Updated: March 30, 2026, 7:07 PM IST
| London
نارتھمپٹن شائر کے ہیڈ کوچ ڈیرن لیہمن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ کافی نہیں کھیلتے اور سلیکٹرز نے ڈومیسٹک سطح کے ٹیلنٹ کو نظر انداز کیا ہے۔ لیہمن نے امید ظاہر کی کہ حالیہ ایشز سیریز میں بدترین شکست کے بعد ای سی بی اس سیزن میں فرسٹ کلاس کاؤنٹی ٹیموں کے ساتھ بہتر رابطہ قائم کرے گا۔
ڈیرن لیہمن ۔تصویر:آئی این این
نارتھمپٹن شائر کے ہیڈ کوچ ڈیرن لیہمن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ کافی نہیں کھیلتے اور سلیکٹرز نے ڈومیسٹک سطح کے ٹیلنٹ کو نظر انداز کیا ہے۔ لیہمن نے امید ظاہر کی کہ حالیہ ایشز سیریز میں بدترین شکست کے بعد ای سی بی اس سیزن میں فرسٹ کلاس کاؤنٹی ٹیموں کے ساتھ بہتر رابطہ قائم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے انگلینڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کی اور ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس سے بھی بات کی، کیونکہ اپنے پہلے سال میں انہوں نے کسی انگلش سلیکٹر کو نہیں دیکھا تھا۔نارتھمپٹن شائر کے ۲۷؍ سالہ بلے باز سیف زیب گزشتہ سیزن میں۱۴۲۵؍ رنز کے ساتھ ملک کے ٹاپ اسکورر رہے، جن کا اوسط تقریباً ۶۵؍ رہا اور انہوں نے چھ سنچریاں بھی بنائیں، اس کے باوجود انہیں انگلینڈ لائنز کے سرمائی دورے کے لیے نظر انداز کیا گیا۔
لیہمن نے کہاکہ ’’میرے خیال میں ای سی بی اس معاملے میں بہتری لانے کی کوشش کرے گا، لیکن کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ کم کھیلتے ہیں اور انہیں زیادہ کھیلنا چاہیے، اگرچہ یہ فیصلہ میرے اختیار میں نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ای سی بی کاؤنٹی ٹیموں کے قریب آنا چاہتا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ تمام کاؤنٹیوں کی آواز سنی جائے۔ ان کے مطابق کئی ایسے باصلاحیت کھلاڑی ہیں جنہیں موقع مل سکتا تھا اگر ان پر زیادہ توجہ دی جاتی۔
یہ بھی پڑھئے:گرین کے گیند بازی نہ کرنے پر کرکٹ آسٹریلیا سے پوچھیے : رہانے
گزشتہ ایشز سیریز میں، جس میں انگلینڈ کو۱۔۴؍ سے شکست ہوئی، ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑیوں نے ۲۰۲۵ء میں محدود کاؤنٹی میچز کھیلے۔ صرف چند کھلاڑی ہی چار سے زیادہ میچ کھیل سکے، جبکہ کچھ نے ایک یا دو میچ ہی کھیلے اور بعض کھلاڑی انجری کے باعث بالکل نہیں کھیل سکے۔دوسری جانب روب کی نے کہا کہ قومی ٹیم اور کاؤنٹی کرکٹ کے درمیان رابطہ مضبوط کرنے کے لیے ایک نیا ’’کاؤنٹی انسائٹ گروپ‘‘ بنایا جائے گا، جو کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے فیڈبیک فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے:امریکہ-ایران بحران کی وجہ سے شاہ رخ کی ’’کنگ‘‘ کی دبئی کی شوٹنگ منسوخ
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم سلیکشن کسی غیر رسمی طریقے سے نہیں بلکہ ایک منظم اسکاؤٹنگ نیٹ ورک اور ڈیٹا اینالیسس کے ذریعے کیا جاتا ہے، جہاں ہر گیند کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ روب کی نے کہا کہ یہ نیا گروپ سیزن کے دوران کئی بار ملاقات کرے گا تاکہ ممکنہ کھلاڑیوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کی جا سکیں، خاص طور پر ایسے کھلاڑی جو بہترین بولرز کے خلاف مستقل مزاجی سے بڑے اسکور بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔