Updated: November 17, 2025, 10:41 AM IST
|
Inquilab News Network
| Patna
بیٹی روہنی اچاریہ نے سیاست اورخاندان سے لاتعلقی کے اعلان کے بعد تیجسوی کے حامیوں پر انہیں ’’یتیم‘‘کردینے کا الزام عائد کیا
روہنی اچاریہ۔ تصویر:آئی این این
بہار اسمبلی انتخابات میں ہار کے بعد گھریلو تنازع لالو پریوار کیلئے اضافی شرمندگی کا باعث بن گیا ہے۔ لالویادو کو اپنی کڈنی دینے والی بیٹی روہنی اچاریہ جس نے سنیچر کو اچانک سیاست سے سبکدوشی اور خاندان سے قطع تعلق کا اعلان کیاتھا، نے اتوار کو انتہائی جذباتی پوسٹ میں اپنے ’’یتیم‘‘ ہوجانے کیلئے تیجسوی یادو کے قریبی ساتھیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ ایکس ‘پر مسلسل کئی پوسٹ میں روہنی اچاریہ نے خاندان پرکئی سنگین الزامات لگا کر تنازع کو مزید طول دے دیا ۔انہوں نے کہاکہ ’’کل مجھے گالیوں کے ساتھ کہا گیا کہ میں گندی ہوں اور میں نے اپنے والد کو اپنی گندی کڈنی لگوا دی۔ کروڑوں روپے لیے، ٹکٹ لیا تب گردہ دیا۔‘‘ تیجسوی کو براہ راست نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ میں سبھی شادی شدہ بہنوں اور بیٹیوں سے کہوں گی کہ اگر آپ کے مائیکے میں کوئی بیٹا یا بھائی ہے تو پھر اپنے بھگوان جیسے باپ کو نہ بچائیں، اپنے بھائی سے کہیں کہ وہ اپنی یا اپنی کسی ہریانوی دوست کی کڈنی لگوا لے۔ ‘‘روہنی نے لالو کو کڈنی دینے کو اپنی غلطی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میرا کوئی خاندان نہیں ہے۔ یہ تیجسوی، سنجے اور رمیز (نعمت خان) سے جا کر پوچھ لیجیے۔ ان ہی لوگوں نے ہمیں خاندان سے نکالا ہے۔ سنجے اور رمیز کا نام لو تو گھر سے نکال دیا جائے گا، بدنام کیا جائے گا اور آپ پر چپل اٹھا کر مارا جائے گا۔‘‘
اس دوران لالوپرساد یادوکی تین بیٹیاں ایک ساتھ پٹنہ چھوڑ کر چلی گئی ہیں۔ راگنی یادو، چندا یادو اور راج لکشمی یادو اپنے بچوں کے ساتھ دہلی روانہ ہوگئی ہیں۔ پٹنہ ایئرپورٹ سے ان کی تصویریں سامنے آئی ہیں۔ ان میں سے کسی نے بھی میڈیا سے بات نہیں کی۔ اگرچہ یہ ایک منصوبہ بند سفر ہو سکتا ہے لیکن روہنی آچاریہ کے گھر چھوڑنے کے ایک دن بعد لالو یادوکی رہائش گاہ سے تینوں بہنوں کی بیک وقت روانگی نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
روہنی کی پوسٹ کے چند گھنٹے بعد لالو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے بھی اپنے غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ کل کے معاملے نے دل کو اندر تک جھنجھوڑ دیا۔ میرے ساتھ جو ہوا، سہہ گیالیکن میری بہن کے ساتھ جو ہوا، وہ کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔بہار میں این ڈی اے کی زبردست جیت اور آر جے ڈی کے صرف ۲۵ ؍سیٹوں پر سمٹ جانے کے بعد پارٹی کے اندر ذمہ داری کا سوال اٹھ رہا ہے۔ کارکنان سنجے یادو اور رمیزپر سوالات اٹھا رہے ہیں، جس سے خاندان کے اندرونی گروہوں کی لڑائی باہر آ گئی ہے۔