پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے ۹؍وکٹ لئے۔ نیوزی لینڈ کو دوسری اننگز میں انتہائی معمولی ہدف ملا تھا اور اس نے ایک وکٹ پر اسے حاصل کرلیا۔
EPAPER
Updated: August 02, 2025, 12:21 PM IST | Agency | Bulawayo
پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے ۹؍وکٹ لئے۔ نیوزی لینڈ کو دوسری اننگز میں انتہائی معمولی ہدف ملا تھا اور اس نے ایک وکٹ پر اسے حاصل کرلیا۔
میٹ ہنری کے مجموعی طور پر۹؍ وکٹ اور مشیل سینٹنر کے ۴؍ وکٹ کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعہ کو پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن زمبابوے کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
زمبابوے نے دوسری اننگز کا آغاز جمعرات کے اسکور ۲؍ وکٹ پر۳۱؍ رن سے کیا۔ صبح کے سیشن میں ولیم اورُرک نے نک ولیچ (۴) اور ونسنٹ ماسیکیسہ (۲) کو آؤٹ کر کے زمبابوے پر دباؤ بنانے کی کوشش کی تاہم اس کے بعد شان ولیمز اور کپتان کریگ اروِن نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان ۵؍ویں وکٹ کے لیے۵۷؍رن کی شراکت ہوئی۔
مشیل سینٹنر نے شان ولیمز کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ولیمز نے۶۶؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے۴۹؍ رن بنائے۔ اس کے بعد میٹ ہنری نے کریگ اروِن (۲۲؍رن) اور سکندر رضا (۵) کو پویلین بھیج دیا۔بعد میں نیومین نیامہوری (ایک)، بلیسنگ مزربانی (۱۹؍رن) اور ٹی تِسگا (۲۷؍رن) کو بھی آؤٹ کر کے زمبابوے کو۶۷ء۱؍ اوورس میں محض۱۶۵؍ رن پر آل آؤٹ کر دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مشیل سینٹنر نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ ولیم اورورک اور میٹ ہنری نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں بلے بازی کرتے ہوئے صرف ایک اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ۸؍ رن بنائے اور میچ نو وکٹوں سے جیت لیا۔ میٹ ہنری کو ان کی عمدہ گیندبازی پر `پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔ اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں۱۴۹؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی تھی ۔ پہلی اننگز میں میٹ ہنری نے ۶؍ وکٹ لئے تھے۔