• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر مینوئل فریڈرک کا۷۸؍سال کی عمر میں انتقال

Updated: November 01, 2025, 2:21 PM IST | Agency | Kannur

ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اور کیرالہ کے پہلے اولمپک تمغہ یافتہ کھلاڑی مینوئل فریڈرک کا جمعہ کو بنگلور کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا۔

Manuel Frederick was awarded the Dhyan Chand Award. Photo: INN
مینوئل فریڈرک کو دھیان چند ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اور کیرالہ کے پہلے اولمپک تمغہ یافتہ کھلاڑی مینوئل فریڈرک کا جمعہ کو بنگلور کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ان کی عمر ۷۸؍ سال تھی۔ ان کی اہلیہ سیتھلا کا انتقال گزشتہ ستمبر میں ہو گیا تھا۔ ان کے پسماندگان میں ۲؍ بیٹیاں ہیں۔ ان کی آخری رسومات کل بنگلور میں ادا کی جائیں گی۔
مینوئل فریڈرک نے سروسز، موہن بگان اور بمبئی ہاکی ٹیموں کےلئے بطور گول کیپر کھیل پیش کیا۔ وہ ۱۹۷۲ءکے میونخ اولمپکس میں نیدرلینڈس کو شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے گول کیپر تھے۔ انہوں نے ۱۹۷۸ءمیں ارجنٹائنا میں  ہاکی ورلڈ کپ میں بھی ہندوستان کی نمائندگی کی، جس میں ٹیم چوتھے مقام پر رہی تھی۔ ۲۰۱۹ءمیں انہیں ہندوستانی کھیلوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دھیان چند ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
وہ ہاکی میں کیرالہ کیلئے اولمپک تمغہ جیتنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ ان کے ۴۹؍سال بعد کیرالہ کے پی  آر  سری جیش نے گول کیپر کے طور پر ۲۰۲۱ء اور ۲۰۲۴ءمیں ہندوستان کیلئے اولمپک کانسے کے تمغے جیتے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں کیرالہ حکومت نے ۲۰۱۹ء میں انہیں پالیامولّا میں مفت زمین اور مکان دیا تھا۔ ۲۰۱۹ءمیں کنور کارپوریشن نے ٹوکیو اولمپکس میں مردوں کی ہاکی میں ہندوستان کی کانسے کی کامیابی کے دن پَیَّمبلم بیچ-پالیامولّا روڈ کا نام تبدیل کر کے ’اولمپین مینوئل فریڈرک روڈ‘ رکھ دیا۔
کیرالہ کے وزیراعلیٰ پینارائی وجین نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مینوئل فریڈرک۱۹۷۱ ء سے ۱۹۷۸ء کے درمیان دنیا کے بہترین گول کیپروں میں شمار ہوتے تھے، جنہوں نے بغیر ہیلمٹ پہنے کئی پنالٹی اسٹروکس روکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فریڈرک نے اس وقت کیرالہ کیرالہ پہلا اولمپک کانسے کا تمغہ جیتا جب ریاست میں ہاکی زیادہ معروف نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں مینوئل فریڈرک کے اہلِ خانہ اور کھیل سے محبت کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK