Updated: July 10, 2026, 4:04 PM IST
| London
گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد فل سالٹ (ناٹ آؤٹ ۵۹؍رن ) اور کپتان ہیری بروک (ناٹ آؤٹ ۷۹؍رن) کی بہترین نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے ہندوستان کو چوتھے ٹی ۲۰؍ میں جمعرات کو نو وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں ۰۔۳؍ کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس
گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد فل سالٹ (ناٹ آؤٹ ۵۹؍رن ) اور کپتان ہیری بروک (ناٹ آؤٹ ۷۹؍رن) کی بہترین نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے ہندوستان کو چوتھے ٹی ۲۰؍ میں جمعرات کو نو وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں ۰۔۳؍ کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
ہندوستان نے کپتان شریاس ایّر کی ناٹ آؤٹ ۸۰؍ رن کی بہترین نصف سنچری کی مدد سے سات وکٹوں پر ۱۵۸؍رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا تھا لیکن انگلینڈ نے ۵ء۱۳؍ اوور میں ایک وکٹ پر۱۵۹؍ رن بنا کر مقابلہ یکطرفہ انداز میں ختم کر دیا۔۱۵۰؍ سے زیادہ رن کے تعاقب میں یہ انگلینڈ کی طرف سے تیز ترین رن کا تعاقب ہے۔ سیریز بھی ہندوستانی ٹیم ہار چکی ہے۔ کپتان شریاس کا اپنی پہلی جیت کا انتظار برقرار رہے گا۔۱۹۔۲۰۱۸ءکے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے جب ہندوستانی ٹیم لگاتار دو ٹی ۲۰؍ سیریز ہاری ہے۔
اس میچ کی بات کریں تو ہندوستانی ٹیم جب بلے بازی کر رہی تھی تو انگلینڈ کے گیند بازوں نے شارٹ اور بیک آف لینتھ گیندوں سے بلے بازوں کو کافی پریشان کیا۔ ساتھ ہی اسپنرس نے بھی کمال کی گیند بازی کی۔ ایسا لگا کہ پچ کافی دھیمی ہے لیکن ہندوستانی گیند باز پچ اور حالات کے مطابق اچھی گیند بازی کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ساتھ ہی سالٹ اور بروک نے جس طرح کی بلے بازی کی وہ قابل تعریف ہے۔ سالٹ نے ۴۲؍ گیندوں کی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ بروک نے ۳۵؍ گیندوں پر ۸؍ چوکے اور چار چھکے لگائے۔
یہ بھی پڑھئے:محمود عباس نے۲۰؍ سال بعد پہلے فلسطینی قانون ساز انتخابات کی تاریخ مقرر کی
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور اس نے ۴۸؍ رن تک پہنچتے پہنچتے اپنے چوٹی کے تین بلے باز گنوا دیے۔ ویبھو سوریاونشی ۱۵، ایشان کشن ۴؍ اور ابھیشیک شرما ۱۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن ایّر نے اس کے بعد کپتانی کی ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ۴۹؍ گیندوں میں چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۸۰؍ رن کی شاندار اننگز کھیل کر ہندوستان کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچا دیا۔ حالانکہ ہندوستان یقینی طور پر اچھے اسکور سے کافی پیچھے رہا۔
یہ بھی پڑھئے:آرین خان: شاہ رخ خان کے بیٹے کو مداحوں کے ہجوم نے گھیر لیا
۲۰۲۵ء سے اس میدان پر پہلی اننگز کا اوسط اسکور ۱۶۶؍ رہا ہے اور یہ کہنا درست ہوگا کہ ہندوستان کا اسکور امید سے کم رہا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ایک اور شاندار گیند بازی کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ پاور پلے میں ہارڈ لینتھ والی گیندوں نے کمال کیا۔ جوفرا آرچر نے ایک بار پھر ویبھو کو آؤٹ کیا اور ایشان کشن، جوش ٹنگ کا شکار بنے۔
عادل رشید نے اپنے پہلے ہی اوور میں ابھیشیک کو آؤٹ کر دیا۔ ہندوستان کے ٹاپ تین بلے باز جو سبھی بائیں ہاتھ کے تھے - کراس دی لائن شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔ شریاس ایّر اور شیوم دوبے (۲۲؍رن ) نے ۵۰؍ رن کی شراکت کی، لیکن ان کے اسکور کرنے کی رفتار سے انگلینڈ کو زیادہ پریشانی نہیں ہوئی۔ تلک ورما ۱۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ واشنگٹن سندر پانچ اور اکشر پٹیل ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔ کپتان شریاس نے ۱۸؍ویں اوور میں عادل کی گیندوں پر۶، ۴؍ اور ۶؍ رن بنا کر ان پر دباؤ بنایا لیکن آخری دو اوورس میں انگلینڈ کی کارکردگی پھر سے بہترین رہی - کوئی باؤنڈری نہیں، ۸؍ رن اور۲؍ وکٹ کیونکہ انہوں نے اپنی گیند بازی کی تبدیلیوں کا بخوبی استعمال کیا۔