ہندوستان کی جانب سے واحد گول گرجنت سنگھ نے۶۰؍ویں منٹ میں کیا، ۱۹؍ فروری کو روڑکیلا میں اگلے میچ میں ٹیم انڈیاکا اسپین سے مقابلہ ہوگا۔
EPAPER
Updated: February 18, 2024, 9:36 AM IST | Agency | Bhubaneswar
ہندوستان کی جانب سے واحد گول گرجنت سنگھ نے۶۰؍ویں منٹ میں کیا، ۱۹؍ فروری کو روڑکیلا میں اگلے میچ میں ٹیم انڈیاکا اسپین سے مقابلہ ہوگا۔
گرجنت سنگھ کے آخری لمحات میں شاندار گول کی بدولت ہندوستان نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ ۲۰۲۴ء کے بھونیشور لیگ کا اختتام جمعہ کی رات کالنگا ہاکی اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے خلاف۰-۱؍ سے جیت درج کرکے کیا۔ ہندوستان کی جانب سے واحد گول گرجنت سنگھ نے۶۰؍ویں منٹ میں کیا۔ میچ میں ہندوستان نے حملہ کی شروعات کی۔ انہیں میچ کا پہلا پنالٹی کارنر تیسرے منٹ میں ملا لیکن ہرمن پریت کی ڈریگ فلک کو آئرش ڈیفنڈر نے پوسٹ کے قریب بچا لیا۔
آئرلینڈ نے جوابی حملہ کیا، حالانکہ میتھیو نیلسن کا شاٹ۱۱؍ویں منٹ میں گول پوسٹ سے باہر چلا گیا۔ ابتدائی کوارٹر بغیر گول کے ختم ہوا۔ دوسرے کوارٹر کا آغاز پُرسکون رہا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے دفاع میں گھسنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ دوسرے کوارٹر کے بیشتر حصے میں ہندوستان کا گیند پر بہتر قبضہ تھا۔ انہوں نے گول کرنے کے ممکنہ مواقع پیدا کیے اور بالتر تیب۲۰؍ویں اور۲۴؍ ویں منٹ میں ۲؍ پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن آئرش دفاع نے میزبان ٹیم کو گول کرنے سے روک دیا، اس طرح پہلا ہاف میں بھی کوئی گول نہیں ہوسکا۔
ہندوستان نے تیسرے کوارٹر میں گیند پر غلبہ برقرار رکھا، لیکن آئرش سرکل میں جگہ تلاش کرنے میں ناکام رہا۔ ٹیم انڈیا نے آخری کوارٹر کے آغاز میں عجلت کا مظاہرہ کیا اور فوری طور پر پنالٹی کارنر حاصل کیا، لیکن ہرمن پریت کی ڈریگ فلک کو آئرش گول کیپر نے روک دیا۔ انہیں ۵۱؍ ویں منٹ میں ایک بار پھر پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ ہندوستان نے آئرش دفاع پر دباؤ ڈالنا جاری رکھا اور ان کی کوششوں کا۶۰؍ ویں منٹ میں نتیجہ نکلا۔ میزبان ٹیم نے آخر کار گرجنت کے فیلڈ گول کے ذریعے تعطل کو توڑا۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم اب ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کا اگلامیچ کھیلنے کیلئے روڑکیلا جائے گی۔ ہندوستان کا ۱۹؍ فروری کو روڑکیلا لیگ کے اپنے پہلے میچ میں اسپین سے مقابلہ ہو گا۔