• Fri, 12 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حکومت کا موقف واضح، ٹیم انڈیا کو پاکستان سے میچ کھیلنا پڑے گا

Updated: September 12, 2025, 4:46 PM IST | New Delhi

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں۱۴؍ ستمبر کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ سے قبل آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے تعلقات کے حوالے سے صورتحال واضح کردی ہے۔ ہندوستا ن کو ان کے ساتھ کھیلنا پڑے گا۔

Arun Dhumal.Photo:INN
ارون دھومل۔ تصویر:آئی این این

متحدہ عرب امارات (یو اے ای)میں جاری ایشیا کپ۲۰۲۵ء میں۱۴؍ ستمبر کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے  میچ سے پہلے، آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل نے جمعہ کو کہا کہ حکومت نے پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے تعلقات کے حوالے سے صورتحال واضح کر دی ہے۔ ارون دھومل کے مطابق حکومت نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کو اے سی سی اور آئی سی سی ٹورنامنٹس میں پاکستان کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔
اپریل میں پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں۲۶؍ سیاحوں کی ہلاکت اور ہندوستانی فوج کے آپریشن سیندور کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کشیدگی کے بعد پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے  کے تعلق سے  ہندوستان میں سوشل میڈیا پر شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔ ہندوستان کے  اسپنر ہربھجن سنگھ نے جمعرات کو کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس وقت تک کوئی کرکٹ یا تجارت نہیں ہونی چاہئے جب تک ان کے باہمی تعلقات بہتر نہیں ہوتے۔ اس سے قبل ہربھجن  ہندوستان  کی  چمپئن  ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے جولائی میں انگلینڈ میں ہونے والی ورلڈ لیجنڈز چمپئن  شپ میں پاکستان کے خلاف سیمی فائنل نہیں کھیلا تھا۔
 پہلگام حملے کے بعد گزشتہ ماہ ہی بھارتی حکومت نے پہلی بار پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے تعلقات کے حوالے سے ایک پالیسی بنائی تھی، جس کے تحت  ہندوستان  پاکستان کے ساتھ کسی بھی کھیل میں دو طرفہ ٹورنامنٹ نہیں کھیلے گا، چاہے وہ غیر جانبدار مقام پر ہی کیوں نہ ہوں، لیکن اسے کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں کھیلنا پڑے گا۔
 دھومل نے `پلے کام۲۰۲۵ء سمٹ کے موقع پر صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’میں ہندوستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ ہندوستانی حکومت نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے کے حوالے سے صورتحال واضح کردی ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ ٹورنامنٹ نہیں کھیلیں گے، لیکن ہمیں اے سی سی یا آئی سی سی ٹرافی کھیلنی ہوگی۔ ہم حکومت کے مشورے پر عمل کریں گے۔‘‘ بی سی سی آئی کے صدر کے انتخاب کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا کہ ’’نامزدگی کا عمل ایک ہفتے کے اندر شروع ہو جائے گا، تب ہی ہمیں واضح تصویر ملے گی کہ اگلا صدر کون ہو گا۔‘‘ حکومت کی جانب سے آن لائن گیمنگ پر پابندی کے بعد ہندوستانی ٹیم کے ٹائٹل اسپانسر ڈریم۱۱؍ کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ  `جو کچھ ہوا وہ ہو گیا (ڈریم ۱۱) ، میں اس کے بارے میں بات چیت نہیں کرنا چاہتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK