Inquilab Logo

جوکووچ ۱۱؍ویں بار آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے

Updated: January 24, 2024, 12:11 PM IST | Agency | Melbourne

کوارٹر فائنل میں سربیائی کھلاڑی نے امریکہ کے ٹیلر فرٹز کو۴؍سیٹو ںمیں شکست دے دی۔

Novak Djokovic. Photo: INN
نوواک جوکووچ۔ تصویر : آئی این این

نوواک جوکووچ تقریباً ۴؍ گھنٹے تک جاری رہنے والے میراتھن مقابلے میں ٹیلر فرٹز کو شکست دے کر ۱۱؍ ویں بار آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ 
 سربیا کے ٹینس کھلاڑی جوکووچ نے منگل کو یہاں کھیلے گئے میچ میں امریکہ کے ٹیلر فرٹز کو۶۔ ۷، ۶۔ ۴، ۲۔ ۶، ۳۔ ۶؍ سے شکست دی۔ انہوں نے ۳؍ گھنٹے۴۵؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ۱۲؍ویں سیڈ یافتہ فرٹز کو شکست دی۔ وہ میلبورن پارک میں تمام ۱۰؍ سیمی فائنل اور فائنل میچ جیت چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آسٹریلین اوپن میں مسلسل ۳۳؍میچ جیتنے کے مونیکا سیلیس کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔ 
 وہ۴۸؍ویں مرتبہ گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ چوتھی سیڈ یانک سنر سے ہوگا جنہوں نے ایک کوارٹر فائنل میں آندرے روبیلو کو ۴۔ ۶، ۶۔ ۷، ۳۔ ۶؍ سے شکست دے دی۔ جوکووچ نے اب تک ایک کے علاوہ تمام میچوں میں فرٹز کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی تھی۔ اب سیمی فائنل میں انہیں یانک سنر کا مقابلہ کرناہے۔ 
 سربیائی اسٹار نوواک جوکووچ نے میچ کے بعد کہا کہ بریک پوائنٹ نہ بنانا واقعی برا تھا لیکن مجھے لگتا ہے کہ دن کے اختتام پر جب تیسرے اور چوتھے سیٹ میں فرق پڑا تو میں اسے توڑنے میں کامیاب رہا۔ تیسرے سیٹ کے وسط تک میں نے شاید اپنے کھیل کو تیز کر دیا تھا۔ ۲۶؍ سالہ امریکی کو جوکووچ کے خلاف اپنے آخری ۸؍ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سربیائی کھلاڑی نے کہاکہ امریکی کھلاڑی نے دوسرے سیٹ میں مجھے زبردست چیلنج پیش کیا۔ وہ نوجوان ہیں اور اچھا کھیل رہے ہیں اور مجھے خوشی ہےکہ ٹینس کا مستقبل روشن ہے۔ 
کوکو اور ارائنا سیمی فائنل میں داخل 
امریکہ کی چوتھی سیڈ یافتہ کوکو گف نے منگل کو یوکرین کی ٹینس کھلاڑی مارٹا کوسٹیوک کو۶۔ ۷، ۷۔ ۶، ۲۔ ۶؍ سے شکست دے کر آسٹریلین اوپن میں خواتین کے سنگلز مقابلے کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ ان کے ساتھ ہی ارائنا سبالینکا بھی کوارٹر فائنل میں کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ 
سروس پر اور اپنے فورہینڈ سے جدوجہد کرنے کے باوجود گف نے ۲؍ سیٹ پوائنٹ بچائے اور ابتدائی سیٹ میں ۱۔ ۵؍ سے پیچھے رہنے کے بعد اچھا مقابلہ کرتے ہوئے ۳؍ گھنٹے، ۸؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں کوکو گف کا مقابلہ دفاعی چمپئن ایرینا سبالینکا سے ہوگا جنہوں نے ایک او ر میچ میں باربورا کو مات دی۔ سبالینکا نے باربورا کو ۲۔ ۶، ۳۔ ۶؍ کے اسکور سے شکست دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK