عرفان پٹھان اور ابھینو مکند نے کہا کہ یہ دونوں ممبئی انڈینس کو چھٹا خطاب دلانے میں اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 12:53 PM IST | Agency | Mumbai
عرفان پٹھان اور ابھینو مکند نے کہا کہ یہ دونوں ممبئی انڈینس کو چھٹا خطاب دلانے میں اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔
۵؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس مضبوط بنیادی ٹیم اور اچھی خاصی رقم کے ساتھ ٹاٹا آئی پی ایل ۲۰۲۷ء کی نیلامی میں اتر رہی ہے۔ ٹیم اپنی خامیوں کو دور کرنے اور چھٹی بار خطاب جیتنے کی کوشش کرے گی۔ جیو اسٹار کے ٹاٹا آئی پی ایل ۲۰۲۷ءریٹینشن اسپیشل پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جیو اسٹار کے ماہرین ابھینو مکند اور عرفان پٹھان نے ٹیم کے گیند بازی کے متبادل کھلاڑیوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
ابھینو مکند نے عرشدیپ اور بمراہ کی جوڑی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ’’مضبوط گیند بازی کا امتزاج تقریباً ہمیشہ ہی ان کی خطاب جیتنے کی مہم کی خاص پہچان رہا ہے۔ جب انہوں نے خطاب جیتا تو اس وقت ملنگا ٹیم میں تھے، پھر ملنگا اور بمراہ ایک ساتھ تھے، اس کے بعد کچھ عرصے تک بمراہ اور مچ میک کلینیگن کی جوڑی رہی۔ آپ کے پاس ہمیشہ اہم گیند باز کا ساتھ دینے کیلئے ایک معاون گیند باز موجود ہوتا تھا۔ گزشتہ چند برسوں میں ٹیمیں بمراہ کے خلاف محتاط انداز میں کھیل رہی تھیں۔ وہ انہیں وکٹ نہیں دے رہی تھیں اور ان پر حملہ کرنے کے بجائے دوسرے گیند بازوں کو نشانہ بنا رہی تھیں۔ اب ٹیم میں عرشدیپ کی موجودگی کے بعد ایسا نہیں ہوگا۔ انہیں یہ طے کرنا ہوگا کہ اب درمیان کے اوورز میں کون گیند بازی کرے گا، لیکن یہ گزشتہ سیزن کے مقابلے ایک بہتر معاملہ ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: پریانش آریہ کا تاریخی کارنامہ،۱۸۱؍رنوں کی اننگز کھیلی
عرفان پٹھان نے عرشدیپ سنگھ کی آمد کے اثر کا تجزیہ کرتے ہوئے کہاکہ’’عرشدیپ سنگھ کے ممبئی انڈینس کے گیند بازی کے شعبے میں شامل ہونے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کو جانے دینا پوری طرح سمجھ میں آتا ہے۔ بولٹ ایک غیر ملکی بائیں ہاتھ کے کھلاڑی ہیں جبکہ اب ممبئی کے پاس ایک ہندوستانی بائیں ہاتھ کا گیند باز موجود ہے۔ دیپک چاہر کا ٹیم میں نہ ہونا بھی سمجھ میں آتا ہے کیونکہ گزشتہ ۵؍ یا ۶؍ برسوں میں انہوں نے شاذ و نادر ہی پورا سیزن کھیلا ہے اور ممبئی نے پہلے ہی نئی گیند سے گیند بازی کرنے والے اپنے کھلاڑی کو یقینی بنا لیا ہے۔ تاہم، میں اللہ غضنفر کو ٹیم سے باہر کرنے کے فیصلے پر کچھ حیران ہوں کیونکہ وہ انہیں مچل سینٹنر کے ساتھ شامل کرکے دونوں جانب سے غیر ملکی اسپن گیند بازوں کو میدان میں اتار سکتے تھے۔‘‘
انہوں نےمزید کہاکہ’’ممبئی انڈینس ایک بڑے بجٹ کے ساتھ نیلامی میں اتر رہی ہے اور جب بھی ممبئی انڈینس بڑے بجٹ کے ساتھ منی نیلامی میں حصہ لیتی ہے تو کچھ خاص کھلاڑی حاصل کرکے سب کو حیران کردیتی ہے۔ میں یہ دیکھنے کے لئے بہت پُرجوش ہوں کہ وہ کیا کرتی ہے کیونکہ ان کھلاڑیوں کے بغیر بھی اس کی گیند بازی پہلے ہی کافی مضبوط نظر آتی ہے۔‘‘