• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پریانش آریہ کا تاریخی کارنامہ،۱۸۱؍رنوں کی اننگز کھیلی

Updated: November 25, 2026, 12:49 PM IST | Agency | Indore

ٹی۔۲۰؍کرکٹ میں دوسرا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ دہلی نے تمل ناڈو کو۱۱۶؍رنوں سے شکست دی۔

Priyansh Arya broke several records during his innings. Courtesy: BCCI
پریانش آریہ نے اپنی اننگز کے دوران کئی ریکارڈس توڑ ے۔ بشکریہ:بی سی سی آئی

جارح بلے بازپریانش آریہ نے سید مشتاق علی ٹرافی میں تمل ناڈو کے خلاف ۶۸؍ گیندوں میں ۱۸۱؍رنوں کی اننگز کھیل کر کسی ہندوستانی کی جانب سے بنایا گیا سب سے بڑا اسکور اور مردوں کی ٹی ۔۲۰؍ تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور بنا دیا ہے۔ اس اننگز کی بدولت دہلی نے ۵؍ وکٹ پر ۲۷۵؍ رنوں کا بڑا اسکور بنا یا۔ تمل ناڈو کی ٹیم اس کے جواب میں ۱۸ء۳؍ اوورز میں ۱۵۹؍ رنوں پر سمٹ گئی۔ ۶؍ میچوں میں دہلی کی یہ چوتھی جیت ہے اور اس کے ۱۶؍ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ 

دہلی کی کپتانی کر رہے۲۵؍ سالہ یہ اوپنر ناٹ آؤٹ ۱۸۸؍رنوں کے آل ٹائم ریکارڈ سے ۷؍ رن پیچھے رہ گئے، جسے پچھلے مہینے سی ایس اے ٹی ۔۲۰؍چیلنج میں جنوبی افریقہ کے لوان ڈرے پریٹوریئس نے بنایا تھا۔ آریہ کی اس کارکردگی نے دہلی کو ۵؍ وکٹ پر ۲۷۵؍رن بنانے میں مدد کی جو سید مشتاق علی ٹرافی میں مشترکہ طور پر تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ 

اندور کے ڈیلی کالج گراؤنڈ میں پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد آریہ نے محض ۱۸؍ گیندوں میں تیز نصف سنچری بنائی، جس سے دہلی نے پاور پلے میں ایک  وکٹ پر ۹۴؍ رن بنائے۔ اس کے بعد انہوں نے محض ۳۶؍ گیندوں میں اپنی تیسری ٹی ۔۲۰؍ سنچری مکمل کی اور پھر ۱۵۰؍ کا ہندسہ عبور کرنے کے لئے اگلی ۲۴؍ گیندیں لیں۔ آریہ نے اپنی اننگز میں ۱۹؍ چھکے لگائے، اور اب وہ فن ایلن کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک ٹی ۔۲۰؍ اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ شیئر کرتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ اور سالٹ کی طوفانی اننگز، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ۸؍وکٹ سے مات دی

آریہ نے ایم سدھارتھ کی لگاتار گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر کرس گیل کے ناٹ آؤٹ ۱۷۵؍ رنوں کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا، جو پچھلے مہینے پریٹوریئس کے ہاتھوں ٹوٹنے سے پہلے تقریباً ۱۳؍ برس تک ٹی ۔۲۰؍ میں سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ تھا۔ اپنی اننگز کے دوران آریہ نے ۲۰۲۱ء میں کرن نوگیرے کے ۷۶؍ گیندوں میں بنائے گئے ۱۶۲؍رنوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور کسی ہندوستانی کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی ٹی ۔۲۰؍ اسکور بنا دیا۔ 

اس سید مشتاق علی ٹرافی میں دہلی بہت اچھی فارم میں ہے۔ اس نے اپنے ہر میچ میں پہلے بیٹنگ کی ہے اور اپنی ۶؍ میں سے ۵؍ اننگز میں کم از کم ۲۰۰؍ رن بنائے ہیں۔ وہ واحد موقع جب وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے وہ سوراشٹر کے خلاف میچ تھا جو وہ ہارے ہیں۔ 

دہلی کے بڑے اسکور کا تعاقب کرنا تمل ناڈو کیلئے مشکل رہا اور اس کی اننگز ۱۵۹؍ رنوں پر سمٹ گئی۔ دہلی کی جانب سے دگویش راٹھی نے ۳۷؍ رن دے کر ۴؍، سیش شرما نے ۲۱؍ رن دے کر ۳؍ اور مینک یادو نے ۲۱؍رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے۔ تمل ناڈو کی جانب سے تشار رہیجا نے سب سے زیادہ ۳۱؍ رن بنائے۔ پریانش آریہ کو ان کی سنچری اور ۳؍ کیچوں کے لئے پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔

بنگال نے اتر پردیش کو ۹۳؍رنوں سے ہرادیا

ممبئی میں کرن لال کی ۲۹؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۸۲؍رنوں کی شاندار اننگز کی بدولت بنگال نے منگل کو اتر پردیش کے خلاف ۹۳؍ رن سے بڑی جیت درج کی۔ ۱۵۔۱۵؍اوور کے اس میچ میں کرن لال اور ابھیشیک پورل (۳۹؍ گیندوں پر ۶۹؍ رن) نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے بنگال کو ۲۰۱؍ رن کے اسکور تک پہنچایا۔ اس دوران بھونیشور کمار، کلدیپ یادو اور دیویانش جوشی کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اتر پردیش کی ٹیم کبھی بھی اپنا فارم حاصل نہیں کرسکی اور ۷؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۰۸؍ رن ہی بنا سکی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK