Updated: September 04, 2026, 4:10 PM IST
| London
اَسی وونگ کی پانچ وکٹ اور مایا باؤچیئر کی ۴۵؍ رنز کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ کی خواتین کی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کو ۱۶۲؍ گیندیں باقی رہتے چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں ۰۔۲؍ کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
اسی وونگ۔ تصویر:آئی این این
اَسی وونگ کی پانچ وکٹ اور مایا باؤچیئر کی ۴۵؍ رنز کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ کی خواتین کی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کو ۱۶۲؍ گیندیں باقی رہتے چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں ۰۔۲؍ کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور اَسی وونگ نے بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی بار پانچ وکٹ حاصل کرکے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کیا۔ ان کی قیادت میں انگلینڈ کے گیندبازوں نے آئرلینڈ کی پوری ٹیم کو ۴۷؍ اوورز میں ۱۶۵؍ رنز پر آؤٹ کردیا۔ جواب میں مایا باؤچیئر نے ۳۱؍ گیندوں پر۴۵؍ رنز کی اننگز کھیلی اور انگلینڈ نے ۲۳؍ اوورز میں چار وکٹ پر ۱۶۶؍ رنز بناکر ۲۷؍ اوورز باقی رہتے میچ جیت لیا۔
یہ بھی پڑھئے:بلجیم کے وزیراعظم کا نریندر مودی کیلئے انوکھا تحفہ سفر میں ہی پگھل گیا
آئرلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور ایلس ٹیکٹر دوسرے اوور میں رن آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد وونگ نے پاور پلے کے آخری اوور میں کپتان گیبی لوئس کو۱۹؍رنز پر بولڈ کردیا۔ ایمی ہنٹر اور اورلا پرینڈرگاسٹ نے تیسری وکٹ کے لیے ۴۵؍ رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ ہنٹر اور لیہ پال نے پانچویں وکٹ کے لیے ۵۷؍ رنز جوڑے۔ میڈی ولیئرز نے پرینڈرگاسٹ اور ریبیکا اسٹوکیل کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کرکے آئرلینڈ کو مشکلات میں ڈال دیا۔ ہنٹر نے ۶۴؍رنز بناکر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن آئرلینڈ کی ٹیم ۱۴۰؍ رنز پر ۴؍ وکٹ سے آگے بڑھتے ہوئے صرف ۲۵؍ رنز کے اندر اپنی آخری ۶؍ وکٹ گنوا بیٹھی۔
وونگ نے لیہ پال کو بولڈ کرنے کے بعد لوئیس لٹل اور کارا مرے کو بھی جلد آؤٹ کیا اور ہنٹر کو اپنی پانچویں وکٹ بنایا۔ ٹلی کورٹین کولمین نے کفایتی گیندبازی کرتے ہوئے ۱۰؍ اوورز میں صرف ۳۲؍ رنز دیے اور آخری وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں باؤچیئر نے انگلینڈ کو تیز آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے جین میگوائر کے ایک اوور میں چار چوکے لگائے، جبکہ صوفیا ڈنکلی نے پرینڈرگاسٹ کی گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ انگلینڈ نے سات اوورز میں ہی ۵۰؍ رنز مکمل کرلیے۔
یہ بھی پڑھئے:میری ناکامیوں نے والدین کو بے بس کر دیا تھا: میگھنا گلزار
ڈنکلی رن آؤٹ ہوگئیں، جبکہ باؤچیئر بھی پاور پلے کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئیں۔ ایلس کیپسی ایل بی ڈبلیو ہوگئیں، لیکن جوڈی گریوکاک اور فریا کیمپ کی مختصر مگر مؤثر اننگز نے انگلینڈ کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ گریوکاک ٹیم کو فتح تک نہیں لے جا سکیں، تاہم ڈینیئل گبسن نے ۲۲؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۶؍ رنز بنائے۔ انہوں نے تین گیندوں کے اندر دو چھکے لگاکر انگلینڈ کو میچ اور سیریز دونوں میں فتح دلا دی۔ کیمپ ۲۹؍رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آئرلینڈ کی مشکلات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے ۱۱؍ وائیڈز دیے اور معمولی ہدف کا دفاع کرتے ہوئے بھی گیندبازی میں مطلوبہ کنٹرول برقرار نہیں رکھ سکا۔