میچ کے دوران نسلی تبصروں کو روکنے کےلئے انٹر نیشنل فٹ بال اسوسی ایشن بورڈ نے نئے قانون کو منظوری دی۔
EPAPER
Updated: May 01, 2026, 3:19 PM IST | Vancouver
میچ کے دوران نسلی تبصروں کو روکنے کےلئے انٹر نیشنل فٹ بال اسوسی ایشن بورڈ نے نئے قانون کو منظوری دی۔
وینکوور،(ایجنسی): چمپئن لیگ میچ کے دوران ونیسیس جونیئر کے خلاف کئےگئے مبینہ نسلی تبصروںکو سنجیدگی سے لیتے ہوئے، انٹرنیشنل فٹ بال اسوسی ایشن بورڈ (آئی ایف اے بی) نے ایک نئے قانون کی منظوری دی ہے۔ اس قانون کے تحت اگر کوئی کھلاڑی دوسرے کھلاڑی سے بحث کرتے وقت اپنا منہ ڈھانپتا ہے تو اسے ریڈ کارڈ دکھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: مصر: پہلوان عبداللہ حسونہ کے ’’ جوابی حملے‘‘ کے ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی
برٹش کولمبیا کے شہر وینکوور میںگزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں آئی ایف اے بی نے متفقہ طور پر اس قانون کی منظوری دے دی۔ یہ قانون ۱۱؍ جون سے شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ سے نافذ العمل ہوگا۔عالمی فٹ بال کی سب سے بڑی تنظیم فیفا نے اس قانون کی تجویز اس وقت پیش کی تھی جب ریئل میڈرڈ کے ونیسیس جونیئر نے فروری میں چمپئن لیگ میچ کے دوران بینفیکا کے جیانلوکا پریسٹیانی پر منہ ڈھانپ کر نسلی تبصرہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ یورپی فٹ بال کی تنظیم یوئیفا نے گزشتہ ہفتے پریسٹیانی پر ۶؍ میچوں کی پابندی عائد کر دی تھی۔ اگر پریسٹیانی کو ارجنٹائنا کی ورلڈ کپ ٹیم میں منتخب کیا جاتا ہے تو انہیں پہلے ۲؍ میچوں سے باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم اس پابندی کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔