Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفاورلڈ کپ سیمی فائنل۲۰۲۶ء: ایمباپے اور الامین جمال پر سبھی کی نظریں

Updated: July 13, 2026, 9:52 PM IST | Texas

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے سیمی فائنل میں اسپین کے نوجوان اسٹار الامین جمال اور فرانس کے کپتان کلین ایمباپے کے درمیان ہونے والی ٹکر کو عالمی فٹ بال کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ دونوں سپر اسٹارز کی یہ دلچسپ کشمکش نہ صرف فائنل میں رسائی بلکہ نئی اور پرانی نسل کی برتری کا بھی امتحان ہوگی۔

Mbappe and Lamine Yamal. Photo: INN
ایمباپے اورالامین جمال۔ تصویر: آئی این این

ٹیکساس کے میدان پر ہونے والا یہ مہا ٹکراؤ محض دو ٹیموں کا نہیں، بلکہ یورپ کے دو مایہ ناز فٹ بال آئیکونز کی بالادستی کی جنگ ہے، جہاں ایک طرف پختگی کا عزم ہے تو دوسری طرف جوانی کا جوش۔ جب فرانس کے اسٹار اسٹرائیکر اور کپتان کلین ایمباپے نے۲۰۱۸ء کے ورلڈ کپ فائنل میں کروشیا کے خلاف گول داغ کر اپنی ٹیم کو چیمپئن بنایا تھا، تو ان کی عمر محض ۱۹؍سال تھی۔ وہ پیلے کے بعد ورلڈ کپ فائنل میں گول کرنے والے تاریخ کے دوسرے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے تھے۔ اب، بدھ کو ہونے والے ورلڈ کپ۲۰۲۶ءکے سیمی فائنل میں، اسپین کے نوعمر سنسنی خیز کھلاڑی الامین جمال اپنے اسی حریف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کم عمری میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ لیکن اس خواب کی تعبیر کیلئے انہیں پہلے ایمباپے کی مضبوط فرانسیسی دیوار کو گرانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: سیمی فائنل سے پہلے انگلینڈ کو ادھوری کڑی تلاش کرنی ہوگی: ہیری کین

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ایمباپے کا ورلڈ کپ سے عشق پرانا ہے، وہیں ۱۹؍ سالہ الامین جمال اس میگا ایونٹ میں پہلی بار جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ تاہم، جمال بڑے اسٹیج پر دھماکے دار کارکردگی دکھانے کا ہنر بخوبی جانتے ہیں۔ یورو ۲۰۲۴ءکے سیمی فائنل میں انہوں نے اسی ایمباپے کی فرانس کے خلاف ایک سحر انگیز گول کر کے اسپین کو۲۔ ۱؍ سے فتح دلائی تھی، اور بعد میں ٹورنامنٹ کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔ اب ارلنگٹن (ٹیکساس) میں ہونے والے سیمی فائنل سے ٹھیک ایک دن پہلے جمال اپنی۱۹؍ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اور وہ اس ورلڈ کپ پر اپنی گہری چھاپ چھوڑنے کیلئے بے قرار ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ٹیم کو لگاتار مل رہی کامیابی عام بات نہیں : میسی

بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد، جمال کو ڈر تھا کہ وہ کہیں ورلڈ کپ سے ہی باہر نہ ہو جائیں۔ تاہم، انہوں نے بروقت واپسی کی اور سعودی عرب کے خلاف گول بھی داغا لیکن اس کے بعد سے وہ اب تک مزید کوئی گول اسکور نہیں کر سکے۔ ہسپانوی کپتان روڈری نے جمال کی اس کیفیت پر بات کرتے ہوئے کہا ’’جمال کو اپنی اس بے چینی پر قابو پانے کی ضرورت ہے جو وہ کبھی کبھی خود کو اہم ثابت کرنے کے چکر میں دکھا دیتے ہیں۔ جب وہ یورو کپ میں اتنی پختگی دکھا چکے ہیں، تو اب دو سال بعد ان کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK