ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں۲۴؍بار کے گرینڈ سلیم چمپئن نے فلاویو کو ہرادیا، آخری ۴؍میں سنر سے مقابلہ ہوگا۔
EPAPER
Updated: July 11, 2025, 11:28 AM IST | Agency | London
ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں۲۴؍بار کے گرینڈ سلیم چمپئن نے فلاویو کو ہرادیا، آخری ۴؍میں سنر سے مقابلہ ہوگا۔
۲۴؍ بار کے گرینڈ سلیم چمپئن نوواک جوکووچ نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے مردوں کے سنگلز میں ریکارڈ ۱۴؍ویں بار ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں ان کا مقابلہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی یانک سنر سے ہوگا۔ واضح رہے کہ ٹینس کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ کے نام ومبلڈن کے سیمی فائنل میں ۱۳۔۱۳؍بار پہنچنے کا ریکارڈ تھا جسے توڑتے ہوئے جوکووچ فیڈرر سے آگے نکل گئے۔ ومبلڈن میں بدھ کی دیر رات کھیلے گئے مقابلے میں جوکووچ کو اپنے دوسرے میچ پوائنٹ پر ایک عجیب و غریب گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ اسپلٹ میں گر گئے اور سینٹر کورٹ کی گھاس پر منہ کے بل گر پڑے، جو ایک ۳۸؍سالہ کھلاڑی کے لئے مثالی صورتحال نہیں ہے جو ۲۵؍ ویں گرینڈ سلیم خطاب کی تلاش میں ہیں۔
اس کے باوجود نوواک جوکووچ نے خود کو سنبھالا اور اگلے ۲؍ پوائنٹس جیت کر ۲۲؍ویں سیڈ فلاویو کوبولی کیخلاف ۶۔۷، ۲۔۶، ۵۔۷، ۴۔۶؍ سے جیت حاصل کی اور سیمی فائنل میں داخل ہوئے۔جوکووچ نے میچ کے بعد کہا’’مجھے لگتا ہے کہ جو ہوا اس کا اصل اثر میں کل محسوس کروں گا ،تو دیکھتے ہیں۔ میں امید کر رہا ہوں کہ اگلے ۲۴؍ سے ۴۸؍گھنٹوں میں، جو ہوا اس کی سنگینی بہت بری نہیں ہوگی تاکہ میں ۲؍ دن میں اپنی بہترین کارکردگی بغیر درد کے دکھا سکوں۔‘‘
میچ کے بعد جوکووچ نے کہا’’بہت سارے اعداد و شمار ہیں جو میرے ذہن میں گھوم رہے ہیں۔ ومبلڈن ہمیشہ میرے لئے سب سے خاص ٹورنامنٹ رہا ہے۔ یہ میرے کریئر کا ایک بڑا حصہ ہے اور آج بھی ۳۸؍ سال کی عمر میں یہاں مقابلہ کر پانا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ کوبولی جیسے نوجوان کھلاڑی کے خلاف کھیلنا مجھے بھی جوان محسوس کراتا ہے۔ اب میں سنر کے خلاف کھیلوں گا اور یہ ایک شاندار مقابلہ ہوگا۔‘‘
واضح رہے کہ اب جوکووچ کا مقابلہ ۳؍ بار کے میجر چمپئن یانک سنر سے ہوگا، جنہوں نے اپنی دائیں کہنی کی چوٹ کے باوجود شاندار سروس اور اپنے معمول کے زوردار فورہینڈ کا استعمال کرتے ہوئے ۱۰؍ویں سیڈ بین شیلٹن کو شکست دی۔ یاد رہے کہ جوکووچ ومبلڈن میں سنر کیخلاف دو صفرسے آگے ہیں۔ انہیں ۲۰۲۳ء کے سیمی فائنل اور ۲۰۲۲ءکے کوارٹر فائنل میں باہر کر چکے ہیں۔
جمعہ کو جوکووچ آل انگلینڈ کلب میں اپنے ساتویں لگاتار فائنل میں پہنچنے کی کوشش کریں گے اور وہاں راجر فیڈرر کے مردوں کے ۸؍ ٹرافیوں کے ریکارڈ کے قریب پہنچیں گے۔دوسرے مردوں کے سیمی فائنل میں، موجودہ چمپئن کارلوس الکاراز اور ٹیلر فرٹز کا آمنا سامنا ہوگا۔ الکاراز نے ۲۰۲۳ءاور ۲۰۲۴ءکے فائنل میں جوکووچ کو شکست دی ہے۔