Updated: April 29, 2026, 5:04 PM IST
| Zurich
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے رواں برس امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے مالی تقسیم میں زبردست اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے بڑھتے ہوئے سفری اخراجات اور آپریشنل چیلنجز کے پیش نظر اب مجموعی ادائیگیوں کو بڑھا کر تقریباً ۹۰۰؍ ملین ڈالر کر دیا گیا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ ۔تصویر:آئی این این
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے رواں برس امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے مالی تقسیم میں زبردست اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے بڑھتے ہوئے سفری اخراجات اور آپریشنل چیلنجز کے پیش نظر اب مجموعی ادائیگیوں کو بڑھا کر تقریباً ۹۰۰؍ ملین ڈالر کر دیا گیا ہے۔
وینکوور میں فیفا کانگریس سے قبل ہونے والے کونسل اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے مختص رقم اب ۸۷۱؍ ملین ڈالر ہوگی۔ اس سے قبل دسمبر میں یہ رقم ۷۲۷؍ ملین ڈالر مقرر کی گئی تھی۔ کوالیفائی کرنے والی تمام ۴۸؍ ٹیموں کو تیاریوں کے لیے دی جانے والی رقم ۵ء۱؍ ملین ڈالر سے بڑھا کر ۵ء۲؍ ملین ڈالر کر دی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنے پر ملنے والی رقم ۹؍ ملین ڈالر سے بڑھا کر ۱۰؍ ملین ڈالر کر دی گئی ہے۔ ٹیموں کے وفود کے اخراجات اور ٹکٹوں کے کوٹے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے اپنے بیان میں کہا’’فیفا اس وقت تاریخ کی مضبوط ترین مالی پوزیشن میں ہے، جو ہمیں اپنی ممبر ایسوسی ایشنز کی بے مثال طریقے سے مدد کرنے کے قابل بناتی ہے۔ یہ اس بات کی ایک اور مثال ہے کہ کس طرح فیفا کے وسائل کو دوبارہ کھیل کی بہتری کے لیے لگایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:پی ایس جی بمقابلہ بائرن: پیرس سینٹ جرمین کو معمولی برتری
یہ اضافہ ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کئی رکن ممالک نے تشویش ظاہر کی تھی کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو جیسے وسیع خطے میں ٹورنامنٹ کے دوران ٹیکس، سفر اور قیام کے بھاری اخراجات کی وجہ سے انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فیفا نے ان اضافی فنڈز کے ذریعے ان خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:پی ایس جی بمقابلہ بائرن: پیرس سینٹ جرمین کو معمولی برتری
واضح رہے کہ ۲۰۲۶ء کا ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوگا جس سے فیفا کو تقریباً ۱۳؍ بلین ڈالر کی آمدنی کی توقع ہے۔ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو۵۰؍ ملین ڈالر ملیں گے۔ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ۳۳؍ ملین ڈالر دیے جائیں گے۔تیسری اور چوتھی پوزیشن: بالترتیب ۲۹؍ ملین اور ۲۷؍ ملین ڈالر کی حقدار ہوں گی۔یہ انعامی رقم ۲۰۲۲ء کے قطر ورلڈ کپ کے مقابلے میں ۵۰؍ فیصد زیادہ ہے۔