سان فرانسسکو بے ایریا میں گروپ بی کے میچ میں سوئزرلینڈ کے ڈیفینڈرمیرو موہائم کے آخری لمحات میں کیے گئے ’اون‘ گول نے قطر کو ایک قیمتی پوائنٹ دلا دیا۔
EPAPER
Updated: June 14, 2026, 7:05 AM IST | san Francissco
سان فرانسسکو بے ایریا میں گروپ بی کے میچ میں سوئزرلینڈ کے ڈیفینڈرمیرو موہائم کے آخری لمحات میں کیے گئے ’اون‘ گول نے قطر کو ایک قیمتی پوائنٹ دلا دیا۔
قطر نے فیفا ورلڈ کپ میں اپنی تاریخ کا پہلا پوائنٹ حاصل کیا جب اضافی وقت کے چوتھے منٹ میں میرو موہائم کے اپنے ہی گول کی بدولت انہیں گروپ بی کے حریف سوئزر لینڈ کے خلاف۱۔۱؍ سے میچ ڈرا ہوا۔ میچ کے ۱۷؍ویں منٹ میں بریل ایمبولو کے پنالٹی گول کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ یہی گول فیصلہ کن ثابت ہوگا، خاص طور پر اس قطر ٹیم کے خلاف جو پہلی بار اپنے ملک سے باہر ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی تھی۔ تاہم، متبادل کھلاڑی موہائم نےبوعلام خوخی کے دباؤ میں آ کر ہومام احمدکے کراس پر ہیڈر لگایا جو ان کے اپنے ہی گول میں چلا گیا اور سوئس ٹیم اپنی ناقص فِنشنگ پر افسوس کرتی رہ گئی، حالانکہ اس نے پورے میچ میں ۲۶؍ کوششیں کیں۔
یہ بھی پڑھئے:وکرم بھٹ کو خوفناک کہانیوں میں اتنی دلچسپی کیوں ہے؟ ڈائریکٹر نے راز سے پردہ اٹھایا
مراد یاکن کی ٹیم نے پہلے ہاف میں کھیل پر مکمل گرفت رکھی۔ ڈین ندویے نے گول سے پہلے بھی کئی خطرناک مواقع پیدا کیے تھے۔ ایمبولو کا پنالٹی گول محمود ابوندا کی جانب سے ریمو فریولر پر فاؤل کے بعد دیا گیا۔ ندویے پہلے ہاف میں ہیٹ ٹرک بھی کر سکتے تھے جبکہ مڈفیلڈر میشیل ایبشر کا ایک شاٹ وقفے سے کچھ پہلے گول لائن سے کلیئر کر دیا گیا۔
دوسری جانب قطر کو میچ کا پہلا واضح موقع دوسرے ہی منٹ میں ملا جب ایڈملسن جونیئر،مانویل اکانجی کی غلطی کے بعد اکیلے گول کی جانب بڑھ گئے، لیکن ان کا شاٹ گول کیپر گریگور کوبل کے بہت قریب گیا۔ سوئزرلینڈ کی برتری کے باوجود ایڈملسن نے وقفے سے پہلے ایک اور اچھا موقع بنایا، تاہم کوبل نے اپنے پاؤں سے عمدہ بچاؤ کیا۔
دوسرا ہاف نسبتاً سست رفتار رہا، لیکن خوان ورگاس اور ایمبولو کے قریب سے ضائع ہونے والے مواقع کے بعد موہائم کے اپنے ہی گول نے میچ کو ڈرامائی انجام دیا۔ سوئزرلینڈ اپنے آخری سات ورلڈ کپ افتتاحی میچوں میں ناقابلِ شکست رہا ہے، مگر اختتامی سیٹی پر جشن قطر کی ٹیم منا رہی تھی، جو گزشتہ ورلڈ کپ کی میزبان بھی رہ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اسپین کے لیے خوشخبری، الامین جمال اور نیکو ولیمز نے مکمل تربیت کا آغاز کر دیا
قطر کے کوچ جولین لوپیٹیگی نے کہا کہ ’’صرف یہاں موجود ہونا ہی ایک تاریخی لمحہ تھا۔ آج سوئزر لینڈجیسی ٹیم کے خلاف ایک پوائنٹ حاصل کرنا بہت اہم ہے، کیونکہ میرے خیال میں وہ اس وقت یورپ کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ان کے پاس مضبوط ڈھانچہ، مستقل مزاج کوچنگ اور اعلیٰ لیگز میں کھیلنے والے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ ایسے نتیجے کے لیے خاص حالات درکار ہوتے ہیں، جیسے آج تھے۔ ہم نے مشکل لمحات کا سامنا کیا، پیچھے ہونے کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا، اور آخرکار اس گول کی صورت میں انعام ملا جس نے ہمیں وہ پہلا ورلڈ کپ پوائنٹ دلایا جو پہلے کبھی ہمارے پاس نہیں تھا۔