Updated: November 25, 2026, 10:00 PM IST
| London
انگلینڈ کے سابق اسٹار فٹبالر رحیم اسٹرلنگ کو خطرناک انداز میں گاڑی چلانے اور نشہ آور گیس کے استعمال سے متعلق جرائم کا اعتراف کرنے کے بعد عدالت نے ۱۲ ؍ماہ قید کی سزا سنائی ہے، تاہم یہ سزا ۱۸ ؍ماہ کے لیے معطل کردی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ انہیں فوری طور پر جیل نہیں جانا پڑے گا۔
رحیم اسٹرلنگ۔ تصویر:آئی این این
انگلینڈ کے سابق اسٹار فٹبالر رحیم اسٹرلنگ کو خطرناک انداز میں گاڑی چلانے اور نشہ آور گیس کے استعمال سے متعلق جرائم کا اعتراف کرنے کے بعد عدالت نے ۱۲ ؍ماہ قید کی سزا سنائی ہے، تاہم یہ سزا ۱۸ ؍ماہ کے لیے معطل کردی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ انہیں فوری طور پر جیل نہیں جانا پڑے گا، لیکن مقررہ مدت کے دوران عدالتی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں جیل بھیجا جاسکتا ہے۔ عدالت نے اسٹرلنگ کو ۱۰۰ ؍گھنٹے بلا معاوضہ سماجی خدمات انجام دینے اور دو سال تک گاڑی نہ چلانے کا بھی حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ بدھ ۲۵ ؍نومبر کو انگلینڈ کے شہر باسنگ اسٹوک کی مجسٹریٹس عدالت میں سنایا گیا۔
عدالتی کارروائی کے مطابق یہ واقعہ ۲۸ ؍مئی ۲۰۲۶ کو پیش آیا تھا، جب ۳۱ ؍سالہ رحیم اسٹرلنگ اپنی لامبورگینی یوروس (Lamborghini Urus) میں سفر کررہے تھے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے انگلینڈ کی مصروف شاہراہوں ایم ۲۵، ایم ۳، اے ۳۲۷ ؍اور منلی روڈ پر انتہائی خطرناک انداز میں گاڑی چلائی۔ گواہوں کے مطابق ان کی گاڑی سڑک پر کبھی ایک لین اور کبھی دوسری لین میں جارہی تھی، جس سے دیگر گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد کی سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہوگیا تھا۔استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ اسٹرلنگ دورانِ ڈرائیونگ ایک غبارے کے ذریعے نائٹرس آکسائیڈ (Nitrous Oxide) گیس بھی استعمال کررہے تھے۔ ایک خاتون گواہ نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے گاڑی میں ڈرائیور کو ایک بڑے سفید غبارے سے گیس استعمال کرتے دیکھا تھا اور ابتدا میں انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے گاڑی کا ایئر بیگ کھل گیا ہو۔ ان کے مطابق گاڑی کی ڈرائیونگ انتہائی خطرناک تھی اور انہیں خدشہ تھا کہ اس سے کسی کی جان بھی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:رام گوپال ورما نے کہا:’’میں مرنے کے بعد بھی زندہ رہوں گا!‘‘
رپورٹس کے مطابق خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کے بعد اسٹرلنگ کی لامبورگینی سڑک سے ہٹ کر کنارے پر نصب ایک نشان سے ٹکرا گئی، جس سے گاڑی کو کافی نقصان پہنچا۔ حادثے میں کسی دوسرے شخص یا گاڑی کے ملوث ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا۔ پولیس جب جائے حادثہ پر پہنچی تو اسٹرلنگ اپنی گاڑی کی مسافر نشست پر موجود تھے اور ان کے پاس نائٹرس آکسائیڈ کے دو کین بھی تھے۔اسٹرلنگ نے پولیس کو بتایا تھا کہ انہیں نائٹرس آکسائیڈ کے استعمال سے متعلق مسئلہ درپیش ہے۔ بعد میں انہوں نے عدالت میں خطرناک ڈرائیونگ، غلط استعمال کے لیے نائٹرس آکسائیڈ رکھنے اور پولیس کو مطلوبہ نمونہ فراہم نہ کرنے کے الزامات کا اعتراف کیا تھا۔
رحیم اسٹرلنگ نے ۱۵ ؍ستمبر کو عدالت میں اپنے خلاف عائد الزامات قبول کیے تھے۔ ان میں خطرناک ڈرائیونگ، غلط استعمال کے لیے نائٹرس آکسائیڈ کے چھ کین رکھنے اور تجزیے کے لیے مطلوبہ نمونہ فراہم نہ کرنے کا جرم شامل تھا۔ عدالت نے خطرناک ڈرائیونگ کے معاملے میں ۱۲ ماہ قید کی سزا سنائی، جسے ۱۸ ؍ماہ کے لیے معطل رکھا گیا۔ نمونہ فراہم نہ کرنے کے جرم میں مزید دو ماہ قید کی معطل سزا بھی سنائی گئی، تاہم یہ سزا پہلی سزا کے ساتھ بیک وقت چلے گی۔عدالت نے اسٹرلنگ کو دو سال کے لیے ڈرائیونگ سے نااہل قرار دیا ہے۔ انہیں ۱۰۰ ؍گھنٹے بلا معاوضہ سماجی خدمات بھی انجام دینی ہوں گی۔ اس کے علاوہ ۱۸۷ ؍پاؤنڈ وکٹم سرچارج اور ۸۵ ؍پاؤنڈ عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:بمراہ ٹیسٹ گیندبازی رینکنگ میں مشترکہ دوسرے مقام پر، ربادا چھٹے نمبر پر پہنچ گئے
سزا سناتے ہوئے ڈسٹرکٹ جج کرسٹی آلمن نے اسٹرلنگ کے سابقہ کردار، فلاحی سرگرمیوں اور جرم کے بعد اصلاح کی کوششوں کو بھی پیش نظر رکھا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اسٹرلنگ نے واقعہ کے بعد نشے کی عادت سے متعلق مدد حاصل کرنے کے لیے اقدامات کیے اور ایک بحالی مرکز میں رضاکارانہ طور پر ۱۲؍ دن قیام کیا۔ ان کے وکیل جیسن بارٹفیلڈ نے کہا کہ اسٹرلنگ نے اپنی زندگی میں بعض غیر صحت مند رویوں اور مسائل کو پہچانا ہے اور انہیں درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔عدالت میں ان کی فلاحی سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا گیا، جن میں رحیم اسٹرلنگ فاؤنڈیشن، آر ایس ۷ اکیڈمی اور نوجوانوں کی مدد کے لیے مختلف تعلیمی وظائف شامل ہیں۔ جج نے تاہم واضح کیا کہ اسٹرلنگ اپنے خطرناک طرزِ ڈرائیونگ کے لیے خود ذمہ دار ہیں اور انہوں نے دوسرے سڑک استعمال کرنے والوں کی سلامتی کو نظرانداز کیا۔
رحیم اسٹرلنگ انگلینڈ کے معروف فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کریئر میں انگلینڈ کی جانب سے ۸۲ ؍میچ کھیلے اور ۲۰ ؍گول اسکور کیے۔ وہ لیورپول، مانچسٹر سٹی، چیلسی اور آرسنل جیسے بڑے کلبوں کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ مانچسٹر سٹی کے ساتھ انہوں نے چار مرتبہ پریمیئر لیگ کا خطاب جیتا، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کو ۲۰۱۸ ءکے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور یورو ۲۰۲۰ ءکے فائنل تک پہنچانے میں بھی ان کا اہم کردار رہا۔اسٹرلنگ نے ۲۰۲۵-۲۶ ءکے سیزن میں مختصر مدت کے لیے نیدرلینڈز کے کلب فائنورڈ کی نمائندگی کی تھی، لیکن اس وقت وہ کسی بھی فٹبال کلب کے ساتھ معاہدے میں نہیں ہیں۔ انہیں ۲۰۲۱ ءمیں کھیلوں میں نسلی مساوات کے لیے خدمات انجام دینے پر ایم بی ای اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔