شبھمن نے گزشتہ ایک سال سے ہندوستان کیلئےکوئی کوئی ٹی۲۰؍ میچ نہیں کھیلا ہے اور اس دوران دوسرے کھلاڑی ٹاپ آرڈر میں ان کی جگہ لے چکے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 15, 2025, 1:14 PM IST | Agency | New Delhi
شبھمن نے گزشتہ ایک سال سے ہندوستان کیلئےکوئی کوئی ٹی۲۰؍ میچ نہیں کھیلا ہے اور اس دوران دوسرے کھلاڑی ٹاپ آرڈر میں ان کی جگہ لے چکے ہیں۔
ٹیم انڈیا کے ٹیسٹ کپتان شبھ من گل کی جگہ ۳؍ میں سے۲؍فارمیٹ میں طے ہے، لیکن مختصر ترین فارمیٹ میں ان کی پوزیشن طے نہیں ہے۔ انہیں ۲۰۲۴ء کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی ۔ ایشیا کپ بھی ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں ہوگا۔ شبھ من نے گزشتہ ایک سال سے ہندوستان کیلئےکوئی کوئی ٹی۲۰؍ میچ نہیں کھیلا ہے، اس دوران دوسرے کھلاڑی ٹاپ آرڈر میں ان کی جگہ لے چکے ہیں۔ ایسے میں بڑا سوال یہ ہے کہ ہندوستان کے کپتان کو ایک فارمیٹ میں ٹی ۲۰؍ ٹیم میں جگہ ملے گی یا نہیں؟
گل بہترین فارم میں ہیں
شبھ من گل نے بھلے ہی ایک سال سے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل نہیں کھیلا ہو لیکن وہ اس عرصے کے دوران ون ڈے اور ٹیسٹ میں ہندوستان کے ہر اسکواڈ کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے صرف ۲؍ ماہ قبل آئی پی ایل میں بھی حصہ لیا تھا۔
گجرات ٹائٹنز کیلئے کھیلتے ہوئے انہوں نےگزشتہ سیزن میں ۶؍ نصف سنچریاں لگا کر ۶۵۰؍رن بنائے۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی ۱۵۵؍سے زیادہ رہا۔
آئی پی ایل میں گجرات کے کپتان بھی رہے
شبھ من آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کے کپتان بھی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ہاردک پانڈیا کے جانے کے بعد ٹیم کی کمان سنبھالی تھی۔۲۰۲۴ء میں ٹیم پلے آف میں جگہ نہیں بنا سکی لیکن اس سال اس نے ٹیم کو ٹاپ ۴؍میں جگہ دی۔ تاہم ٹیم کو ایلیمینیٹر میں ممبئی انڈینز کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔اس کے علاوہ وہ ہندوستان کی بھی ٹی ۲۰؍کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔ گل کو گزشتہ سال ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں موقع نہیں ملا تھا لیکن اس ٹورنامنٹ کے بعد ہندوستان کے ۳؍سینئر کھلاڑی وراٹ کوہلی، روہت شرما اور رویندر جدیجا نے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اگلی سیریز پھر زمبابوے کے خلاف تھی جس میں گل کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی۔ ہندوستان نے سیریز جیت لی تھی۔
زمبابوے سیریز کے بعد ٹیم سری لنکا کے دورے پر گئی، یہاں شبھ من کو نائب کپتان بنایا گیا۔ یعنی انتظامیہ انہیں وہائٹ بال فارمیٹ میں بھی کپتان کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ وہ ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں، جس میں ان کی جگہ مقرر ہے۔ تاہم، جب ہندوستان نے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی کھیلی تو اکشر پٹیل کو نائب کپتان بنایا گیا۔
شبھ من کو مصروف شیڈول کی وجہ سے آخری۲؍ سیریز میں مختصر فارمیٹ کی ٹیم سے آرام دیا گیا تھا۔ اب ایشیا کپ ہے جس کا فائنل۲۸؍ ستمبر کو ہوگا۔ اس کے صرف۴؍دن بعد ٹیم کو۲؍ اکتوبر سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کھیلنا ہے۔ جس میں شبھ من کپتانی کریں گے۔ ایسی صورتحال میں کام کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے شبھ من کو ایک بار پھر ٹی ٹوینٹی سے باہر رکھا جا سکتا ہے۔
شبھمن کی جگہ بھی طے نہیں ہے
شبھمن گل نے ٹی ٹوینٹی ٹیم میں اوپننگ کی۔ جب وہ اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے تو ابھیشیک شرما، یشسوی جیسوال اور سنجو سیمسن نے ان کی ذمہ داری سنبھالی۔ تینوں نے اس پوزیشن پر مایوس نہیں کیا، سیمسن نے۳؍، ابھیشیک نے۲؍ اور یشسوی نے ایک سنچری اسکور کی ۔ یشسوی بھی مصروف شیڈول کی وجہ سے آخری۲؍ سیریز کا حصہ نہیں بن سکے۔ اس دوران ابھیشیک اور سیمسن نے اس پوزیشن کو اپنا بنا لیا۔ سیمسن وکٹ کیپنگ بھی کرتے ہیں، اس لیے ان کی جگہ طے شدہ سمجھی جاتی ہے۔ شبھ من کی اصل دوڑ ابھیشیک، یشسوی اور رتوراج گائیکواڑ کے ساتھ ہے۔ ان سبھی نے ٹی۲۰؍ میں ہندوستان کیلئے سنچریاں اسکور کی ہیں۔