ہندوستان کے دورے کیلئے جلد تیاریاں شروع کریںگے،۲۵؍جنوری کو پہلا میچ کھیلا جائیگا۔
EPAPER
Updated: December 01, 2023, 11:17 AM IST | Agency | London
ہندوستان کے دورے کیلئے جلد تیاریاں شروع کریںگے،۲۵؍جنوری کو پہلا میچ کھیلا جائیگا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ہندوستان کے آئندہ دورے سے قبل اپنے گھٹنے کی سرجری مکمل کرالی ہے۔ واضح رہے کہ ان کی بائیں ٹانگ کے گھٹنے میں کافی عرصے سے مسئلہ تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم کو جنوری میں ہندوستان کا دورہ کرنا ہے جس کیلئے ۲؍ ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔انگلینڈ کا دورہ ۲۵؍ جنوری کو پہلے ٹیسٹ میچ سے شروع ہوگا۔
بڑے چیلنج سے پہلے ہی انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے اپنے گھٹنے کی تکلیف کے مسئلہ کو حل کرلیا ہے۔ اسٹوکس نے اپنی بائیں ٹانگ کے گھٹنے کی سرجری کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات دیں ۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ سرجری کے بعد اسپتال کے باہر کھڑے نظر آ رہے ہیں۔
بین اسٹوکس نے حال ہی میں مصروف کرکٹ شیڈول کے سبب آئندہ سال ہونے والے آئی پی ایل سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کی جانکاری خود چنئی سپر کنگز نے دی تھی۔ ایسے میں فرنچائز نے انہیں آئی پی ایل ۲۰۲۴ءکی نیلامی سے پہلے ہی ریلیز کر دیا ہے۔ورلڈ کپ کی مہم ختم کرنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم جنوری میں دوبارہ ہندوستان آئے گی۔ یہاں انگلینڈ کو ٹیم انڈیا کے خلاف ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ بین اسٹوکس اب ۲۵؍جنوری سے حیدرآباد میں شروع ہونے والی سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت کرنے کیلئے تیاریاں شروع کریں گے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اپنی پوسٹ کا کیپشن بھی دیا، ’’اب ری ہیب کا آغاز ہوتاہے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ گھٹنے کی اسی انجری کی وجہ سے بین اسٹوکس نے گرمیوں میں ایشز سیریز کے دوران آسٹریلیا کے خلاف صرف ۲۹؍ اوور گیندبازی کی تھی اور اس کے بعد انہوں نے بولنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔