شطرنج کی دنیا میں نئی سنسنی، ہندوستان کی دیویہ دیشمکھ نے جارجیا کے باٹومی میں کھیلے جا رہے فائیڈے (FIDE) ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کر دی۔
EPAPER
Updated: July 25, 2025, 12:33 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
شطرنج کی دنیا میں نئی سنسنی، ہندوستان کی دیویہ دیشمکھ نے جارجیا کے باٹومی میں کھیلے جا رہے فائیڈے (FIDE) ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کر دی۔
شطرنج کی دنیا میں نئی سنسنی، ہندوستان کی دیویہ دیشمکھ نے جارجیا کے باٹومی میں کھیلے جا رہے فائیڈے (FIDE) ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کر دی۔ سیمی فائنل میں دیویہ نے چین کی سابق عالمی چمپئن تان ژونگئی کو ہرا کر نہ صرف ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی بلکہ اس باوقار مقابلے کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئیں۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی دیویہ نے کینڈیڈیٹس ٹورنامنٹ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔
صرف ۱۹؍سال کی عمر میں عالمی رینکنگ میں نمبر ۴؍ پر قابض تان ژونگئی کو شکست دینا دیویہ کے کریئر کی اب تک کی سب سے بڑی جیت مانی جا رہی ہے۔ ۲؍ مراحل والے اس سیمی فائنل میں دیویہ نے پہلے مرحلے میں کالے مہروں سے بازی ڈرا کی تھی اور دوسرے مرحلے میں سفید مہروں سے جیت حاصل کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ دیویہ کو اپنا پہلا گرینڈ ماسٹر (جی ایم) نارم بھی ملا، جس سے وہ ہندوستان کی چوتھی خاتون گرینڈ ماسٹر بننے کی سمت ایک بڑا قدم بڑھا چکی ہیں۔ اب تک ہندوستان کی جانب سے صرف کونیرو ہمپی، ڈی ہریکا اور آر ویشالی کو خواتین کے زمرے میں گرینڈ ماسٹر کا خطاب حاصل ہے۔دیویہ کی یہ جیت نہ صرف ان کے انفرادی کریئر کے لئے ایک سنگ میل ہے بلکہ ہندوستانی شطرنج کیلئے بھی فخر کا لمحہ ہے۔ اب سب کی نگاہیں فائنل مقابلے پر ہیں جہاں ملک کی یہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑی ایک نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار ہے۔