گروپ سی میں مراکش اور پانچ مرتبہ کے عالمی چیمپئن برازیل نے پوائنٹس برابر بانٹ لیے۔ مراکش نے اسماعیل صیباری کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، لیکن آخرکار دونوں ٹیمیں برابر رہیں اور ہر ایک کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔
EPAPER
Updated: June 14, 2026, 7:18 AM IST | New York
گروپ سی میں مراکش اور پانچ مرتبہ کے عالمی چیمپئن برازیل نے پوائنٹس برابر بانٹ لیے۔ مراکش نے اسماعیل صیباری کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، لیکن آخرکار دونوں ٹیمیں برابر رہیں اور ہر ایک کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔
مراکش نے پانچ بار کے عالمی چیمپئن کے خلاف برتری حاصل کی، مگر گروپ سی میں دونوں ٹیموں کو پوائنٹس تقسیم کرنا پڑے۔وینیسیئس جونیئر اور اسماعیل صیباری نے شاندار گول اسکور کیے جبکہ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے دو مضبوط دعوے دار، برازیل اور مراکش، نیویارک/نیو جرسی میں ایک سنسنی خیز مقابلے میں آمنے سامنے آئے۔گروپ سی کا یہ مقابلہ پانچ بار کے عالمی چیمپئن برازیل اور قطر ورلڈ کپ ۲۰۲۲ءکے سیمی فائنلسٹ مراکش کے درمیان کھیلا گیا۔
مراکش وہ پہلی افریقی ٹیم تھی جس نے ورلڈ کپ کے آخری چار مرحلے تک رسائی کی تھی۔ بھرے ہوئے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ ۱۔۱؍گول سے برابر رہا۔ مراکش نے برازیل کو حیران کر دیا جب براہیم دیاز نے نہایت خوبصورتی سے ایک تھرو بال برازیل کے دفاع کے درمیان سے گزاری۔ اسماعیل صیباری نے اس پر دوڑ لگائی اور آگے بڑھتے ہوئے گول کیپر ایلیسن کے اوپر سے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ تاہم، مراکش کی یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔
برازیل کے لیے اس وقت کوئی خاص خطرہ دکھائی نہیں دے رہا تھا جب برونو گیمارائش نے پنالٹی ایریا کے بائیں جانب گہرائی میں موجود وینیسیئس جونیئر کو گیند دی۔ وینیسیئس اندر کی جانب مڑے اور اپنے دائیں پاؤں سے ایک زبردست شاٹ لگایا جو بے بس یاسین بونو کے پاس سے گزرتا ہوا گول میں جا پہنچا۔ہاف ٹائم سے قبل لوکاس پاکویتا نے ایک شاندار اکروبیٹک کوشش کی، لیکن بونو نے عمدہ انداز میں بائیں جانب ڈائیو لگا کر گیند کو دور دھکیل دیا۔
یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ: قطر نے سوئس کھلاڑی کے ذریعہ ایک اہم پوائنٹ حاصل کر لیا
دوسرے ہاف میں بھی تجربہ کار مراکشی گول کیپر مستعد رہے جب انہوں نے وینیسیئس کے کٹ بیک پاس پر رافینیا کی کوشش کو ناکام بنایا۔دوسری طرف برازیل کے گول کیپر ایلیسن بھی اضافی وقت میں مکمل طور پر چوکس رہے۔ انہوں نے نیل العیناوی کے دور سے لگائے گئے طاقتور شاٹ کو ڈائیو لگا کر روکا اور پھر فوراً ردعمل دکھاتے ہوئے ایوب اماعیمونی کی ریباؤنڈ کوشش کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھئے:ٹیلر سوئفٹ ’’سونگ رائٹرز ہال آف فیم‘‘ کا حصہ، اعزاز یافتہ کم عمر ترین نغمہ نگار
میچ کے بعد برازیل کے کوچ کارلو اینچیلوتی نے میچ کے بعد کہا کہ ’’میرے خیال میں ہم نے میچ کا آغاز اچھا نہیں کیا، اور اس بات پر مجھے کچھ تشویش ہے۔ ہم نے بہت سے مقابلے اور گیند پر کنٹرول کھو دیا تھا، لیکن ایک مشکل میچ میں ہم نے دوسرے ہاف میں بہتری دکھائی کیونکہ مراکش ایک اچھی ٹیم ہے۔ پہلے ہاف میں ہمیں ان کے دباؤ سے نکلنے میں مشکلات پیش آئیں اور ہم کھیل پر زیادہ کنٹرول حاصل کر سکتے تھے۔ کیا میں مطمئن ہوں؟ حقیقت میں نہیں۔ میں بہتر آغاز کی توقع کر رہا تھا، لیکن فٹبال میں ایسا ہو جاتا ہے۔ اب میری توجہ اگلے میچ پر ہوگی۔‘‘