیا ہےکہ اسکولوں کو چاہئے کہ وہ طلبہ کے وزن اور ان کے بیگ کے وزن کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور اس کا ریکارڈ رکھیں اور اگر وزن مقررہ حد سے زیادہ پایا جائے تو اسے فوری طور پر درست کیا جائے۔
والدین اور اساتذہ کی ملاقاتوں کے ذریعے بھی والدین کی رہنمائی کی جانی چاہئے کہ وہ اپنے بیگ میں غیر ضروری اشیاء نہ رکھیں۔
سرکیولر میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اس پوری پالیسی کو نافذ کرنے کی بنیادی ذمہ داری متعلقہ پرنسپل کی ہوگی۔ ایجوکیشن آفیسر، گروپ ایجوکیشن آفیسر اور ایکسٹینشن آفیسر اسکولوں کے اچانک دورے کریں اور بیگ کے وزن، بیگ کا ٹائم ٹیبل اور پینے کے پانی کی جانچ کریں اور اسکول کی سطح پر رپورٹ سینئر آفس کو پیش کریں۔
’اسکول بیگ پالیسی۲۰۲۰ء‘ کیا ہے؟
اسکول بیگ پالیسی ۲۰۲۰ء میں کہا گیا ہےکہ اسکولوں کو اس طرح منصوبہ بندی کرنی چاہئے کہ پری پرائمری کلاسوں کے بچوں کو اسکول میں بیگ لانے کی ضرورت نہ پڑے۔
پرنسپل اور اساتذہ کو چاہئے کہ وہ طلبہ سے ہر روز غیر ضروری نصابی کتب، نوٹ بکس یا دیگر تعلیمی مواد لانے کے لئے نہ کہیں اور کلاس کے لحاظ سے ایک ’بیک پیک شیڈول‘ تیار کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ صرف اس دن کیلئے درکار کتابیں لائی جائیں۔
اس کے علاوہ، اسکولوں کو کلاس روم میں الماریوں، شیلفوں یا لاکرز کا محفوظ انتظام فراہم کرنا چاہئے تاکہ طلبہ کو ہر روز اپنی تمام کتابیں گھر لے جانے کی ضرورت نہ پڑے۔