۲۰۲۲ءمیں جب ہری کرشنن نے چنئی میں گرینڈ ماسٹر شیام سندر موہن راج کی اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی تو ان کے کوچ نے سب سے پہلے ان کی گنتی کی مہارت کو سراہا تھا۔
EPAPER
Updated: July 14, 2025, 12:17 PM IST | Agency | New Delhi
۲۰۲۲ءمیں جب ہری کرشنن نے چنئی میں گرینڈ ماسٹر شیام سندر موہن راج کی اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی تو ان کے کوچ نے سب سے پہلے ان کی گنتی کی مہارت کو سراہا تھا۔
۲۰۲۲ءمیں جب ہری کرشنن نے چنئی میں گرینڈ ماسٹر شیام سندر موہن راج کی اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی تو ان کے کوچ نے سب سے پہلے ان کی گنتی کی مہارت کو سراہا تھا۔ ۲۴؍ سالہ ہری کرشنن نے فرانس کے لا پلین بین الاقوامی شطرنج فیسٹیول میں اپنا تیسرا گرینڈ ماسٹر نارم حاصل کر کے ملک کے ۸۷؍ویں گرینڈ ماسٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا، جس پر موہن راج کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا، کیونکہ ان کی اکیڈمی کے ۲؍ کھلاڑی چند مہینوں کے اندر گرینڈ ماسٹر بن چکے ہیں۔
چنئی سے تعلق رکھنے والے ہری کرشنن نے اپنا پہلا گرینڈ ماسٹر نارم کچھ سال پہلے حاصل کیا تھا اور پھر اسپین میں آندوجار اوپن میں دوسرا نارم حاصل کیا۔ شری ہری ایل آر ہندوستان کے ۸۶؍ ویں گرانڈ ماسٹر تھے اور اب ہری کرشنن نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔موہن راج نے اس وقت کو یاد کیا جب وہ ایک سال سے زیادہ عرصے تک کوئی گرینڈ ماسٹر تیار نہیں کر پائے تھے۔ انہوں نے کہا’’۲؍ مہینوں میں ہی اکیڈمی نے ۲؍ گرینڈ ماسٹرز تیار کر دئیے ہیں۔ پچھلے دو تین برسوں سے جن گرینڈ ماسٹرز کو میں مسلسل تربیت دے رہا ہوں، ان کی وجہ سے یہ بہت اچھا لگ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ میرے اور ہری کرشنن دونوں کے لئے بڑی راحت کی بات ہے کیونکہ وہ مسلسل ۲؍ گرینڈ ماسٹر نارم گنوا چکے تھے۔‘‘
موہن راج کو وہ وقت یاد ہے جب بین الاقوامی ماسٹر بن چکے ہری کرشنن گرینڈ ماسٹر بننے کیلئے رہنمائی حاصل کرنے ان کی اکیڈمی میں آئے تھے۔ انہوں نے بتایا’’وہ شاید اکتوبر ۲۰۲۲ء کے آخر میں میرے پاس آئے تھے۔ وہ ایک بہت مضبوط بین الاقوامی ماسٹر تھے۔ اس وقت میری اکیڈمی میں باقاعدہ کیمپ میں مزید بین الاقوامی ماسٹرز آنے لگے تھے۔ ہری کرشنن ابتدائی لوگوں میں سے ایک تھے۔ پھر آہستہ آہستہ تقریباً ۱۰؍سے ۱۵؍ ان کے جیسی سطح کے دیگر کھلاڑی بھی شامل ہو گئے۔موہن راج نے مزید کہا’’میں کہوں گا کہ اس کی سب سے بڑی خوبی اس کی گنتی کی مہارت ہے۔ لیکن جب میں اسے تربیت دے رہا تھا تو میں نے یقینی بنایا کہ وہ ڈائنامکس میں بھی اچھا ہو۔ پھر آہستہ آہستہ وہ حکمت عملی میں بھی ماہر ہو گیا۔‘‘ موہن راج کا خیال ہے کہ ہری کرشنن کو اب۲۵۵۰؍سے ۲۶۰۰؍کی ریٹنگ کا ہدف رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا ’’قریب مستقبل میں مجھے امید ہے کہ وہ ۲۵۵۰؍اور ۲۶۰۰؍ریٹنگ پوائنٹ کو عبور کر لیں گے۔