انگلش ٹیم نے تیسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ۳۷؍ رن سے شکست دے دی۔ سیریز پر میزبان ٹیم ۰۔۳؍ سے قابض۔
EPAPER
Updated: June 12, 2025, 11:44 AM IST | Agency | Southampton
انگلش ٹیم نے تیسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ۳۷؍ رن سے شکست دے دی۔ سیریز پر میزبان ٹیم ۰۔۳؍ سے قابض۔
بین ڈکٹ (۸۴؍ رن) اور جیمی اسمتھ (۶۰؍رن) کی شاندار نصف سنچری اننگز کے بعد انگلینڈ نے لیوک ووڈ (۳؍ وکٹ) اور عادل رشید (۲؍ وکٹ) کی شاندار بولنگ کی بدولت تیسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ۳۷؍ رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز۰۔۳؍ سے جیت لی ہے۔
انگلینڈ کے۲۴۸؍ رن کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی شروعات خراب رہی اور اس نے۳۷؍ رن کے اسکور پر اپنے دونوں اوپنرس جانسن چارلس (۹) اور ایون لوئس (۹) کے وکٹ گنوا دیئے۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والے کپتان شائی ہوپ اور شمرون ہتمائر نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ساتویں اوور میں جیکب بیتھل نے ۸؍ گیندوں پر شمرون (۲۶؍ رن) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو تیسری کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں برائیڈن کارس نے ۲۷؍گیندوں پر شائی ہوپ (۴۵؍رن) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو بڑا دھچکا دیا۔ عادل رشید نے شرفن ردرفورڈ (ایک)، روماریو شیفرڈ (صفر) کو اپنا شکار بنایا۔ جیسن ہولڈر۱۲؍ گیندوں (۲۵) میں اور گڈاکیش موتی (ایک) کو لیوک ووڈ نے آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے لیے روومین پاول نے ۴۵؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور ۴؍چھکوں کی مدد سے۷۹؍ رن (ناٹ آؤٹ) کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے شاندار بولنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ پر۲۱۱؍ رن ہی بنا سکی اور۳۷؍ رن سے میچ ہار گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے لیوک ووڈ نے ۳؍ اور لیوک ووڈ نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ برائیڈن کارس، لیام ڈاسن اور جیکب بیتھل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے منگل کی رات دیر گئے تیسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی اوپننگ جوڑی بین ڈکٹ اور جیمی اسمتھ نے شاندار آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے۱۲۰؍ رن جوڑے۔ ۹؍ویں اوور میں گڈاکیش موتی نے جیمی اسمتھ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ جیمی اسمتھ نے۲۶؍ گیندوں پر ۵؍ چھکوں اور ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۶۰؍رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے جوس بٹلر نے۱۰؍ گیندوں پر ۲۲؍ رن بنائے لیکن شرفن ردرفورڈ نے ہتمائرکے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکر پویلین بھیج دیا۔۱۵؍ویں اوور میں عقیل حسین نے بین ڈکٹ کو بولڈ کر کے ان کے سنچری بنانے کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔ بین ڈکٹ نے۴۶؍ گیندوں پر ۱۰؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۸۴؍رن بنائے۔ انگلینڈ نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۳؍ وکٹ پر۲۴۸؍ رن کا بڑا اسکور بنایا۔ کپتان ہیری بروک نے۲۲؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۵؍رن اور جیکب بیتھل نے ۱۶؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۳۶؍ رن بنائے۔عقیل حسین، گڈاکیش موتی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔