انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جیمی اسمتھ ہندوستان کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پُر اعتماد، سیریز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: June 06, 2025, 11:33 AM IST | Agency | London
انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جیمی اسمتھ ہندوستان کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پُر اعتماد، سیریز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جیمی اسمتھ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف یکروزہ سیریز میں اوپننگ کا تجربہ انہیں ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع ان کے لئے ایک بہترین مشق کے طور پر آیا ہے۔ واضح رہے کہ اسمتھ نے گزشتہ روز اوول میں انگلینڈ کی ۷؍ وکٹوں سے جیت کے دوران ۲۵؍گیندوں میں نصف سنچری بنائی، جو ون ڈے میں ان کی پہلی ہاف سنچری تھی۔ انہوں نے کہا کہ نئی گیند کے ساتھ اچھے گیندبازوں کا سامنا کرنا ان کے مجموعی کھیل کے لئے فائدہ مند رہا ہے۔
جیمی اسمتھ نے کہا’’یہ ایک ایسا موقع تھا جہاں آپ اوپننگ کا تجربہ حاصل کر سکتے تھے جب گیند سوئنگ کر رہی ہو۔ یہ یقینی طور پر ہندوستان کے خلاف سیریز کے لئے ایک بہترین مشق ہے۔ یہ تینوں میچ کھیلنا بہت اچھا تھا اور اس سے پہلے زمبابوے کا ٹیسٹ بھی اچھا تھا۔ ‘‘۳؍ میچوں کی سیریز میں اسمتھ کا اسٹرائیک ریٹ ۱۸۰ء۳۵؍تھا جس میں انہوں نے ۳۷، صفراور ۶۴؍رن بنائے اور انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تین صفر سے شکست دی۔ وہ گزشتہ ستمبر سے انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کا باقاعدہ حصہ ہیں۔
انہوں نے گزشتہ موسم گرما میں ٹیسٹ کرکٹ میں جونی بیرسٹو کی جگہ لے کر بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کیا تھا۔ اسمتھ انگلینڈ کی ٹی۔ ۲۰؍ ٹیم میں شامل نہیں ہیں جو جمعہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کھیلے گی۔ ان کی جگہ فل سالٹ آئی پی ایل سے واپسی کر رہے ہیں۔ اسمتھ کو اب ۲۰؍ جون سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل تھوڑا وقفہ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ میں اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ اگلے ۱۰؍ دن تیاری کے لحاظ سے اچھے گزریں گے اور ہم تازہ دم ہوکر ٹیم انڈیا کے خلاف سیریز میں اتریں گے جو بہت اچھا ہوگا۔
جیمی اسمتھ نے ابھی تک کسی بھی فارمیٹ میں ہندوستان کے مایہ ناز گیندباز جسپریت بمراہ کا سامنا نہیں کیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سیریز سے قبل ان کی ویڈیوز دیکھنے میں زیادہ وقت نہیں گزاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاید میں ساتویں نمبر پر کھیل کھیلوں گا اس لئےمیں پہلے دوسروں کو انہیں کھیلتے ہوئے دیکھ سکتا ہوں۔ یہ یقینی طور پر ایک چیلنج ہے۔ واضح رہے کہ اسمتھ دسمبر میں والد بنے ہیں اور وہ اگلے ہفتے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل بھی نہیں دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا گھر میں کرنے کو بہت کچھ ہوگا کہ میں مصروف رہوں گا۔ کوشش کروں گا کہ ٹی وی اور کرکٹ سے دور رہوں اور اچھی ذہنی اور جسمانی حالت میں رہوں تاکہ ٹیسٹ سیریز سے پہلے خود کو تیار رکھ سکوں۔ میں آخری ٹیسٹ تک خود کو تازہ دم اور مکمل فٹ رکھنا چاہتا ہوں۔ انگلینڈ کے اگلے ۱۰؍ ٹیسٹ ان کے لئے تاریخی ثابت ہو سکتے ہیں جن میں ہندوستان کے خلاف ۵؍ ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا میں ایشز سیریز کھیلی جائے گی۔ اسمتھ نے کہا کہ ہم دنیا کی ۲؍ شاندارٹیموں کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ ہمارے لئے سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم ایک وقت میں ایک ہی میچ پر توجہ مرکوز کریں۔ سب جانتے ہیں کہ آگے کیا چیلنج آنے والا ہے، لیکن یہ بہتر ہو گا کہ ہم حال پر توجہ مرکوز کر سکیں۔ ہم اچھی پوزیشن میں ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ ہر کوئی اس چیلنج کے لئے پُرجوش اور تیار ہے۔