• Thu, 22 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہیری بروک نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا تیز ترین دُہرا سیکڑہ بنا ڈالا

Updated: October 22, 2026, 8:02 PM IST | London

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کا تیز ترین دوہرا سنچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

Harry Brook.Photo:INN
ہیری بروک۔ تصویر:آئی این این

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کا تیز ترین دوہرا سنچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ پاکستان کے شہر راولپنڈی میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے مقابلے میں بروک نے محض۱۱۴؍  گیندوں پر ۲۰۰؍ رنز مکمل کیے اور ہندوستانی کپتان شبھ من گل کا حال ہی میں قائم کیا گیا ریکارڈ توڑ دیا۔ بروک نے مجموعی طور پر ۱۱۶؍ گیندوں پر ۲۰۲؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ۲۱؍ چوکے اور ۱۰؍ چھکے شامل تھے۔ ان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ ۵۰؍ اوورز میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۴۲۹؍ رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ 


ہیری بروک نے یہ کارنامہ انجام دے کر ہندوستانی بلے باز شبھ من گل کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے ۳۰؍ ستمبر  ۲۰۲۶ءکو ویسٹ انڈیز کے خلاف گوہاٹی میں ۱۱۷؍ گیندوں پر دُہرا سنچری مکمل کیا تھا۔ گل نے اس مقابلے میں ناٹ آؤٹ ۲۲۳؍  رنز بنائے تھے اور اس وقت ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین دوہری سنچری کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ تاہم، بروک نے صرف  ۲۲؍ دن بعد یہ اعزاز حاصل کرکے ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیائی فاسٹ بولر میگن شٹ پر دو میچوں کی پابندی عائد

ہیری بروک ون ڈے بین الاقوامی کرکٹ میں دُہری سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے انگلینڈ کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ بین اسٹوکس کے پاس تھا، جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف  ۱۸۲؍ رنز بنائے تھے۔ بروک نے ۲۰۲؍ رنز کی اننگز کھیل کر اس قومی ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ 
 بروک نے اننگز کے ابتدائی مرحلے میں محتاط انداز اختیار کیا اور ۲۴؍ گیندوں پر ۱۳؍ رنز بنائے، لیکن وکٹ پر جم جانے کے بعد انہوں نے اپنی بیٹنگ کی رفتار تیز کردی۔ انہوں نے میدان کے چاروں جانب دلکش شاٹس کھیلے اور سری لنکا کے گیند بازوں کو دباؤ میں ڈال دیا۔ ان کی اننگز میں طاقتور چھکوں کے ساتھ اختراعی شاٹس بھی شامل تھے، جنہوں نے انگلینڈ کے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ بروک نے اپنی سنچری ۷۵؍ گیندوں پر مکمل کی، جبکہ اس کے بعد مزید جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ۱۱۴؍ گیندوں میں ۲۰۰؍ رنز کا سنگ میل عبور کرلیا۔ وہ اننگز کی آخری گیند پر جینتھ لیاناگے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، لیکن اس وقت تک انگلینڈ کو ایک مضبوط پوزیشن میں پہنچا چکے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے:دلجیت دوسانجھ کے دہلی کنسرٹ کو پولیس کی اجازت دینے سے انکار

انگلینڈ کی بڑی اننگز میں ہیری بروک کے علاوہ جو روٹ اور ول جیکس نے بھی نمایاں تعاون کیا۔ جو روٹ نے ۶۹؍رنز بنائے، جبکہ ٹام بینٹن نے ۵۰؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ ول جیکس نے آخری مرحلے میں تیز رفتار بلے بازی کرتے ہوئے ۲۴؍ گیندوں پر ۶۶؍ رنز بناکر ٹیم کے مجموعے کو۴۲۹؍رن  تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 
انگلینڈ کا ۴۲۹؍ رنز کا مجموعہ سری لنکا کے لیے ایک مشکل ہدف ثابت ہوا۔ بروک کی ریکارڈ ساز اننگز نے نہ صرف انگلینڈ کو بڑی برتری دلائی بلکہ جدید ون ڈے کرکٹ میں تیزی سے رنز بنانے کے رجحان کو بھی نمایاں کردیا۔ ہیری بروک کی یہ کارکردگی ان کے کریئر کی یادگار اننگز میں شمار کی جائے گی۔ انہوں نے ایک ہی مقابلے میں انگلینڈ کے لیے پہلی ون ڈے دوہری سنچری بنانے اور عالمی سطح پر تیز ترین دُہری سنچری کا ریکارڈ قائم کرنے جیسے اہم اعزازات حاصل کیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK