Updated: December 02, 2025, 1:39 PM IST
|
Agency
| Monaco
ورلڈ ایتھلیٹکس ایوارڈز ۲۰۲۵ء میں سویڈن کے پول والٹر آرمونڈ ڈوپلانٹس اور امریکی رنر سڈنی میک لافلن لیورون نے سال کے بہترین ایتھلیٹ کے اعزاز اپنے نام کر لئے۔
سویڈن کے پول والٹ ایتھلیٹ آرمونڈ ڈوپلانٹس۔ تصویر:آئی این این
ورلڈ ایتھلیٹکس ایوارڈز ۲۰۲۵ء میں سویڈن کے پول والٹر آرمونڈ ڈوپلانٹس اور امریکی رنر سڈنی میک لافلن لیورون نے سال کے بہترین ایتھلیٹ کے اعزاز اپنے نام کر لئے۔ پول والٹ کے عالمی ریکارڈ ہولڈر آرمونڈ ڈوپلانٹس اور امریکی اسٹار سڈنی میک لافلن لیورون کو’ورلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر‘ کے اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا۔
سویڈن کے ۲۶؍ سالہ آرمونڈ ڈوپلانٹس نے رواں برس پول والٹ میں ۴؍ نئے عالمی ریکارڈ قائم کئے، جن میں سب سے نمایاں کارنامہ ٹوکیو میں منعقدہ ورلڈ چمپئن شپ میں ۳۰ء۶؍ میٹر کی تاریخی بلندی عبور کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔آرمونڈ ڈوپلانٹس رواں سال ۱۶؍ مقابلوں میں ناقابلِ شکست رہے اور انہوں نے انڈور و آؤٹ ڈور دونوں عالمی خطاب کے علاوہ اپنا پانچواں مسلسل ڈائمنڈ لیگ تاج بھی جیتا۔
وہیںامریکہ کی میک لافلن لیورون نے بھی ۲۰۲۵ء میں ۴۰۰؍میٹر اور ۴۰۰؍میٹر ہرڈلز دونوں میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اپنی برتری ثابت کی۔ ٹوکیو ورلڈ چمپئن شپ میں انہوں نے ۴۰۰؍ میٹر میں۴۷ء۷۸؍ سیکنڈ کے وقت کے ساتھ نہ صرف عالمی خطاب جیتا بلکہ ۴۲؍ سال پرانا چمپئن شپ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
اپنی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے ۲۶؍ سالہ میک لافلن لیورون نے کہا کہ ۲۰۲۵ءمیرے لئے ذہنی اور جسمانی حدود کو چیلنج کرنے کا سال تھا۔میں ۲۰۲۶ء میں بھی انہی حدود کو مزید آگے بڑھانا چاہتی ہوں۔
وہیںآرمونڈڈوپلانٹس نے اعزاز ملنے پر کہا کہ یہ میرے لئے انتہائی اہم ہے، خاص طور پر فیلڈ ایونٹس کے کھلاڑیوں کے لئے۔ میں پول والٹنگ سے محبت کرتا ہوں اور ہمیشہ اپنی سوفیصد کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ ایوارڈز کی تقریب میں دیگر کیٹیگریز میں بھی دنیا بھر کے نمایاں ایتھلیٹس کو سراہا گیا۔
آسٹریلیا کی نکولا اولیسلاجرز، جنہوں نے انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں میں ہائی جمپ کے عالمی خطاب جیتے، کو ویمنز فیلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر قرار دیا گیا۔کینیا کے ۸۰۰؍ میٹر کے عالمی چمپئن ایمانوئل وانیونی نے مینز ٹریک ایتھلیٹ آف دی ایئرکا اعزاز حاصل کیا۔اسپین کی ماریہ پیریز جنہوں نے ۲۰؍ کلومیٹر اور ۳۵؍ کلومیٹر ریس واک دونوں عالمی خطاب اپنے نام کئےاور لندن و برلن میراتھن کے فاتح سباسچن ساوے کو آؤٹ آف اسٹیڈیم ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈز عالمی ایتھلیٹکس میں سال بھر کی غیر معمولی کارکردگی کا اعتراف ہیں، جو ۲۰۲۵ءکو کھیلوں کی دنیا میں ایک یادگار سال بنا گئے۔