Updated: June 15, 2026, 9:57 PM IST
| New York
مائیکروسافٹ کی کارپوریٹ نائب صدر واسو جکل کو ٹیکنالوجی میگزین نے ۲۰۲۶ء کے دنیا کے ۱۰؍ بااثر ترین ٹیکنالوجی لیڈروں میں شامل کیا ہے۔ ہندوستانی نژاد واسو جکل اس فہرست میں شامل واحد ہندوستانی ہیں اور انہیں ساتواں مقام دیا گیا ہے۔ وہ ایلون مسک، سیم آلٹ مین، جینسن ہوانگ اور دیگر عالمی ٹیکنالوجی شخصیات کے ساتھ فہرست کا حصہ بنی ہیں۔
مائیکروسافٹ کی سینئر ایگزیکٹو اور ہندوستانی نژاد ٹیکنالوجی لیڈر واسو جکل کو ۲۰۲۶ء کے لیے دنیا کے ۱۰؍ بااثر ترین ٹیکنالوجی انفلوئنسرز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ برطانیہ میں قائم ٹیکنالوجی میگزین کی جانب سے جاری کی گئی اس فہرست میں واسو جکل واحد ہندوستانی نژاد شخصیت ہیں جنہوں نے عالمی ٹیکنالوجی صنعت کی ممتاز شخصیات کے درمیان جگہ بنائی ہے۔ واسو جکل اس وقت مائیکروسافٹ میں سیکوریٹی، کمپلائنس، شناخت، مینجمنٹ اور پرائیویسی کی کارپوریٹ نائب صدر (CVP) کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہیں فہرست میں ساتواں مقام دیا گیا، جبکہ ان کے ساتھ دنیا کی معروف ٹیکنالوجی شخصیات، بشمول ایلون مسک، سیم آلٹ مین، جینسن ہوانگ، کارا سوئشر اور دیگر شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: فلم ’’مائیکل‘‘ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بایوپک، ایک بلین ڈالر کی طرف سفر جاری
فہرست میں شامل کیے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واسو جکل نے لنکڈ اِن پر لکھا کہ ’’جینسن ہوانگ، ایلون مسک، سیم آلٹ مین، ایلی ملر، مارکیز براؤنلی، ڈاکٹر مارسیل وولمر، سوسن ایٹلنگر اور کارا سوئشر جیسی شخصیات کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ایجنٹک اے آئی کے اس دور میں سائبر سیکوریٹی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہے اور سیکوریٹی سب کے لیے ہونی چاہیے۔‘‘ ٹیکنالوجی میگزین نے واسو جکل کو مائیکروسافٹ کے سیکوریٹی کاروبار کی قیادت کا سہرا دیا، جو سالانہ ۲۰؍ ارب ڈالر سے زائد آمدنی پیدا کرتا ہے۔ اشاعت کے مطابق انہوں نے مصنوعی ذہانت کو مائیکروسافٹ کے سیکوریٹی پلیٹ فارم میں ضم کر کے اداروں کے ڈجیٹل تحفظ کے طریقہ کار کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے۔
میگزین نے لکھا کہ واسو جکل کو ’’سیکوریٹی فار آل‘‘ کے فلسفے کے لیے جانا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ’’انہوں نے سیکوریٹی کو محض ایک اخراجاتی شعبہ نہیں بلکہ کاروباری ترقی کے ایک فعال محرک کے طور پر تبدیل کر دیا ہے۔‘‘ حال ہی میں یاہو فنانس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں واسو جکل نے سائبر سیکوریٹی میں مصنوعی ذہانت کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اے آئی محافظوں کو غیر معمولی صلاحیتیں فراہم کرتا ہے، لیکن سائبر حملہ آوروں کے ہاتھوں میں یہی اے آئی ایک نہایت طاقتور ہتھیار بھی بن سکتا ہے۔‘‘
انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر حفاظتی نظاموں کو جدید سیاق و سباق کے مطابق اپ گریڈ نہ کیا گیا تو سائبر جنگ میں حملہ آوروں کو غیر متناسب برتری حاصل ہو سکتی ہے۔ واسو جکل کے پاس ٹیکنالوجی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سیکوریٹی، موبلٹی اور انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) سمیت مختلف شعبوں میں دو دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ وہ خود کو ’’مقصد پر مبنی، صارف مرکز اور جدت پسند کاروباری رہنما‘‘ قرار دیتی ہیں۔ مائیکروسافٹ میں ۲۰۲۰ ءمیں شمولیت سے قبل واسو جکل نے سائبر سیکوریٹی کمپنی FireEye میں ایگزیکٹو نائب صدر اور چیف مارکیٹنگ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے متعدد بین الاقوامی اعزازات حاصل کیے۔ انہیں فوربز کی ’’نیکسٹ 50 CMO‘‘ فہرست اور سائبر سیکوریٹی کے شعبے کی بااثر خواتین لیڈروں میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے۳۰؍ سے زائد ممالک میں ۱۲۰؍ سے زیادہ بائیو لیب کو امداد دی: تلسی گبارڈ
ان کے پیشہ ورانہ سفر کا ایک بڑا حصہ امریکی چِپ ساز کمپنی انٹیل کے ساتھ وابستہ رہا، جہاں انہوں نے تقریباً ۱۲؍ برس تک مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں اور آخرکار پروڈکٹ مینجمنٹ اور مارکیٹنگ کے اعلیٰ عہدوں تک پہنچیں۔ تعلیمی اعتبار سے واسو جکل نے کالج آف انجینئرنگ پونے (COEP) سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بیچلر ڈگری حاصل کی، بعد ازاں یونیورسٹی آف مینیسوٹا سے ماسٹر آف سائنس مکمل کیا اور بعد میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے گریجویٹ اسکول آف بزنس سے بھی تعلیم حاصل کی۔ وہ اس وقت مائیکروسافٹ کے علاوہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنی Aptiv کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور غیر منافع بخش تنظیم امریکن انڈین فاؤنڈیشن (AIF) کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کی نمائندگی اور قیادت کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کرتی ہیں۔
۲۰۲۶ء کے ٹاپ ۱۰؍ ٹیکنالوجی انفلوئنسرز
Jensen Huang
Aleyda Miller
Sam Altman
Elon Musk
Efi Pylarinou
Kara Swisher
Vasu Jakkal
Marcel Vollmer
Susan Etlinger
Marques Brownlee