ایشین گیمز میں ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو ۸؍وکٹوں سے شکست دی،سری چرنی اور شیفالی ورما کی شاندار کارکردگی۔
EPAPER
Updated: September 19, 2026, 11:58 AM IST | Agency | Nashin
ایشین گیمز میں ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو ۸؍وکٹوں سے شکست دی،سری چرنی اور شیفالی ورما کی شاندار کارکردگی۔
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے سری چرنی کی شاندار گیندبازی اور شیفالی ورما کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت جمعہ کو ایشین گیمز کرکٹ مقابلے کے چوتھے کوارٹر فائنل میں جاپان کو ۹۰؍گیندیں باقی رہتے ۸؍ وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
جاپان کی ٹیم ۱۹ء۵؍اوور میں ۵۷؍ رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں ہندوستان نے صرف ۵؍ اوور میں ۲؍ وکٹ پر ۵۹؍ رن بنا کر میچ ۸؍ وکٹ سے جیت لیا۔ اب سیمی فائنل میں ۲۰؍ ستمبر کو ہندوستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اسی دن پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
یہ بھی پڑھئے:تیسراٹی۔۲۰ :افغانستان کے خلاف ابھیشیک شرما کی طوفانی سنچری
جاپان کی اننگز
ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ جاپان کی ٹیم ۱۹ء۵؍اوور میں ۵۷؍ رنوں پر سمٹ گئی تھی۔ ٹیم کو پہلا جھٹکا ساتویں اوور میں لگا ۔ تاہم، اس کے بعد جیسے ہی پہلا وکٹ گرا، جاپان کی اننگز تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ ہارونا ایواساکی ۱۰؍رن، ایاکا کاتو اسٹافورڈ ۴۷؍ گیندوں میں ۲۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔انہوںنے اپنی اننگز میں ۲؍چوکے مارے۔ ان دونوں اوپنرز نے ہی ٹیم کے لئے سب سے زیادہ رن بنائے۔ اس کے بعد کپتان مائی یاناگیدا اپنا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹیں۔وہیں، ایریکا اوڈا ۵؍ رن، شماکو کاتو ۳؍ رن، اکاری نشیمورا کانو ۲؍رن، ہیناسی گوتو ایک رن بنا سکیں۔ اہلیہ چندیل اور ایریکا توگوچی کوئن اپنا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستان کے لئے شری چرنی نے۱۰؍رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں، وہیں شیفالی ورما کو۲؍ وکٹیں ملیں۔ شرینکا پپاٹل اور دیپتی شرما کو ایک ایک وکٹ ملا۔
یہ بھی پڑھئے:دراوڑ اور سہواگ کی بدولت انڈیاانڈر۔۱۹؍ٹیم نے آسٹریلیا کو ہرادیا
ہندوستانی اننگز
ٹیم انڈیا کے انتظامیہ نے اس میچ میں تجربہ کیا تھا اور خراب فارم میں چل رہی کھلاڑیوں کو شروع میں بھیجا ۔ تاہم یہ فیصلہ کامیاب ثابت نہیں ہوا۔ شیفالی کے ساتھ اوپننگ کےلئے میدان پر اتری گنالن کمالینی اپناکھاتہنہیں کھول سکیں جبکہ تیسرے نمبر پر اتری بھارتی پھول مالی ۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ جاپان کی طرف سے نونوہا یاسوموتو اور ایاکا اسٹافورڈ نے ایک ایک وکٹ لیا۔
سری لنکا نے ملائیشیا کوہرادیا
کپتان چامری اٹاپٹو (۶۳؍رن، ۲؍ وکٹیں) اور کویشا دلہاری (ناٹ آؤٹ ۴۴؍رن، ۲؍ وکٹیں) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت سری لنکا کی خواتین ٹیم نے جمعہ کو ایشین گیمز کے تیسرے کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کو ۸۶؍ رنوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے سست آغاز کیا اور پہلے ۴؍ اوور میں صرف ۱۰؍ رن بنائے تھے۔سری لنکا نے ۴؍ وکٹوں پر ۱۶۰؍ رن بنائے۔ملائیشیا کی ٹیم سری لنکا کے گیندبازوں کے سامنے مسلسل جدوجہد کرتی رہی اور ٹیم ۷؍ وکٹوں پر ۷۴؍ رن ہی بناسکی۔ اس جیت کے ساتھ سری لنکا نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔