• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روہت شرما دوبارہ ممبئی انڈینس کے کپتان مقرر

Updated: November 28, 2026, 1:22 PM IST | Agency | Mumbai

روہت شرما ایک بار پھر ممبئی انڈینس کے کپتان ہوں گے۔ فرنچائز نے جمعہ کو اس کی تصدیق کی۔ اس فیصلے کے ساتھ ۳۹؍ سالہ روہت نے دوبارہ ٹیم کی قیادت سنبھال لی ہے۔

Rohit Sharma. Photo: INN
روہت شرما۔ تصویر: آئی این این

روہت شرما ایک بار پھر ممبئی انڈینس کے کپتان ہوں گے۔ فرنچائز نے جمعہ کو اس کی تصدیق کی۔ اس فیصلے کے ساتھ ۳۹؍ سالہ روہت نے دوبارہ ٹیم کی قیادت سنبھال لی ہے۔ ۳؍ سیزن قبل انہیں ہاردک پانڈیا نے کپتانی سے ہٹاکر ان کی جگہ لی تھی جبکہ ۲؍ ہفتے قبل ہاردک کو عرشدیپ سنگھ کے بدلے پنجاب کنگز کے ساتھ ٹریڈ کردیا گیا تھا۔

دوبارہ کپتان مقرر ہونے کے بعد روہت نے کہا’’ممبئی انڈینس میری زندگی کا ایک بہت بڑا حصہ رہی ہے اور اس ٹیم کی قیادت کرنا ہمیشہ میرے لئے باعثِ فخر رہا ہے۔ آنے والے سیزن کے حوالے سے نیتا بھابھی اور آکاش کے ساتھ بات چیت بہت دلچسپ رہی ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ ہم کیا کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔ میں ۲۰؍ویں سیزن اور اس میں درپیش چیلنجز کے لئے تیار ہوں۔ میری خواہش ہے کہ ہم اپنی پلٹن کو جشن منانے کے بہت سے مواقع فراہم کریں۔‘‘

اس تقرری کے ساتھ قیادت ایک بار پھر ایسے شخص کے ہاتھوں میں آگئی ہے جو ممبئی انڈینس کی کامیابیوں کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کرچکا ہے۔ روہت نے ۲۰۱۳ء  کے سیزن کے درمیان رکی پونٹنگ سے کپتانی سنبھالی تھی اور اسی سیزن میں ایڈن گارڈنز میں ٹیم کو خطاب دلایا تھا۔ اسی سال ممبئی نے چمپئن لیگ ٹی ۔۲۰؍ کا خطاب بھی جیتا۔ اس کے بعد ٹیم نے ۲۰۱۵ء، ۲۰۱۷ء، ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۰ء میں مزید ۴؍ آئی پی ایل خطاب اپنے نام کئے۔ اس طرح روہت، ایم ایس دھونی کے ساتھ،  ۵؍ مرتبہ خطاب جیتنے والے صرف ۲؍ کپتانوں میں شامل ہوگئے۔

یہ بھی پڑھئے: آسٹریلیا کو ہراکرانگلینڈ نے برتری حاصل کرلی، اوورٹن کی تباہ کن گیندبازی

روہت کی قیادت میں ممبئی انڈینس کبھی آئی پی ایل فائنل نہیں ہاری۔ ان ۵؍ خطابات میں سے ۲؍ ٹیم نے صرف ایک رن کے فرق سے جیتے تھے۔ ۲۰۱۷ء میں رائزنگ پونے سپر جائنٹ اور ۲۰۱۹ء میں چنئی سپر کنگز کے خلاف یہ دونوں فائنل حیدرآباد میں کھیلے گئے تھے۔ ۲۰۱۵ءمیں ممبئی نے اپنے ابتدائی ۶؍ میں سے ۵؍ میچ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے خطاب جیتا تھا۔ یہ واپسی ایسی ٹیم کی مثال بن گئی جو ریاضیاتی اعتبار سے مقابلے میں برقرار رہنے تک کبھی سیزن سے باہر نہیں ہوئی۔

۲۰۱۳ء سے ۲۰۲۳ء تک ۱۱؍ سیزن میں روہت نے ممبئی کی ۱۵۸؍ آئی پی ایل میچوں میں قیادت کی، جن میں ٹیم نے ۸۷؍ جیتے، ۶۷؍ ہارے اور ۴؍ میچ ٹائی رہے۔

ہاردک پانڈیا کو پنجاب کنگز کے ساتھ ٹریڈ کرنے کا فیصلہ ۱۱؍ نومبر کو باضابطہ طور پر سامنے آیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت عرشدیپ سنگھ ممبئی انڈینس میں شامل ہوگئے اور جسپریت بمراہ کے ساتھ ٹیم کے تیز گیندبازی کے شعبے کو مضبوط کریں گے۔ روہت نے ۲۰۲۴ءمیں ہندوستان کو ٹی ۔۲۰؍ورلڈ کپ کا خطاب دلانے کے بعد ٹی ۔۲۰؍بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، لیکن ہاردک کے دور میں بھی وہ ممبئی کے پہلی پسند کے اوپنر برقرار رہے۔ اب انہیں اپنے سابق ساتھی اور موجودہ ہیڈ کوچ کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر ۲۰۲۷ء کی نیلامی کے لئے حکمت عملی تیار کرنی ہوگی اور اس سائیکل کے آخری سیزن کی تیاری کرنی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK