Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈکپ :رافیل مارکیز میکسیکو فٹبال ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

Updated: July 09, 2026, 8:02 PM IST | Mexico City

میکسیکن فٹبال فیڈریشن (ایف ایم ایف) نے سابق کپتان اور عظیم ڈیفنڈررافیل مارکیز کو میکسیکو کی قومی فٹبال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ ۴۷؍ سالہ مارکیز۲۰۳۰ء تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔

Rafael Marquez.Photo:X
رافیل مارکیز۔ تصویر:ایکس

 میکسیکن فٹبال فیڈریشن (ایف ایم ایف) نے سابق کپتان اور عظیم ڈیفنڈررافیل مارکیز کو میکسیکو کی قومی فٹبال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ ۴۷؍ سالہ مارکیز۲۰۳۰ء تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
مارکیز جیویئر اگیئرےکی جگہ لیں گے، جنہوں نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء  کے راؤنڈ آف ۱۶؍ میں انگلینڈ کے ہاتھوں ۲۔۳؍گول کی شکست کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ایف ایم ایف نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ مارکیز کی تقرری ایک پہلے سے طے شدہ طویل مدتی منصوبے کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد گزشتہ ورلڈ کپ سائیکل میں ہونے والے کام کو آگے بڑھانا، قومی ٹیم کے کھیل کے معیار کو مزید بہتر بنانا اور آئندہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے لیے مضبوط تیاری کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ ایران جنگ بندی ختم: خلیج پھر جنگ کے دہانے پر، سفارتی کوششیں تیز


رافیل مارکیز کو میکسیکو کے کامیاب ترین فٹبالرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کریئر میں ملک کے لیے ۱۴۸؍ میچ کھیلے اور کئی بڑے ٹورنامنٹس میں ٹیم کی قیادت کی۔ جولائی ۲۰۲۴ء سے وہ جیویئر اگیئرے کے کوچنگ اسٹاف میں اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اب انہیں پہلی بار قومی ٹیم کی مکمل ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
جیویئر اگیئرے کی بطور ہیڈ کوچ یہ تیسری مدت تقریباً دو سال تک جاری رہی۔ اس دوران انہوں نے ٹیم کو کئی اہم کامیابیاں دلائیں۔ ان کی قیادت میں میکسیکو نے ۲۰۲۵ء میں کونکاکاف گولڈ کپ اور نیشنز لیگ کے ٹائٹل اپنے نام کیے۔ ان کے دور میں ٹیم نے مجموعی طور پر ۵۰؍ میچ کھیلے، جن میں ۳۳؍ میں کامیابی حاصل کی، ۹؍میچ برابر رہے جبکہ ۸؍ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فیڈریشن نے کہا کہ اگیئرے نے میکسیکو فٹبال کی تاریخ میں ایک ایسی میراث چھوڑی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے:فیفا نے مائیکل اولیس کو ملے پیلے کارڈ کے خلاف فرانس کی اپیل خارج کی


ایف ایم ایف نے سوشل میڈیا پر بھی جیویئر اگیئرے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی کامیابیاں ہمیشہ میکسیکو فٹبال کی تاریخ کا حصہ رہیں گی۔ انگلینڈ سے شکست کے بعد اپنے الوداعی بیان میں اگیئرے نے اشارہ دیا تھا کہ رافیل مارکیز ہی ٹیم کے اگلے کوچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا’’میں نے رافیل مارکیز کو گلے لگایا۔ ان کے سامنے چار شاندار سال ہیں اور ٹیم کے لیے ایک مضبوط بنیاد پہلے ہی تیار ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK