• Mon, 07 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دلیپ ٹرافی فائنل:ایشان کشن ٹرپل سنچری سے محروم ، ایسٹ زون نے ۷۰۸؍ رنز بنائے

Updated: September 07, 2026, 7:05 PM IST | Chennai

دلیپ ٹرافی ۲۰۲۶ء کے فائنل میں ایسٹ زون نے کپتان ایشان کشن کی شاندار۲۷۰؍ رنز کی اننگز کی بدولت ساؤتھ زون کے خلاف پہلی اننگز میں ۷۰۸؍ رنز کا بڑا اسکور کھڑا کردیا۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں جاری فائنل کے دوسرے دن ایسٹ زون کی پوری ٹیم ۱۶۳؍ اوورز میں ۷۰۸؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

Ishan Kishan.Photo:X
ایشان کشن۔ تصویر:ایکس

دلیپ ٹرافی ۲۰۲۶ء کے فائنل میں ایسٹ زون نے کپتان ایشان کشن  کی شاندار۲۷۰؍ رنز کی اننگز کی بدولت ساؤتھ زون کے خلاف پہلی اننگز میں ۷۰۸؍ رنز کا بڑا اسکور کھڑا کردیا۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں جاری فائنل کے دوسرے دن ایسٹ زون کی پوری ٹیم ۱۶۳؍ اوورز میں ۷۰۸؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ایسٹ زون نے اتوار کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز  ویبھَو سوریہ ونشی  اور  ابھیمنیو ایشورَ ن نے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا اور پہلے وکٹ کے لیے۸۸؍ گیندوں پر ۱۰۰؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ ویبھَو سوریہ ونشی ۳۷؍ گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے ۴۴؍ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔


اس کے بعد ایشورَن نے  شکھر موہن  کے ساتھ مل کر دوسرے  وکٹ کے لیے۳۳؍ رنز جوڑے۔ ایشورَن نے ۸۶؍ گیندوں پر ۱۱؍ چوکوں کی مدد سے ۷۲؍ رنز بنائے۔ کچھ ہی دیر بعد ایسٹ زون کو ۱۴۷؍ رنز کے مجموعی اسکور پر تیسرا جھٹکا لگا، جب سدیپ کمار صرف  ۶؍رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس مرحلے پر ایسٹ زون کے کپتان  ایشان کشن  نے ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے شکھر موہن کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے ۹۴؍ رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ شکھر موہن نے تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے ۸۵؍ رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھئے:’’مرزاپور: دی مووی‘‘ کی شاندار کامیابی، دنیا بھر میں۱۳۰؍ کروڑ روپے سے زائد کمائی

اس کے بعد ایشان کشن نے  کمار کشاگر  کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے ۲۳۰؍ رنز کی بڑی شراکت قائم کی، جس نے ایسٹ زون کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ کمار کشاگر نے ۱۳۲؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے۱۰۱؍ رنز بنائے اور اپنی سنچری مکمل کی۔ ٹیم نے ۴۷۱؍ رنز کے اسکور پر پانچویں وکٹ گنوائی، تاہم ایشان کشن نے  انکُل رائے  کے ساتھ مزید ۱۴۰؍ رنز کی شراکت قائم کی اور ایسٹ زون کو ۶۰۰؍ رنز کے پار پہنچا دیا۔
ایشان کشن نے ایک مرحلے پر ۲۵۰؍ رنز مکمل کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر ڈریسنگ روم واپسی اختیار کی۔ اس وقت انہوں نے ۳۰۱؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۲۷؍ چوکے اور ۷؍ چھکے لگائے تھے۔ ان کے ڈریسنگ روم واپس جانے کے بعد  محمد سمیع نے ۲۸؍رنز بنائے اور  کنعان قریشی  کے ساتھ ۵۴؍ رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور ۶۵۰؍ رنز سے آگے پہنچایا۔ ایسٹ زون کو ۶۸۰؍ رنز کے مجموعی اسکور پر ساتواں جھٹکا لگا، جس کے بعد ایشان کشن ایک بار پھر بیٹنگ کے لیے میدان میں واپس آئے۔
واپسی کے بعد ایشان نے اپنی شاندار اننگز کو مزید آگے بڑھایا اور ۳۳۴؍ گیندوں پر ۳۰؍ چوکوں اور ۷؍ چھکوں کی مدد سے۲۷۰؍ رنز  بنائے۔ وہ ٹیم کے نویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے اور یوں ٹرپل سنچری مکمل کرنے سے محروم رہ گئے۔ ایسٹ زون کی اننگز ۱۶۳؍ ویں اوور میں ۷۰۸؍ رنز پر ختم ہوئی۔ اسی اوور میں  تریپورن وجے  نے ایشان کشن کے ساتھ  مکیش کمار کو بھی آؤٹ کیا، جو اپنا کھاتہ نہیں کھول سکے۔

یہ بھی پڑھئے:الٹیمیٹ فریسبی میں ہندوستان کی عالمی ٹاپ ۲۰؍ میں شمولیت

ساؤتھ زون کی جانب سے تریپورن وجے  سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے ۴۲؍ اوورز میں ۱۸۰؍ رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ  چاما ملند  اور  شریاس گوپال  نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے  جبکہ  شیخ رشید  کو ایک کامیابی ملی۔ ایشان کشن کی ۲۷۰؍ رنز کی شاندار اننگز، کمار کشاگر کی سنچری اور شکھر موہن کی نصف سنچری کی بدولت ایسٹ زون نے فائنل میں ساؤتھ زون پر ابتدائی برتری قائم کرلی ہے۔ ۷۰۸؍ رنز کا بڑا اسکور اب ساؤتھ زون کے بلے بازوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK