• Fri, 09 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انگلش کرکٹ بورڈ ایشیز سیریز میں شرمناک شکست کا جائزہ لے گا

Updated: January 08, 2026, 4:11 PM IST | Sydney

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رچرڈ گولڈ نے کہا ہے کہ ایشیز سیریز میں انگلینڈ کی ۱۔۴؍ سے شکست کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع اور مکمل ریویو کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Ashes Match.Photo:INN
ایشیزکا میچ۔ تصویر:آئی این این

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رچرڈ گولڈ نے کہا ہے کہ ایشیز سیریز میں انگلینڈ کی ۱۔۴؍ سے شکست کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع اور مکمل ریویو کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا’’ ہم اس دورے سے بہت کچھ سیکھیں گے اور تیزی سے بہتری لانے کے لیےپُرعزم ہیں۔ ہماری توجہ ۲۰۲۷ءمیں ایشیز واپس جیتنے پر مرکوز ہے۔ اس مہم کا مکمل ریویو پہلے ہی شروع ہو چکا ہے، جس میں دورے کی منصوبہ بندی اور تیاری، انفرادی کارکردگی اور رویّے، اور حالات کے مطابق مؤثر انداز میں خود کو ڈھالنے اور ردِعمل دینے کی ہماری صلاحیت کا جائزہ شامل ہوگا۔‘‘
رچرڈ گولڈ نے ایشیز میں توقعات پر پورا نہ اترنے کو ’’انتہائی مایوس کن‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا  ’’یہ ایشیز دورہ بلند توقعات کے ساتھ شروع ہوا تھا، اسی لیے یہ نہایت مایوس کن ہے کہ ہم آسٹریلیا میں ایشیز جیتنے کے اپنے ہدف کو حاصل نہ کر سکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’اگرچہ سیریز کے دوران مضبوط کارکردگی اور لچک کے لمحات بھی سامنے آئے، جن میں میلبورن میں چوتھے ٹیسٹ کی سخت مقابلے کے بعد حاصل ہونے والی فتح شامل ہے، لیکن ہم تمام حالات اور مقابلے کے ہر مرحلے میں مطلوبہ تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور بالآخر آسٹریلیا ایشیز برقرار رکھنے کا حق دار ثابت ہوا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:بہار: زیورات کی دکانوں میں ڈھکے چہروں پر پابندی، سیاسی تنازع

ای سی بی چیف نے آئندہ مہینوں میں ’’ضروری تبدیلیاں‘‘ نافذ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ انگلینڈ کا اگلا ٹیسٹ اسائنمنٹ رواں سال جون میں ہوگا، جب وہ گھریلو سیریز میں نیوزی لینڈ کا سامنا کریں گے۔ اس کے بعد انگلینڈ ٹیم سری لنکا میں وائٹ بال سیریز کھیلے گی، جس کے بعد ہندوستان اور سری لنکا میں ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کا انعقاد ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:ملاڈ کے ۸؍وارڈوں میں ۱۹؍ مسلم امیدوار میدان میں

انہوں نے کہاکہ ’’مردوں کی ٹیم اب آئی سی سی مردوں کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا روانہ ہو رہی ہے، جو فروری میں شروع ہوگا اور ہم آنے والے مہینوں میں ضروری تبدیلیاں نافذ کریں گے۔ ہمیشہ کی طرح ہم ان شائقین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل میں ٹیم کا ساتھ دیا۔ ان کی وفاداری اور حمایت ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، اور ہم مستقبل میں بہتر کارکردگی کے ذریعے ان کے اعتماد کا صلہ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK