Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ۲۶ء: رونالڈو ورلڈ کپ سے باہر، مگر سوشل میڈیا کے بے تاج بادشاہ بن گئے

Updated: July 08, 2026, 10:05 PM IST | Lisbon

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء سے پرتگال کی رخصتی کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو جذباتی خراجِ تحسین۔ سوشل میڈیا پر لاکھوں نئے فالوورز۔ مجموعی فالوونگ ایک ارب سے تجاوز کرگئی۔لاکھوں ویڈیوز اور پوسٹس نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا۔

Cristiano Ronaldo. Photo: X
کرسٹیا نو رونالڈو۔ تصویر: ایکس

۶؍ جولائی کو فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں پرتگال کی مہم اختتام پذیر ہوگئی لیکن کرسٹیانو رونالڈو کی شہرت میں کئی گنا زیادہ اضافہ ہوگیا۔ اسپین کے ہاتھوں پرتگال کی شکست کے بعد دنیا بھر کے مداحوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رونالڈو کو جذباتی انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انسٹاگرام، ایکس، فیس بک، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر رونالڈو کے نام سے وابستہ ویڈیوز، ریلز، شارٹس اور پوسٹس کی بھرمار ہوگئی جبکہ #ThankYouRonaldo، #CR7، #GOAT اور #Legend جیسے ہیش ٹیگز کئی ممالک میں مسلسل ٹرینڈ کرتے رہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق فیفا کے آغاز سے لے کر اب تک رونالڈو کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں کم و بیش ۴۲؍ لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح پرتگال کی رخصتی کے بعد رونالڈو کیلئے ۲۸؍ لاکھ سے زائد ویڈیوز پوسٹ کئےگئے۔

ورلڈ کپ سے قبل بھی رونالڈو دنیا کے سب سے زیادہ مقبول کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے، تاہم پرتگال کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لاکھوں نئے مداحوں نے انہیں فالو کرنا شروع کردیا۔ مختلف ڈجیٹل پلیٹ فارمز کے اندازوں کے مطابق چند ہی دنوں میں ان کے انسٹاگرام فالوورز میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ انسٹاگرام، فیس بک، ایکس اور یوٹیوب سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر ان کے مجموعی فالوورز کی تعداد ایک ارب سے آگے نکل گئی، جس کے ساتھ وہ دنیا کی پہلی شخصیت بن گئے جس نے یہ منفرد سنگ میل عبور کیا ہے۔

رونالڈو کی رخصتی کے بعد صرف عام شائقین ہی نہیں بلکہ سابق فٹبالرز، کھلاڑیوں، فنکاروں، انفلوئنسرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے ان کے کریئر کے یادگار لمحات پر مبنی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔ متعدد پوسٹس میں انہیں ’’فٹ بال کا عظیم ترین کھلاڑی‘‘، ’’نسلوں کا ہیرو‘‘ اور ’’ہمیشہ کے لیے لیجنڈ‘‘ قرار دیا گیا۔ سابق فرانسیسی اسٹار تھیری ہنری نے بھی کہا کہ رونالڈو کی میراث کسی ایک شکست کی محتاج نہیں بلکہ وہ ہمیشہ ناقابلِ فراموش رہے گی۔
سوشل میڈیا تجزیہ کاروں کے مطابق ورلڈ کپ کے اختتامی مراحل میں رونالڈو دنیا بھر میں سب سے زیادہ زیرِ بحث رہنے والی شخصیات میں شامل رہے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر ان کے نام سے منسلک لاکھوں ویڈیوز، ریلز اور شارٹس اپ لوڈ کیے گئے، جبکہ ان سے متعلق پوسٹس کو کروڑوں مرتبہ دیکھا، پسند اور شیئر کیا گیا۔ مداحوں نے ان کے ابتدائی دنوں سے لے کر چھٹے ورلڈ کپ تک کے سفر کو جذباتی انداز میں یاد کیا اور انہیں جدید فٹبال کی سب سے بڑی علامت قرار دیا۔ 

خیال رہے کہ رونالڈو نے ورلڈ کپ سے قبل اعلان کیا تھا کہ یہ ان کے کریئر کا آخری عالمی کپ ہوگا۔ اگرچہ پرتگال ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکا، تاہم ۴۱؍ سالہ سپر اسٹار نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ میدان سے باہر ان کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ان کے آنسوؤں سے رخصت ہونے کی تصاویر اور ویڈیوز چند ہی گھنٹوں میں دنیا بھر میں وائرل ہوگئے، جبکہ معروف برانڈز اور کھیلوں کی شخصیات نے بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید دور میں کسی کھلاڑی کی مقبولیت صرف میدان تک محدود نہیں رہتی، بلکہ ڈجیٹل دنیا میں اس کی موجودگی بھی اس کی عالمی حیثیت کا تعین کرتی ہے۔ اس اعتبار سے رونالڈو نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ ورلڈ کپ سے رخصتی ان کے کریئر کا اختتام نہیں بلکہ ان کی عالمی مقبولیت کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ ان کے مداحوں کے لیے وہ آج بھی صرف ایک فٹبالر نہیں بلکہ محنت، استقامت، نظم و ضبط اور کامیابی کی زندہ علامت ہیں، یہی وجہ ہے کہ پرتگال کی شکست کے باوجود سوشل میڈیا پر اصل فاتح رونالڈو ہی دکھائی دیے۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Portugal (@portugal)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK