انگلش ٹیم کی یکروزہ میچ میں ونڈیز کو ۱۶۲؍ رن پر ڈھیر کرکے شاندار فتح۔
EPAPER
Updated: May 31, 2025, 1:57 PM IST | Agency | Birmingham
انگلش ٹیم کی یکروزہ میچ میں ونڈیز کو ۱۶۲؍ رن پر ڈھیر کرکے شاندار فتح۔
جیکب بیتھل (۸۲)، بین ڈکٹ(۶۰) ، کپتان ہیری بروک (۵۷؍ رن) اور جو روٹ (۶۰) کی نصف سنچری اننگز کے بعد جیمی اوورٹن اور ثاقب محمود (۳۔۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت انگلینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ۲۳۸؍ رن سے ہرا کر ۳؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ سے برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ کی مردوں کی ایک روزہ کرکٹ میں رن کے لحاظ سے یہ دوسری سب سے بڑی فتح ہے۔ میچ میں ۸۲؍ رن کی اننگز کھیلنے والے انگلینڈ کے جیکب بیتھل کو `پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایجبسٹن اسٹیڈیم میں جمعرات کی رات کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے اتری انگلینڈ کیلئے جیمی اسمتھ اور بین ڈکٹ کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۶۴؍ رن جوڑے۔۷؍ویں اوور میں الزاری جوزف نے جیمی اسمتھ(۳۷؍رن)کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد انگلینڈ کا جو بھی بلے بازکریز پر آیا اس نے تیزی سے رن بنائے۔ بیتھل نے۸۲؍ رن کی اننگز کھیلی اور ایک وکٹ بھی لیا۔ بین ڈکٹ (۶۰)، جو روٹ (۵۷)، کپتان ہیری بروک (۵۸) نے شاندار نصف سنچری اننگز کھیلیں۔ انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ پر ۴۰۰؍رن کا بڑا اسکور بنایا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے سب سے زیادہ ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ الزاری جوزف اور جسٹن گریوس کو ۲۔۲؍ وکٹ ملے۔۴۰۱؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم انگلینڈ کے گیند بازی حملے کے سامنے ۲۶ء۲؍ اوورس میں۱۶۲؍ رن پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی خراب رہی۔۱۷؍ رن پر اس کے دونوں اوپننگ بلے بازوں کے وکٹ گنوا دیئے۔ جسٹن گریوس (۴) اور برینڈن کنگ (۱۰) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کیسی کارٹی (۲۲) اور کپتان شائی ہوپ (۲۵) نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ لیکن انگلینڈ کے گیند بازی حملے کے سامنے ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک پچ پر نہ ٹک سکا۔ عامر جنگو(۱۴) ، گڈاکیش موتی (۱۸) اور الزاری جوزف ۱۲؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخر میں بلے بازی کیلئے اترے جیڈن سیلز (ناٹ آؤٹ۲۹؍ رن) رہے۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم۱۶۲؍ رن ہی بنا سکی اور ۲۳۸؍ رن سے میچ ہار گئی۔