نارتھ اور ویسٹ زون فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام۔
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 1:07 PM IST | Agency | Bengaluru
نارتھ اور ویسٹ زون فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام۔
ساؤتھ زون اورسینٹرل زون کے درمیان دلیپ ٹرافی کے فائنل میں خطابی مقابلہ ہوگا۔گُرجپریت سنگھ (۴؍ وکٹ) اور ایم ڈی ندھیش (۳؍ وکٹ) کے بعد نارائن جگدیشن (ناٹ آؤٹ ۵۲) کی شاندار کارکردگی کے دم پر ساؤتھ زون نے ۲۷۰؍رنوں کی برتری حاصل کرتے ہوئے اتوار کو ڈرا ہوئے پہلے سیمی فائنل میں نارتھ زون کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ دوسری جانب ۶؍ بلے بازوں شبھم شرما (۹۶)، دانش (۷۶)، کپتان رجت پاٹیدار (۷۷)، اپیندر یادو (۸۷)، ہرش دوبے (۷۵) اور سارانش جین (۶۳) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت بنائے گئے ۶۰۰؍رنوں کے بڑے اسکور نے سینٹرل زون کو فائنل میں پہنچا دیا۔
آج سیمی فائنل کے چوتھے دن نارتھ زون نے اپنی پہلی اننگز ۵؍وکٹ پر ۲۷۸؍سے آگے بڑھائی۔ صبح کے سیشن میں واسوکی کوشک نے سنچری ساز شبھم کھجوریہ (۱۲۸) کو بولڈ کر کے چھٹا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ندھیش نے سہیل لوتھرا (۱۹) اور مَینک ڈاگر (۳۱) کو آؤٹ کیا۔ یُدھ ویر سنگھ چرک (۷) کو تنَے تیاگراجن نے شکار بنایا جبکہ گُرجپریت سنگھ نے عاقب (۱۰) کو آؤٹ کر کے نارتھ زون کی اننگز ۳۶۱؍پر سمیٹ دیا۔
جواب میں بلے بازی کرنے اتری ساؤتھ زون کی شروعات اچھی نہ رہی اور ۳۴؍کے اسکور پر تنمَے اگروال (۱۳) آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد دیودت پڈیکّل اور نرائن جگدیشن نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے ۶۱؍ رنوں کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی۔ جگدیشن نے ۶۹؍گیندوں پر ۶؍چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی اور ناٹ آؤٹ ۵۲؍پر رہے جبکہ پڈیکّل ۱۶؍رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ۲۴ء۴؍ اوور میں ایک وکٹ پر ۹۵؍رن بنانے کے بعد میچ ڈرا قرار پایا۔
ساؤتھ زون نے پہلی اننگز میں نارائن جگدیشن کی ۱۹۷؍ رنوں کی شاندار اننگز کی بدولت ۵۳۶؍رن بنائے تھے، جبکہ نارتھ زون کی پہلی اننگز ۳۶۱؍پر سمٹ گئی۔ اس طرح ساؤتھ زون کو ۱۷۵۵؍ رنوں کی برتری ملی جو دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر ۹۵؍ رن بنانے کے بعد بڑھ کر ۲۷۰؍رن ہو گئی۔
دوسرے سیمی فائنل میں سینٹرل زون نے اپنی پہلی اننگز ۶۰۰؍رنوں پر مکمل کی۔ ارجان ناگواسوالا نے یش ٹھاکر (۲۱) اور خلیل احمد (صفر) کو آؤٹ کر کے اننگز کا خاتمہ کیا۔ ویسٹ زون کی طرف سے دھرمندر سنگھ جڈیجا نے ۴؍ اور ناگواسوالا نے ۳؍ وکٹ لئے۔جواب میں ویسٹ زون کے بلے باز سارانش جین اور ہرش دوبے کی شاندار بولنگ کا زیادہ دیر مقابلہ نہ کر سکے۔ یشسوی جیسوال اور آریہ دیسائی نے پہلی وکٹ کیلئے۶۲؍رن جوڑے لیکن اس کے بعد وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ چلتا رہا۔ جیسوال نے ۶۴؍ رن بنائے جبکہ آریہ دیسائی ۳۵؍رن پر آؤٹ ہوئے۔ باقی بلے باز یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے گئے۔ میچ ڈرا کے وقت ویسٹ زون نے ۵۳ء۳؍ اوور میں ۲۱۶؍رنوں پر ۸؍وکٹ گنوا دئیے تھے۔سارانش جین نے ۲۲ء۳؍اوور میں ۸۴؍رن دے کر ۵؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ ہرش دوبے نے ۳؍ وکٹ لئے۔