انگلینڈ کے کرکٹر ہیری بروک نے کہاکہ جوروٹ نے ٹیسٹ سیریز میں بہت اچھی بلے بازی کی تھی اس لئے گمبھیر کو ان کا نام لینا چاہئے تھا
EPAPER
Updated: August 06, 2025, 10:10 PM IST | London
انگلینڈ کے کرکٹر ہیری بروک نے کہاکہ جوروٹ نے ٹیسٹ سیریز میں بہت اچھی بلے بازی کی تھی اس لئے گمبھیر کو ان کا نام لینا چاہئے تھا
انگلینڈ کے اسٹار بلے باز ہیری بروک نے ہندوستانی کوچ گوتم گمبھیر کی جانب سے انہیں پلیئر آف دی سیریز منتخب کرنے کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ۵؍ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی پر جو روٹ کو جانا چاہیے تھا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز۲۔۲؍ سے برابری پر ختم ہونے کے بعد، ہر ٹیم کے کوچ نے پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ کے لیے مخالف ٹیم سے ایک کھلاڑی کا انتخاب کیا تھا۔
جہاں انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے ہندوستانی کپتان شبھ من گل کا انتخاب کیا، گمبھیر نے بروک کو انگلینڈ کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا۔ ہیری بروک نے آخری ٹیسٹ کے چوتھے دن۹۸؍ گیندوں پر۱۱۱؍ رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیل کر انگلینڈ کو ریکارڈ ہدف کے تعاقب کے دہانے پر پہنچا دیا تھا تاہم مہمان ٹیم ۶۶؍رن پر ۷؍ وکٹ گنوا کر میچ۶؍ رن سے ہار گئی۔
یہ بھی پڑھیئے:ایشیاکپ: سراج اور بمراہ کے مابین انتخاب کا مقابلہ
بروک نے کہاکہ `میں نے روٹی (جو روٹ) جتنے رن نہیں بنائے، اس لیے میرے خیال میں انہیں دوبارہ مین آف دی سیریز اور مین آف دی سمر قرار دیا جانا چاہیے، جیسا کہ وہ کئی برسوں سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ `مجھے لگتا ہے کہ ہم ایک بہترین پوزیشن میں ہیں۔ ظاہر ہے، یہ ایک زبردست سلسلہ رہا ہے۔ سچ پوچھیں تو میں نے نہیں سوچا تھا کہ ایسا ہو گا اور سیریز ۲۔۲؍ کے اسکور سے ڈراہوجائے گی۔ بروک نے ۵؍ میچوں کی سیریز میں۴۴ء۵۳؍کے اوسط سے۴۸۱؍ رن بنائے۔ روٹ نے۱۲ء۶۷؍کے اوسط سے۵۳۷؍ رن بنائے ہیں۔
خیال رہے کہ ۵؍ویں ٹیسٹ میں انگلینڈ کے پاس محمد سراج کے حملے کا کوئی جواب نہیں تھا کیونکہ انہوں نے ۵؍ویں دن ۲۵؍ گیندوں پر صرف۹؍ رن کے عوض ۳؍ وکٹ لے کر انگلینڈ کے نچلے آرڈر کو ختم کر دیا۔ سراج نے ہندوستان کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے گس اٹکنسن کو آف اسٹمپ پر بولڈ کیا اور ہندوستانی کرکٹ تاریخ کے اہم باب میں شامل ہوگئے۔