• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہاردک پانڈیا کی بلہ سے دَمدار کارکردگی

Updated: November 30, 2024, 2:05 PM IST | Agency | Indore

ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر نے ایک اوور میں ۲۸؍ رن بنائے اور ۵؍چھکے بھی لگائے۔ میچ میں ان کے بھائی کرونال نے۲؍وکٹ لئے۔

Hardik Pandya. Photo: INN
ہاردک پانڈیا۔ تصویر : آئی این این

ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے بائیں ہاتھ کے اسپنر پرویز سلطان کے ایک اوور میں۲۸؍ رن اور ۵؍ چھکے لگا کر اپنی عمدہ بیٹنگ فارم کو جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو یہاں سید مشتاق علی ٹرافی ٹی ۲۰؍کے گروپ بی کے میچ میں بڑودہ نے تریپورہ کو ۷؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ صرف۱۱۰؍ رن کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے  بڑودہ کی ٹیم نے ہاردک کے۲۳؍ گیندوں پر۴۷؍ رن کی مدد سے صرف۱۱ء۲؍ اوور میں حاصل کر لیا۔
 اس سے قبل  ان کے بڑے بھائی کرونال  پانڈیا نے نئی گیند پر۲۲؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ہاردک پانڈیا نے گراؤنڈ میں بیٹھے تماشائیوں کو پوری طرح محظوظ کیا۔ انہوں نے لانگ آف اور ایکسٹرا کور پر سلطان کے اوور میں۳؍ چھکے اور کاؤ کارن کے اوور میں ۲؍ چھکے لگائے۔ ہاردک نے سید مشتاق علی ٹی۲۰؍ ٹورنامنٹ کا اب تک شاندار مقابلہ کیا ہے اور بڑودہ کی چاروں جیت میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ان میچوں میں  ناٹ آؤٹ ۷۴ ،  ناٹ آؤٹ۴۱ ،۶۹؍ رن اور۴۷؍ رن  بنائے۔ انہوں نے ۲؍ وکٹ بھی لئے ہیں۔دوسری طرف  حیدرآباد میں گروپ ای کے میچ میں کیرالہ نے ممبئی کو۴۳؍ رن سے شکست دی جس میں شاردُل ٹھاکر نے سید مشتاق علی ٹرافی ٹی  ۲۰؍ کی تاریخ کی بدترین بولنگ کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انڈین پریمیر لیگ کی نیلامی میں نظر انداز کئے جانے کے بعد ٹھاکر نے ۴؍ اوورس میں۶۹؍ رن دیئے۔ ٹھاکر نے میچ کے آغاز میں سنجو سیمسن  (۴؍رن) کا وکٹ لیا لیکن پھر ان کی گیندوں پر ۶؍چھکے اور ۵؍ چوکے لگے۔
 سلمان نذر نے۴۹؍ گیندوں پر۸؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۹۹؍ رن بنائے، جس نے اجنکیا رہانے کی۳۵؍ گیندوں پر۶۸؍ رن کی اننگز کو چھپا دیا۔ کیرالہ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سلمان اور روہن کنومل (۴۸؍ گیندوں پر ۸۷؍ رن، ۷؍ چھکے) کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے  صرف۱۳ء۲؍ اوور میں۱۴۰؍ رن کی شراکت کے ساتھ ۵؍ وکٹ  پر۲۳۴؍ رن بنائے۔ جواب میں ممبئی کی ٹیم رہانے کی اننگز کے باوجود ۹؍ وکٹ پر صرف۱۹۱؍ رن بنا سکی۔ پرتھوی شا نے ۱۳؍ گیندوں پر۲۳؍ رن بنا کر اچھی شروعات کی لیکن اچھی شروعات کے باوجود شریاس ایّر۱۸؍ گیندوں پر۳۲؍ رن ہی بنا سکے۔ ممبئی میں گروپ سی کے میچ میں دہلی نے منی پور پر ۴؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی جس میں اوپنر یش دھول نے۵۱؍ گیندوں پر۵۹؍ رن کی اننگز کھیلی۔ دہلی نے اپنے تمام ۱۱؍کھلاڑیوں کو بولنگ  کے لئے  استعمال کیا جس میں باقاعدہ وکٹ کیپر انوج راوت بھی شامل ہیں۔
 ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی منی پور کی ٹیم۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ پر صرف ۱۲۰؍ رن  بنا سکی جس میں اس کے وکٹ کیپر بلے باز احمد شاہ نے۳۲؍ رن بنائے۔ شاہ کے علاوہ کپتان ریکس سنگھ نے۲۳؍  رن بنائے۔ دہلی کے کپتان آیوش بدونی نے بھی اپنے وکٹ کیپر راوت کو ایک اوور کروایا۔ لیفٹ آرم اسپنر ہرش تیاگی اور آف اسپنر دگویش سنگھ نے۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ دہلی نے یہ ہدف۱۸ء۳؍ اوور میں حاصل کر لیا جس میں دھول کی اننگز اہم تھی جس میں ۸؍ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے اس میچ میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ 

 دہلی نے ٹی۲۰؍ کرکٹ میں انوکھا ریکارڈ بنا ڈالا
ایک منفرد کارنامے میں  دہلی مردوں کی ٹی ۲۰؍ کرکٹ کی تاریخ کی پہلی ٹیم بن گئی جس نے جمعہ کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں منی پور کے خلاف سید مشتاق علی ٹرافی میچ کے دوران تمام۱۱؍ کھلاڑیوں کو گیند بازی کے لیے استعمال کیا۔
 آیوش بدونی کی قیادت والی دہلی نے پہلے کبھی نہ دیکھی جانے والی حکمت عملی کے تحت اس بات کو یقینی بنایا کہ اس کے تمام کھلاڑی پہلے گیند کرنے کے بعد کم از کم ایک اوور کریں، اس طرح ایک اننگز میں زیادہ سے زیادہ۹؍ گیند بازوں نے پچھلے ریکارڈ کوتوڑ دیا۔  ہرش تیاگی اور دگویش راٹھی نے۲۔۲؍وکٹ  جبکہ بدونی، آیوش سنگھ اور پریانش آریہ نے اپنی تیز گیند بازی کی مہارت کا مظاہرہ کیا اور ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ مینک راوت، ہمت سنگھ اور انوج راوت وکٹ لینے میں ناکام رہے اور۱۰؍ سے زیادہ کی اکنامی ریٹ کے ساتھ مہنگے ثابت ہوئے، منی پور کو۸؍وکٹ کے نقصان پر ۱۲۰؍رن تک محدود رکھا۔ جواب میں دہلی نے اوپنر یش دھول کے ناٹ آؤٹ ۵۹؍ رن کی بدولت۱۹؍ اوور میں ۶؍ وکٹ گنوا کر ہدف حاصل کر لیا، جو ایک وقت میں۴؍وکٹ پر ۴۴؍رن  تھا۔ دہلی گروپ سی میں ۴؍ میچوں میں ۴؍ جیت کے ساتھ  اچھی پوزیشن میںہے۔ اس کے پاس فی الحال۱۲؍ پوائنٹس ہیں اور وہ ہریانہ، اتر پردیش اور ہماچل پردیش سے آگے ہے جو سبھی۸؍ پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK