Updated: April 30, 2026, 2:02 PM IST
| Mumbai
جس لمحے کا انتظار’’دِرِیشیم‘‘ فرنچائز کے مداح کر رہے تھے، وہ آخرکار آ گیا ہے۔ جی ہاں، فلم کا زبردست ٹیزر ریلیز ہو چکا ہے۔ تاہم یہاں بات ملیالم ورژن کی ہو رہی ہے۔ موہن لال کی فلم کا ایک منٹ ۵۰؍ سیکنڈ کا ٹیزر لوگوں کو کافی پسند آیا ہے۔ اسی فلم نے ۵؍ ماہ پہلے اجے دیوگن کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ ’’دِرِیشیم‘‘ کے ان دونوں ہیروز میں کون زیادہ امیر ہے؟
موہن لال اور اجے دیوگن۔ تصویر:آئی این این
اس سال کئی بڑی فلمیں سنیما گھروں میں آ چکی ہیں، جبکہ کچھ کا ابھی بھی انتظار ہے۔ کئی بڑی فلموں کے سیکوئل بھی آنے والے ہیں، جن میں سے ایک’’دِرِیشیم۳‘‘ ہے۔ جی ہاں، اکتوبر میں اجے دیوگن اپنی’’دِرِیشیم۳‘‘ لے کر آ رہے ہیں، یعنی ہندی ورژن پر ابھی کام جاری ہے۔ لیکن اداکار کو سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب انہیں معلوم ہوا کہ موہن لال مئی میں ہی’’دِرِیشیم۳‘‘ ریلیز کر رہے ہیں۔ اگرچہ یہ ملیالم فلم ہے، لیکن اس فیصلے سے اجے دیوگن کو خاصا نقصان ہو سکتا ہے۔ گزشتہ دن موہن لال کی ’’دِرِیشیم۳‘‘ کا ٹیزر سامنے آیا، جسے لوگ کافی پسند کر رہے ہیں۔ خیر، آج ہم آپ کو موہن لال اور اجے دیوگن کی دولت کے بارے میں بتائیں گے،دونوں میں سے کون زیادہ امیر ہے؟
ملیالم فلم ’’دِرِیشیم‘‘ ۲۰۱۳ء میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے دنیا بھر میں پسند کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اجے دیوگن نے اس کا ہندی ریمیک بنایا۔ ۲۰۱۵ء میں یہ فلم آئی اور باکس آفس پر کامیاب رہی۔ ہندی میں اس کا دوسرا حصہ بھی ریلیز ہو چکا ہے، جو ۲۰۲۲ء میں آیا اور پھر سے مقبول ہو گیا۔ لیکن اس بار موہن لال ایک قدم آگے نکل گئے۔ انہوں نے اکتوبر کا انتظار نہیں کیا، جب اجے فلم لا رہے ہیں، بلکہ پہلے ہی اپنی فلم ریلیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔۲۱؍ مئی کو موہن لال کی ’’دِرِیشیم۳‘‘ ریلیز ہوگی۔
موہن لال کتنی دولت کے مالک ہیں؟
’’دِرِیشیم۳‘‘ سب سے پہلے موہن لال لا رہے ہیں، اس لیے ان کی نیٹ ورتھ سے شروعات کرتے ہیں۔ اداکار نے اپنے کیریئر کا آغاز۱۹۸۰ء میں ملیالم فلم ’منجل وِرنجا پوککل‘ سے کیا تھا۔ وہ کیرالہ کے سابق اسٹیٹ ریسلنگ چیمپئن بھی رہ چکے ہیں۔ اپنے کیریئر میں وہ ۱۷۲؍ سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ وہ ایک بڑی فلم کے لیے ۲۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ فیس لیتے ہیں، جبکہ درمیانی بجٹ کی فلموں میں کم فیس پر بھی کام کرتے رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، وہ تقریباً ۴۱۰؍سے ۴۵۰؍ کروڑ روپے کی دولت کے مالک ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:جانئے ’’الیکسی مورداشوف‘‘ کون ہیں جنہوں نے سپر یاٹ سے آبنائے ہرمز پار کی
اجے دیوگن کتنے امیر ہیں؟
اجے دیوگن نے ۱۹۹۱ء کی ایکشن-رومانس فلم ’پھول اور کانٹے‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جو باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ ان کے والد ویرو دیوگن بالی ووڈ کے مشہور اسٹنٹ اور ایکشن ڈائریکٹر رہے ہیں، جنہوں نے ’ہمت والا‘، ’مسٹر انڈیا‘، ’شہنشاہ‘ اور دیگر فلموں میں شاندار ایکشن سینز ترتیب دیے۔ تاہم، اجے دیوگن نے اپنی محنت اور اداکاری کے ذریعے خود اپنی پہچان بنائی۔ اسی وجہ سے وہ آج بھی مسلسل کام کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اجے دیوگن تقریباً۴۲۷؍ کروڑ روپے کی دولت کے مالک ہیں۔ وہ ایک فلم کے لیے ۳۵؍ سے۴۰؍ کروڑ روپے تک فیس لیتے ہیں اور ان کا اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی ہے، جس کے تحت کئی فلمیں بنائی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’’تال ۲‘‘ سے انل کپور،ایشوریہ رائے باہر، اکشے کھنہ بھی نظرنہیں آئیں گے
اس کے علاوہ، اداکار نے کافی پہلے اپنی وی ایف ایکس کمپنی بھی شروع کی تھی اور ان کے پاس کئی ملٹی پلیکس چینز بھی ہیں۔ ان کے بنگلے کی قیمت تقریباً ۶۰؍ کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی سالگرہ پر کروڑوں روپے کی کار بھی خریدی ہے۔ وہ برانڈ اینڈورسمنٹ سے بھی بڑی کمائی کرتے ہیں۔