آج دونوں ٹیموں کے درمیان بین الاقوامی دوستانہ فٹ بال مقابلہ،گزشتہ ۲؍میچ میں کامیابی سے ٹیم انڈیا تحریک حاصل کرےگی۔
EPAPER
Updated: June 04, 2025, 1:11 PM IST | Agency | Pathum Thani
آج دونوں ٹیموں کے درمیان بین الاقوامی دوستانہ فٹ بال مقابلہ،گزشتہ ۲؍میچ میں کامیابی سے ٹیم انڈیا تحریک حاصل کرےگی۔
ہندوستان کی فٹ بال ٹیم جب بدھ کو یہاں ایک بین الاقوامی دوستانہ فٹ بال میچ میں اپنے ایشیائی حریف تھائی لینڈ کا سامنا کرے گی، تو وہ اپنی پچھلی ۲؍ فتوحات اور کرشمائی کھلاڑی سنیل چھتری کے اچھے فارم سے تحریک حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور تھائی لینڈ اکثر ایک دوسرے کے آمنے سامنے رہے ہیں ۔
میچ سنسنی خیز ہوگا
ایشین گیمز سے لے کر ایشین کپ تک، کنگز کپ سے نہرو کپ تک، مردوں کے فٹ بال میں ہندوستان اور تھائی لینڈ کے میچوں کی تاریخ کافی پرانی ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ۱۹۶۲ءمیں جکارتہ میں ہونے والے ایشین گیمز میں ہوا تھا۔ ہندوستان نے اسے ایک کے مقابلے ۴؍گول سے جیتا تھا۔ تب سے اب تک دونوں ٹیمیں ۲۶؍بار آمنے سامنے ہو چکی ہیں ۔ ہندوستان نے ۷؍ میچ جیتے ہیں جبکہ تھائی لینڈ نے ۱۲؍جیتے ہیں ۔ باقی ۷؍ میچ ڈرا رہے ہیں ۔ ہندوستان نے تھائی لینڈ کے خلاف ۲۰۱۹ءمیں کھیلے گئے آخری دونوں میچ جیتے تھے۔
ہندوستان آج ہونے والے میچ میں ان فتوحات سے تحریک حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ ابوظہبی میں ۲۰۱۹ء اے ایف سی ایشیائی کپ میں ہندوستان نے تھائی لینڈ کے خلاف چار ایک کی سنسنی خیز جیت درج کی تھی۔ اس کے بعد اس نے تھائی لینڈ کو ان کی سرزمین پر کنگز کپ میں ایک صفرسے شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ ایشین کپ کی جیت میں پہلے ۲؍ گول کرنے والے سنیل چھیتری نے اس کارکردگی کو یاد کیا جس نے براعظمی مقابلے میں جیت کے لئے ہندوستان کے ۵۵؍سالہ انتظار کو ختم کیا۔
سنیل چھیتری نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا’’یہ کافی عرصہ پہلے کی بات ہے۔ مجھے اس میچ کے بارے میں جو یاد ہے وہ یہ ہے کہ اس میچ میں ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ وہ میچ خاص تھا کیونکہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں نے اس میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ہمارے لئے یہ جاننے کا بھی ایک موقع ہے کہ ایک اچھے دن، اگر ہم محنت کریں ، تو ہم ویسی کامیابی دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں ۔ مجھے امید ہے کہ ہماری ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرےگی۔ ‘‘
آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کوچ نے کہا’’ہندوستان کو اب تھائی لینڈ کے خلاف جیت کی ہیٹ ٹرک بنانے کے لئے ۴۰؍ سالہ کرشمائی اسٹرائیکر کی گول کرنے کی صلاحیت اور اس کی متاثر کن قیادت کی ضرورت ہوگی۔ فیفا کی درجہ بندی میں ہندوستان اس وقت ۱۲۷؍ویں نمبر پر ہے جبکہ تھائی لینڈ ۹۹؍ویں نمبر پر ہے۔