ہندوستان کی مرد اور خاتون کی ہاکی ٹیمیں آج سے ایشین گیمز میں اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔
EPAPER
Updated: September 20, 2026, 12:21 PM IST | Nagoya
ہندوستان کی مرد اور خاتون کی ہاکی ٹیمیں آج سے ایشین گیمز میں اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔
ہندوستانی مرد اور خواتین ہاکی ٹیمیں ۲۰؍ویں ایشیائی کھیلوں آئیچی۔ ناگویا ۲۰۲۶ء میں اپنی مہم شروع کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دونوں ٹیمیں ایک واضح ہدف کے ساتھ جاپان پہنچی ہیں، یعنی طلائی تمغے کے لئے چیلنج پیش کرنا اور لاس اینجلس ۲۰۲۸ء اولمپک کھیلوں کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنا۔ ہاکی مقابلے ککامی گہارا میں کھیلے جائیں گے، جہاں ہندوستانی مرد ٹیم ۲۰؍ستمبر کو انڈونیشیا کے خلاف اپنی مہم شروع کرے گی جبکہ خواتین کی ٹیم بھی اسی دن ازبکستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔
مردوں کی ٹیم کو انڈونیشیا، جنوبی کوریا، جاپان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ پول’ اے‘ میں رکھا گیا ہے جبکہ خواتین کی ٹیم ازبکستان، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، جاپان اور سنگاپور کے ساتھ پول’ بی‘ میں ہے۔ ہاکی ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں اپنی اپنی مہم کے بعد ایشیائی کھیل دونوں ٹیموں کے لئے مزید اہم ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی مرد ٹیم ورلڈ کپ میں آٹھویں مقام پر رہی جبکہ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے پانچویں مقام پر رہ کر ۵۲؍ برس میں ورلڈ کپ کی اپنی بہترین کارکردگی پیش کی۔ تاہم مختلف نتائج کے باوجود اس براعظمی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے دونوں ٹیموں کا نقطۂ نظر یکساں ہے، یعنی ورلڈ کپ سے سیکھنا، ضروری اصلاحات کرنا اور آئندہ کے کام پر پوری توجہ مرکوز کرنا۔
ہندوستانی مرد ٹیم کیلئے ایشیائی کھیل ۲۰۲۳ء میں ہانگژو ایشیائی کھیلوں میں جیتے گئے طلائی تمغے کا دفاع کرنے کا موقع ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے خطاب کے دفاع کی کوشش کیساتھ ۲۰۲۸ء اولمپک کھیلوں کے لئے براہ راست کوالیفکیشن کی اضافی ترغیب بھی جڑی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی مرد ٹیم موجودہ ایشیائی چمپئن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں اتر رہی ہے کیونکہ اس نے راج گیر میں ۲۰۲۵ءکا مینز ایشیا کپ جیتا تھا۔ اس کے ایشیائی ریکارڈ میں ایشیائی کھیلوں کے ۴؍ طلائی تمغے شامل ہیں، جن میں تازہ ترین کامیابی ۲۰۲۳ءمیں ہانگژو میں حاصل ہوئی تھی۔
دوسری جانب ہندوستانی خواتین کی ٹیم ہاکی ویمنز ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءمیں تاریخی طور پر پانچویں مقام پر رہنے کے بعد کافی جوش کے ساتھ ایشیائی کھیلوں میں اتر رہی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ میں ۵؍ دہائیوں سے زیادہ عرصے میں اس کی بہترین کارکردگی تھی۔ ٹیم نے ہیڈ کوچ شوآرڈ مارین کی قیادت میں نئے سرے سے ترقی کی ہے۔ مارین رواں سال کے آغاز میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم کے ساتھ دوبارہ وابستہ ہوئے اور جنوری۲۰۲۶ء میں انہیں ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان نے جاپان کو ہراکر سیمی فائنل میں قدم رکھا
ہندوستان کی مرد اور خاتون ٹیم کی مہم
ہندوستان اپنی پول’ اے‘ مہم کا آغاز ۲۰؍ ستمبر کو صبح ساڑھے ۱۱؍بجے انڈونیشیا کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد ۲۲؍ستمبر کو سری لنکا، ۲۴؍ ستمبر کو جنوبی کوریا، ۲۶؍ ستمبر کو جاپان اور ۲۸؍ ستمبر کو بنگلہ دیش کا سامنا کرے گا۔
ہندوستانی خواتین کی ٹیم ۲۰؍ ستمبر کو صبح ساڑھے ۷؍بجے ازبکستان کے خلاف اپنی پول ’بی ‘مہم شروع کرے گی۔ اس کے بعد ۲۱؍ ستمبر کو انڈونیشیا، ۲۳؍ستمبر کو تھائی لینڈ، ۲۵؍ ستمبر کو جاپان اور ۲۷؍ستمبر کو سنگاپور کے خلاف مقابلے کھیلے گی۔ پول مرحلے کے مقابلے ستمبر کے آخر تک جاری رہیں گے۔ سیمی فائنل ۲۸؍ اور ۳۰؍ ستمبر کو ہوں گے۔ خواتین کا طلائی تمغے کا مقابلہ ۲؍ اکتوبر کو جبکہ مردوں کا فائنل ۳؍اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔